• Fri, 12 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے نا قابل فراموش واقعات

Updated: September 12, 2025, 6:37 PM IST | Mumbai

ایشیا کپ پر بات چیت کرنا اور ہربھجن سنگھ اور شعیب اختر کے جھگڑے کا ذکر نہ کرنا تقریباً ناممکن ہے۔

Controversy between Shoaib Akhtar and Harbhajan Singh. Photo: INN.
شعیب اختر اور ہربھجن سنگھ کے درمیان تنازع۔ تصویر: آئی این این۔

ایشیا کپ پر بات چیت کرنا اور ہربھجن سنگھ اور شعیب اختر کے جھگڑے کا ذکر نہ کرنا تقریباً ناممکن ہے۔ درحقیقت اس ٹورنامنٹ کی تاریخ صرف چوکوں اور چھکوں سے ہی نہیں لکھی گئی بلکہ ایسی جھڑپوں سے بھی لکھی گئی ہے، جنہوں نے کرکٹ کا درجہ حرارت کچھ اوپر لے جانے کا کام کیا ہے۔ گوتم گمبھیر بمقابلہ کامران اکمل، فرید احمد بمقابلہ آصف علی جیسی لڑائیاں اس سیریز میں اہم سنگ میل ہیں۔ کئی موقعوں پر میدان میں تناؤ شائقین تک پہنچ گیا اور شائقین آپس میں لڑ پڑے۔ اس کے علاوہ ناگن ڈانس کا واقعہ کون بھول سکتا ہے۔ آئیے ایشیا کپ کی تاریخ میں ان جھڑپوں کو دیکھتے ہیں جو اب اس ٹورنامنٹ کا مستقل حصہ بن چکے ہیں۔ 
شعیب اختر بمقابلہ ہربھجن سنگھ
(ایشیا کپ ۲۰۱۰ء، دامبولا)
اس لڑائی کا ویڈیو ہمارے بزرگوں نے دیکھا ہے، ہم نے دیکھا ہے اور ہماری آنے والی نسلیں بھی دیکھیں گی تاہم کئی بار لوگ اس میچ کے بارے میں بات چیت نہیں کرتے، جس میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان زبردست میچ کھیلا گیا۔ ۲۰۱۰ء کے ایشیا کپ میں پاکستان نے ہندوستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے۲۶۷؍ رن بنائے تھے۔ جواب میں ہندوستان ۴۹؍ویں اوور تک مشکلات کا شکار رہا۔ اسی دوران ۴۸؍ویں اوور میں ہربھجن سنگھ نے شعیب اختر کی ایک گیند پر چھکا لگایا اور اختر اپنا غصہ کھو بیٹھے۔ دونوں کے درمیان کچھ الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ آخر کار امپائرز نے مداخلت کی۔ ہندوستان کو آخری اوور میں ۳؍ رن درکار تھے۔ محمد عامر کی گیند پر ہربھجن نے مڈ وکٹ پر لمبا چھکا لگا کر میچ جیت لیا اور غصے میں اختر کی طرف اشارہ کر کے جشن منایا۔ بعد میں ایک نجی نیوز چینل کو اپنے بیان میں ہربھجن نے یہ بھی کہا کہ اختر نے انہیں کمرے میں مارنے کی بات کی تھی۔ تاہم چند سال بعد جب دونوں کھلاڑی ایک کامیڈی شو میں اکٹھے ہوئے تو دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کوئی دشمنی نہیں تھی۔ 
 گوتم گمبھیر بمقابلہ کامران اکمل 
(ایشیا کپ۲۰۱۰ء، دامبولا)
یہ میچ ایک مختلف موڈ میں تھا۔ یوں لگتا تھا جیسے میدان میں بیک وقت کرکٹ اور جھگڑا چل رہا ہو۔ دوسری اننگز کے دوران جب ہندوستان ہدف کا تعاقب کر رہا تھا تو کامران اکمل نے شاہد آفریدی کی گیند پر کیچ لینے کی پرزور اپیل کی لیکن امپائر بلی باؤڈن نے ناٹ آؤٹ دیا۔ اس کے بعد سعید اجمل کی گیند پر کیچ لینے کی اپیل بھی کی گئی جس پر گمبھیر غصے میں آگئے۔ ڈرنکس بریک کے دوران گوتم گمبھیر اور اکمل آمنے سامنے آگئے اور بات بحث تک پہنچ گئی، ایسا لگ رہا تھا کہ لڑائی ہو سکتی ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ ایم ایس دھونی اور امپائر نے دونوں کو الگ کر دیا۔ گمبھیر نے اس میچ میں ۸۳؍ رن بنائے اور ہندوستان  ۳؍ وکٹوں سے جیت گیا۔ انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ تاہم بعد میں دونوں کھلاڑیوں نے اپنے بیانات میں اس معاملے کا ذکر کیا جہاں گمبھیر نے کہا کہ اکمل اور وہ اچھے دوست ہیں وہیں اکمل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ تھوڑی سی غلط فہمی ہوئی تھی۔ 
فرید احمد اور آصف علی (۲۰۲۲ء ایشیا کپ )
۲۰۲۲ءکے سپر۴؍ میچ میں افغانستان اور پاکستان آمنے سامنے تھے، فرید احمد نے ۱۹؍ویں اوور میں آصف علی کو آؤٹ کیا۔ وکٹ گرتے ہی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دھکے دینے کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ آصف علی نے غصے میں اپنا بلہ بھی اٹھایا اور حملہ کرنے کا اشارہ کیا۔ بعد ازاں آئی سی سی نے دونوں کھلاڑیوں کو قصوروار پایا اور میچ فیس کا۲۵؍ فیصد جرمانہ عائد کیا۔ اس میچ کا اختتام بھی بہت مضحکہ خیز رہا۔ نسیم شاہ نے آخری اوور میں لگاتار دو چھکے لگا کر پاکستان کو ایک وکٹ سے فتح دلائی۔ اس کے بعد ان کا جشن بھی قابل دید تھا۔ تاہم میچ کے دوران ہونے والی لڑائی نے شائقین کو بھی متاثر کیا۔ دونوں ٹیموں کے شائقین کے درمیان لڑائی اور توڑ پھوڑ کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے کی شکایت آئی سی سی سے کریں گے۔ 
ناگن ڈانس ۴؍ سال تک جاری رہا
(ایشیا کپ۲۰۲۲ء، دبئی)
بنگلہ دیش نے۲۰۱۸ء کی نداہاس ٹرافی میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد ناگن ڈانس کر کے جشن منایا۔ مشفق الرحیم اور ان کے ساتھیوں کا یہ جشن وائرل ہوا اور سری لنکا بنگلہ دیش دشمنی کی علامت بن گیا۔ چار سال بعد دبئی میں ہونے والے ایشیا کپ۲۰۲۲ء میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو شکست دی۔ فتح کے بعد سری لنکن کھلاڑی چمیکا کرونارتنے نے `ناگن ڈانس کیا اور اسی انداز میں خوب دھوم مچادی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK