Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیا کپ:اورنج کیپ اور پرپل کیپ کے فاتح کو جگہ نہیں ملی

Updated: August 20, 2025, 4:14 PM IST | New Delhi

آئی پی ایل میں سائی سدرشن نے بلے بازی اور پرسدھ کرشنا نے اچھی گیند بازی کی تھی۔جیتیش شرما ۲۶۱؍رن بنانے کے باوجود ٹیم میں شامل۔ ایشیا کپ ٹی ۲۰؍ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں ممبئی انڈینس کے ۴؍ کھلاڑی ہیں۔

Sai Sudarshan.Photo:INN
سائی سدرشن۔ تصویر: آئی این این

ایشیا کپ ٹی ۲۰؍ ٹورنامنٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ۱۵؍ رکنی ٹیم میں کچھ حیران کن نام بھی تھے۔ تاہم کہا جاتا ہے کہ ٹی ۲۰؍ کے لیے بھی آئی پی ایل کی کارکردگی پر غور کیا جاتا ہے  لیکن اس بار سلیکشن میں نہ تو اورنج کیپ جیتنے والے کھلاڑی اور نہ ہی آئی پی ایل ۲۰۲۵ء کی پرپل کیپ کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی لیگ میں صرف۲۶۱؍ رن بنانے والے کھلاڑی کو شامل کیا گیا۔ یہی نہیں اپنی ٹیم کو دو بار فائنل تک پہنچانے والے کپتان شریاس ایّر کو بھی جگہ نہیں ملی ہے۔ آئی پی ایل ۲۰۲۵ء کے ٹاپ۷؍ ہندوستانی بلے بازوں میں سے دو ٹیم میں شامل ہیں۔
آئی پی ایل۲۰۲۵ء میں گجرات ٹائٹنس کے لیے کھیلنے والے سائی سدرشن نے سب سے زیادہ رن  بنائے۔ انہوں نے۱۵؍ میچوں کی۱۵؍ اننگز میں ۲۱ء۵۴؍کے اوسط اور۱۷ء۱۵۶؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۷۵۹؍رن بنائے۔ ان میں ایک سنچری اور۶؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ 
 اس کے ساتھ ہی اگر ہم آئی پی ایل۲۰۲۵ء کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند بازوں کی بات کریں تو پرسدھ کرشنا سب سے اوپر تھے۔ انہوں نے۱۵؍ میچوں میں۲۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ اس دوران ان کا اکنامی ریٹ۲۷ء۸؍ اور اسٹرائیک ریٹ ۱۶ء۱۴؍  تھا۔ نور احمد۲۴؍ وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر، جوش ہیزل ووڈ۲۲؍ وکٹ  کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ 
 آئی پی ایل۲۰۲۵ء میں صرف۲۶۱؍ رن بنانے والے جیتیش شرما کو اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کچھ میچوں میں آر سی بی کی کپتانی بھی کی۔ انہوں نے آر سی بی کے لیے میچ فنشر کا کردار ادا کیا۔ اس دوران ان کا اوسط۲۹ء۳۷؍ اور اسٹرائیک ریٹ ۳۵ء۱۷۶؍ رہا۔ جیتیش نے کم رن بنائے لیکن ان کی اننگز مؤثر اور میچ جیتنے والی تھی۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف  انہوں نے صرف۳۳؍ گیندوں پر  ناٹ آؤٹ ۸۵؍ رن بنائے اور اپنی ٹیم کو ۲۲۸؍ رن کا تعاقب کرنے میں مدد دی۔
سب سے حیران کن فیصلہ شریاس ایّر کا انتخاب نہ کرنا تھا۔ آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں شاندار کارکردگی کے باوجود وہ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔ اس سیزن میں انہوں نے۱۷؍ میچوں میں ۳۳ء۵۰؍ کے  اوسط اور۰۷ء۱۷۵؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۶۰۴؍ رن  بنائے۔ ان میں ۶؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ تاہم شریاس کی بیٹنگ پوزیشن نمبر تین یا چار ہے۔ کپتان سوریہ کمار تیسرے نمبر پر بیٹنگ کر رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ میں لگاتار دو سنچریاں بنانے والے تلک ورما چوتھے نمبر پر کھیل رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK