Inquilab Logo

ارجنٹائنا کوارٹر فائنل میں داخل، لیونل میسی کا بھی گول

Updated: December 05, 2022, 10:16 AM IST | Al rayyan

فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹائنا نے آسٹریلیا کو ایک۔۲؍گول سے ہرادیا۔ میسی کے ساتھ ہی الواریز نے فاتح ٹیم کیلئے ایک گول کیا

Argentina entered the quarter-finals; Photo: INN
ارجنٹائنا کوارٹر فائنل میں داخل ;تصویر :آئی این این

  لیونل میسی کے گول کی بدولت ارجنٹائنا نے آسٹریلیا کو۱۔۲؍گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ میسی نے اپنے کریئر کے۱۰۰۰؍ویں میچ میں ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کا پہلا گول کیا۔ تاہم، آسٹریلیا کے خلاف ارجنٹائنا کی جیت کا راستہ اتنا ہموار نہیں رہا جتنا کہ بہت سے لوگوں کی توقع تھی۔
 گول کیپر ایمی مارٹنیز نے ارجنٹائنا کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور میچ کے آخری سیکنڈس میں شاندار دفاع کرتے ہوئے میچ کو اضافی وقت میں جانے سے روک دیا۔ میسی نے۳۵؍  ویں منٹ میں ارجنٹائنا کو آگے کر دیا جبکہ جولین الواریز نے ۵۷؍ ویں منٹ میں گول کر کے اسےصفر۔۲؍کر دیا۔ آسٹریلیا کی واپسی کی امید میچ کے۷۷؍ ویں منٹ میں اس وقت آگئی جب اینزو فرنانڈیز نے خود ہی گول کر دیا۔ اب کوارٹر فائنل میں ارجنٹائنا کا مقابلہ نیدر لینڈس  سے ہوگا۔ ۰۔۲؍ سے پیچھےہونے کے باوجود آسٹریلیا کو آخری۲۰؍منٹ میں لوٹنے کی امید تھی جب کریگ گڈون کا شاٹ۷۷؍ ویں منٹ میں ارجنٹائنا کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز سے ٹکرا کر گول میں پہنچگیا۔ اس کے بعد آسٹریلیا نے حملہ تیز کر دیا۔ ٹیم کو آخری لمحات میں گول کرنے کا موقع ملا جب گیرینگ کوول کے پاس گیند آگئی اور انہیں صرف گول کیپر کو شکست دینا تھی لیکن ان کے طاقتور شاٹ کو مارٹینز نے روک دیا۔ ارجنٹائنا کی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں سعودی عرب کے خلاف اپ سیٹ شکست کے بعد اچھا مقابلہ کیا ہے اور ٹیم نے لگاتار ۳؍ میچ جیتے ہیں۔اپنا ۵؍واں اور ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ کھیلنے والے میسی کے اب۷۸۹؍گول ہیں۔ میسی، جنہیں ۷؍ بار دنیا کا بہترین فٹبالر منتخب کیا گیا ہے، ان کی نظریں۱۸؍ دسمبر کو فٹبال کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ جیتنے پر مرکوز ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ دیکھنے کیلئے ارجنٹائنا کے ہزاروں تماشائی احمد بن علی اسٹیڈیم میں موجود تھے اور ٹیم کو داد دے رہے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK