Inquilab Logo Happiest Places to Work

انشو ملک نے کشتی مقابلوں میں متعدد تمغے حاصل کئے

Updated: August 06, 2025, 11:56 AM IST | Agency | New Delhi

خواتین کے زمرے میں عالمی چیمپئن شپ میںچاندی کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی پہلوان انشو ملک ایک ہندوستانی فری اسٹائل پہلوان ہیں۔ انشو ملک جونیئر اور سینئر دونوں سطحوں پرایشیائی چیمپئن ہیں۔

Anshu Malik showing off his medal. Photo: INN
انشو ملک اپنا میڈل دکھاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

خواتین کے زمرے میں عالمی چیمپئن شپ میںچاندی کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی پہلوان انشو ملک ایک ہندوستانی فری اسٹائل پہلوان ہیں۔ انشو ملک جونیئر اور سینئر دونوں سطحوں پرایشیائی چیمپئن ہیں۔ انشو ملک ہندوستانی خواتین کشتی کا چمکتا ہوا ستارہ ہیں۔ انشو ملک ایک ایسا نام ہےجو ہندوستانی ریسلنگ کی دنیا میں دھوم مچا رہی ہیں۔ یہ باصلاحیت نوجوان پہلوان بین الاقوامی سطح پرریکارڈتوڑ کر تمغے جیت کر ملک کا سر فخر سےبلند کر رہی ہیں۔ انشو ملک ۵؍اگست۲۰۰۱ءمیں پیداہوئیں۔ وہ ایک جاٹ ملک خاندان میں پیداہوئیں۔ وہ پہلوانوں کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ انشو کے والد دھرم ویر ملک خود ایک بین الاقوامی پہلوان رہ چکےہیں اور سی آئی ایس ایف کے ساتھ کام کرتے تھے۔ ان کے والد دھرم ویرنے ۱۹۹۰ءکی دہائی میں ہندوستانی جونیئر ریسلنگ ٹیم کی نمائندگی کی اور یہ کھیل ان کےگاؤں میں طرززندگی کا درجہ رکھتاتھا۔ ہریانہ کے ندانی گاؤں میں پیدا ہونے والی انشو ملک کے خون میں کشتی دوڑتی تھی۔انشو اکھاڑے میں جتنی بہادر نظرآتی ہیں، وہ پڑھائی میں بھی اتنی ہی ذہین تھیں۔وہ بچپن میں کافی شرارتی تھی۔ انہوں نے ۱۲؍، ۱۳؍سال کی عمر میں ریسلنگ شروع کی۔ اس وقت اگر محلے سے ان کی عمر کا کوئی بچہ ان کے گھر آتا اور گھر کا کوئی بڑا فرد کہتا کہ انشو اپنی طاقت دکھاؤ، تو یہ سنتےہی انشو فوراً اسے نیچے پٹک دیتی تھیں، یعنی کشتی کے انداز میں وہ اس کو چت کردیا کرتی تھی اور تو اور وہ اپنی عمر کے لڑکوں کو بھی زیر کر لیتی تھیں۔ 
 انشو ملک کا کشتی سے پہلا تعلق۱۱؍سال کی عمر میں اس وقت ہواجب انہوں نے اپنے بھائی شبھم کو ٹریننگ کرتے دیکھا اور اصرار کیا کہ وہ بھی اسے آزمانا چاہتی ہے۔انشو کے والدان کی مدد کرنے کیلئے تیار تھے اور انشو ملک نے جلد ہی چودھری بھارت سنگھ میموریل اسکول میں کوچ جگدیش شیوران کے تحت تربیت شروع کر دی ۔
 انہوں نے ناروے کے شہر اوسلو میں منعقدہ ۲۰۲۱ءکی عالمی کشتی چیمپئن شپ میں خواتین کے ۵۷؍کلوگرام کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہ خواتین کے ڈویژن میں عالمی چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی پہلوان ہیں ۔
 انشو نے کیڈٹ ریسلنگ چیمپئن شپ کے ۶۰؍کلوگرام زمرے میں طلائی تمغہ جیتا ہے۔ ۲۰۲۰ءمیں انہوں نے نئی دہلی میں منعقدہ۲۰۲۰ء ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ میں ۵۷؍کلوگرام کے مقابلے میں کانسےکاتمغہ جیتا۔ اسی سال، انہوں نے بلغراد ، سربیا میں منعقدہ ۲۰۲۰ء کے انفرادی کشتی ورلڈ کپ میں خواتین کے ۵۷؍کلوگرام کے مقابلے میں چاندی کاتمغہ جیتا۔ ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ ۲۰۲۱ءمیں، ملک نے اپنے ہندوستانی ساتھیوں ونیش فوگاٹ اور دیویہ ککران کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ اپریل ۲۰۲۲ءمیں،انہوں نے اولان باتار میں منعقدہ ۲۰۲۲ء کی ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ میں ۵۷؍کلوگرام کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا ۔ ۲۰۲۲ءکے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں ، انہیں خواتین کے ۵۷؍کلوگرام فری اسٹائل کے فائنل میں پہنچنے کے بعد سلور میڈل سے مطمئن ہونا پڑا۔ انہوں نے اپریل ۲۰۲۴ء میں ایشین ریسلنگ اولمپک کوالیفائرزسے اولمپک کوٹہ حاصل کرنےکے بعد خواتین کے۵۷؍کلوگرام میں حصہ لیا۔سال کے آخر میں،انشو ملک کوکھلاڑیوں کے لیے ہندوستان کےدوسرے سب سے بڑا ایوارڈ ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK