Updated: October 27, 2025, 9:01 PM IST
| Mumbai
کانگریسی لیڈر اور تجربہ کار سیاستداں ششی تھرور نے آرین خان کی ویب سیریز ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ کو ’’او ٹی ٹی گولڈ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ بالی ووڈ کو ایسی جرات مندانہ تخلیق کی ضرورت تھی۔‘‘ شاہ رخ خان سے کہا کہ آپ کو اپنے بیٹے پر فخر ہونا چاہئے۔
ششی تھروو۔ تصویر:آئی این این
کانگریس لیڈر ششی تھرور نے آرین خان کی ہدایتکاری میں بننے والی ان کے کریئر کی پہلی ویب سیریز ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ کا تفصیلی جائزہ پیش کیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ سیریز رواں سال ستمبر میں ریلیز ہوئی تھی اور دیکھنے والوں میں کافی مقبول ہو رہی ہے۔ تھرور نے ایکس پر لکھا کہ وہ گزشتہ دو دن سے زکام اور کھانسی میں مبتلا تھے اور تمام مصروفیات منسوخ کر دی تھیں۔ اس دوران ان کے عملے اور بہن سمیتا تھرور نے انہیں یہ سیریز دیکھنے کیلئے آمادہ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’یہ ان بہترین چیزوں میں سے ایک ہے جن کے ذریعے مجھے سکون ملتا ہے۔‘‘ انہوں نے اسے ’’او ٹی ٹی گولڈ‘‘ (او ٹی ٹی کا سونا) قرار دیا۔
تھرور نے سات اقساط پر مشتمل نیٹ فلکس شو کو ’’زبردست تحریر، بے خوف ہدایتکاری، اور بے باک طنز‘‘ کیلئے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیریز شروع میں ناظرین پر آہستہ آہستہ اثر ڈالتی ہے، لیکن ایک بار جب آپ اس میں کھو جائیں تو یہ مکمل طور پر گرفت میں لے لیتی ہے۔ ان کے مطابق یہ شو فلمی صنعت کی چمک دمک کے پیچھے کی دنیا کو ’’جینیئس، مزاحیہ اور متحرک انداز‘‘ میں پیش کرتا ہے، جو بالی ووڈ کے عام تصورات کو اندرونی مزاح اور ہوشیار مکالموں کے ذریعے چیلنج کرتا ہے۔ تھرور نے مزید کہا کہ اس سیریز نے انہیں ’’لاجواب‘‘ ہونےپر مجبور کر دیا، جو ان جیسے زبان و بیان کے ماہر شخص کیلئے ایک نایاب بات ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’’زبردست تحریر، بے خوف ڈائریکشن، اور طنز کی جرات وہی عوامل ہیں جن کی بالی ووڈ کو ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے آرین خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’سات شاندار اقساط نے ایک حقیقی کہانی سنانے والے پاور ہاؤس کی آمد کا اعلان کیا ہے۔ آرین خان! آپ نے ایک شاہکار تخلیق کیا ہے۔‘‘ تھرور نے شاہ رخ خان کو بھی جذباتی پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایک باپ دوسرے باپ سے کہنا چاہے گا، آپ کو اپنے بیٹے پر بہت فخر ہونا چاہئے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:سلمان، شاہ رخ کے بعد ابھینو نے عامر خان کو ہدفِ تنقید بنایا
انٹرنیٹ کا ردعمل
ششی تھرور کے اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھرپور ردعمل کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’میں نے بھی یہ شو دیکھا ہے۔ اگرچہ اس کے لمحات زبردست ہیں، لیکن اسے شاہکار کہنا شاید کچھ زیادہ ہے۔‘‘ دوسرے صارف نے پوچھا ’’آپ کو اس سیریز کا کون سا منظر سب سے زیادہ پسند آیا؟‘‘ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’’آپ کا جائزہ پڑھ کر خوشی ہوئی، ڈاکٹر تھرور! آرین خان کا شو واقعی خاص ہے، ذہین، بولڈ اور دلچسپ۔ امید ہے آپ جلد صحت یاب ہوں گے۔‘‘ جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ ’’ششی تھرور کی جانب سے ایسی تعریف آرین خان کیلئے سب سے قیمتی تبصرہ ہو سکتا ہے۔‘‘