نئی دہلی کے تلک نگر علاقے میں سڑک کا معائنہ کرنے کے دوران بی جے پی وزیر پرویش ورما کی ’ غنڈہ گردی ‘ کیمرے میں قید، شدید تنقیدیں۔
EPAPER
Updated: September 28, 2026, 11:48 AM IST | Agency | New Delhi
نئی دہلی کے تلک نگر علاقے میں سڑک کا معائنہ کرنے کے دوران بی جے پی وزیر پرویش ورما کی ’ غنڈہ گردی ‘ کیمرے میں قید، شدید تنقیدیں۔
ایس آئی آر ،الیکشن کمیشن،تعلیمی بدعنوانیوںاورکمزور انفراسٹرکچر کے معاملا ت پراپوزیشن ، سماجی کارکنان اور عوام کی شدید تنقیدوںکا سامنا کررہے بی جے پی کے وزراء اب بھی ہوش کے ناخن لینے کو تیار نہیں ہیں۔نئی دہلی میں اتوار کو پیش آئے ایک واقعے میںبی جےپی وزیر پرویش ورما جب سڑکوں کی تعمیر میںناقص مال استعمال کرنےکے سوال کا جواب دینے کی پوزیشن نہیںتھے توا نہوںنے اپنی خفت مٹانے کیلئے ان کا ویڈیو بنانے وا لے نوجوان کو سب کے سامنے تھپڑ جڑ دیا۔ نئی دہلی کے تلک نگر علاقے میں سڑکوںکا معائنہ کرنے کے دوران بی جے پی وزیر کی ’ غنڈہ گردی ‘ کیمرے میں قید ہوگئی اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے دہلی اور پورےملک کی سیاست گرما دی۔
یہ بھی پڑھئے: کلیان: پیدائش و اموات کے ریکارڈ کی عدم دستیابی سے شہری پریشان!
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پرویش ورما تلک نگر میں زیر تعمیر سڑک کا معائنہ کرنے پہنچے تھے۔ اسی دوران مقامی ’آپ‘ رکن اسمبلی جرنیل سنگھ بھی وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے سڑک کی تعمیر کے معیار پر سوال اٹھایا۔ رپورٹس کے مطابق جرنیل سنگھ اور ان کے ساتھیوں نے نئی بچھائی گئی سڑک کی ایک تہہ کو ہاتھ سے اٹھا کر اس کے معیار پر اعتراض ظاہر کیا جس کے بعد موقع پر موجود دونوں فریقوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ویڈیو میں ایک نوجوان موبائل فون سے موقع پر جاری بحث کی ریکارڈنگ کرتا دکھائی دیا۔ اسی دوران پرویش ورما نوجوان کی طرف بڑھے، اس کا موبائل نیچے کیا اور پھر اسے زور دار تھپڑ جڑ دیا۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد معاملہ تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ۔ ’آپ‘ لیڈروں نے وزیر پر سخت تنقید کی ہے۔’آپ‘ کے دہلی ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پرویش ورما پر الزام لگایا کہ انہوں نے سڑک کی صورتحال سامنے آنے پر اپنا غصہ نوجوان پر نکالا۔
’آپ‘ کا پرویش ورما کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
عام آدمی پارٹی (آپ) نے دہلی کے تلک نگر میں سڑک کے معائنے کے دوران ایک نوجوان کو تھپڑ مارنے کے معاملے میں وزیر پرویش ورما کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ معائنے کے دوران موجود آپ ایم ایل اے جرنیل سنگھ نے الزام لگایا کہ سڑک کی حالت دیکھنے کے بعد وزیر آپے سے باہر ہو گئے اور انہوں نے اس شخص کو تھپڑ مار دیا جو واقعے کا ویڈیو بنا رہا تھا۔ جرنیل سنگھ نے الزام لگایا’’مجھے لگا تھا کہ وہ سڑک کا معائنہ کریں گے، کوالٹی کی جانچ کریں گے اور شاید پی ڈبلیو ڈی کے افسران کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے اس کے بجائے اس شخص کو تھپڑ مار دیا جو واقعے کو ریکارڈ کر رہا تھا اور موقع سے چلے گئے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:ناگپور: ایمس میں ڈاکٹر کیساتھ مارپیٹ، ڈاکٹروں کا احتجاج
نوجوان نے کیا کہا ؟
صاحب سنگھ نامی نوجوان نے بتایا کہ جب وہ معائنے کی لائیو اسٹریمنگ کر رہا تھا، تو پرویش ورما نے اس کا فون چھین لیا اور اسے تھپڑ مار دیا۔ اس نے صحافیوں کو بتایا’’ لائیو اسٹریم کو روکنے کے لیے پرویش ورما نے میرے ہاتھ سے فون چھین لیا۔ مجھ پر ہاتھ اٹھایا اور مجھے تھپڑ مار دیا۔‘‘ اس نے یہ بھی کہا کہ اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ ’آپ‘ ایم ایل اے جرنیل سنگھ نے الزام لگایا کہ وکاس پوری تھانے کے ایس ایچ او موقع پر موجود تھے مگر انہوں نے کوئی کارروائی کرنے کی بجائے وزیر کوجانے کیلئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ آپ ایف آئی آر درج کرنے اور ورما کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرے گی۔ آپ لیڈر سوربھ بھاردواج نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ورما پر سیکوریٹی اہلکاروں کی موجودگی میں نوجوان پر تشدد کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ واقعے کی جانچ ہونی چاہیے۔
کیجریوال نے گرفتاری کا مطالبہ کیا
دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی وزیر پرویش ورما کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک مختصر پوسٹ کی، جبکہ دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی نے ورما پر سڑک کی حالت کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب ’غرور ‘ کے ساتھ دینے کا الزام لگایا اور پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا۔
’’بی جےپی عوام کی آواز دبا رہی ہے ‘‘
اس معاملے پر کانگریس نے بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقتدار کا غرور ہے۔ کانگریس نے اتوار کو بیان جاری کر کے الزام لگایا کہ خراب سڑک کا ویڈیو بنانے پر پرویش ورما نے نوجوان کو تھپڑ مارا۔ پارٹی نے اسے اقتدار کا غرور قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی لیڈروں کو عوام کے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔