Inquilab Logo

ایٹلیٹیکو ٹاپ پوزیشن پر دوبارہ قابض،بارسا کیلئے میسی کے ۲؍گول

Updated: April 24, 2021, 1:24 PM IST | Agency | Madrid

لالیگا کے میچ میں ہیوسکا فٹبال کلب کو صفر۔۲؍ سے ہراکر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ بارسلونا نے گیٹافے کو لیگ میں ۲۔۵؍ سے مات دی

Lionel Messi. Picture:INN
لیونل میسی۔تصویر :آئی این این

 اسپینش لیگ لالیگا میں ایلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب نے پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی ہے۔ اس نے جمعرات کی رات ہیوسکا فٹبال کلب کو شکست دے دی۔اسی رات بارسلونا فٹبال کلب (بارسا) نے گیٹافے کو شکست دے دی۔ اس میچ میں اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے۲؍گول کئے۔  ایک روز قبل ہی ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے کیڈیز کو ہراکر لالیگا میں ایٹلیٹیکومیڈرڈسے ٹاپ پوزیشن چھین لی تھی لیکن جمعرات کی دیر رات ہونےو الے میچ میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ نے ہیوسکا فٹبال کلب کوصفر۔۲؍ سے شکست دے کر اپنی ٹاپ پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی اور ریئل میڈرڈ پر ۳؍پوائنٹس کی سبقت پالی ۔  ایٹلیٹیکوکلب  کی جانب سے اینجل کوریا نے مارکوس لورینٹے کی مدد سے ۳۹؍ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ میچ کے ۸۰؍ویں منٹ میں یانک کراسکو نے مارکوس لورینٹے کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔اس گول کے بعد کوئی اور گول نہیں ہوسکا اور ایٹلیٹیکو نے صفر۔۲؍ سے ہیوسکا فٹبال کلب کو شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کر لئے۔ میچ کے بعد ایٹلیٹیکو کے کوچ ڈیگو سیمون نے کہاکہ لیگ اب بہت پیچیدہ ہوگئی ہے اور ہم زیادہ آرام نہیں کرسکتے ۔ ہمیں مسلسل پریکٹس کرنی ہوگی اور اس کیلئے کھلاڑیوں کو تیار رہنا ہوگا۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہم نے اپنے اگلے میچ کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔ اس میچ میں  ایٹلیٹیکو کے اسٹار فارورڈ لوئیس سواریز اور جوآؤ فیلکس شامل نہیں تھے ۔ یہ دونوں اس وقت  زخمی ہیں اور میدان سے باہر ہیں۔
 سیمون نے کہاکہ دونو ںکھلاڑی اس وقت انجری کا سامنا کررہے ہیں اور امیدہے کہ وہ جلد ہی میدان پر لوٹ آئیں گے۔اس وقت ہمیں ان کی بہت ضرورت ہے کیونکہ اب ہمیں ہر میچ میں کامیابی حاصل کرنی  ہے اسی وقت ہم لالیگا کا خطاب اس سیزن کا خطاب اپنے نام کرسکیں گے۔کھلاڑی ہر میچ کیلئے تیار ہیں۔   اس فتح کے بعد ایٹلیٹیکو میڈر ڈفٹبال کلب  پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر ہے اور اس کے ۳۲؍ میچوں  میں ۷۳؍ پوائنٹس ہیں۔ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ریئل میڈرڈ فٹبال کلب ہے جس کے اتنے ہی میچوں میں ۷۰؍پوائنٹس ہیں۔ تیسرے نمبر پر بارسلونا فٹبال کلب ہے جس کے ۳۱؍میچوں میں ۶۷؍ پوائنٹس ہیں۔ بارسلونا نے جمعرات کی رات گیٹافے کو ۲۔۵؍ سے شکست دے دی۔ 
 اسٹار لیونل میسی نے اس سیزن میں لیگ کا اپنا ۲۵؍واں گول گیٹافے کے خلاف کیا۔ گیٹافے کیخلاف ۸؍ویں منٹ میں سرگیو بُسکیٹس کی مدد سے میسی نے پہلا گول کیا۔ ۱۲؍ویں منٹ میں کلیمنٹ لینگلیٹ نے  اون گول کرکے اسکور ایک   ایک سے برابر کردیا۔ ۲۸؍ویں منٹ میں سفیان چاکلا نے گیٹافے کی جانب سے بارسلونا کوفائدہ پہنچانے والا ایک اون گول کیا اور اسکور ۱۔۲؍ کر دیا۔ ۳۳؍ویں منٹ میں لیونل میسی نے اپنا دوسرا گول کرکے اسکور ۱۔۳؍ کر دیا۔ ۸۷؍ویں منٹ میں رونالڈ آرائیو نے ایک گول کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد لیونل میسی نے کی۔ میچ کے انجری ٹائم میں انٹوئین گریزمین نے پنالٹی پر گول کرکے بارسلونا کے گول کی تعداد ۵؍کردی۔ ۶۹؍ویں منٹ میں گیٹافے کیلئے دوسرا گول اینس یونال نے کیا تھا ۔ میچ کے آخر میں اسکور ۲۔۵؍ رہا۔ 
 اس شکست کے بعد گیٹافے ۱۵؍ویں نمبر پرہے اور اس پر لیگ سے باہرہونے کی تلوار لٹک رہی ہے۔حالانکہ وہ ریلیگیشن زون سے باہر ہیں۔  اس کلب نے پورے لیگ میں صرف ۲۴؍گول کئے ہیں جبکہ اکیلے میسی نے اس لیگ میں اب تک ۲۵؍گول کردئیے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی بارسلونا فٹبال کلب نے ایتھلیٹک کلب کو کوپا ڈیل رے کے فائنل میں شکست دےکر خطاب اپنے نام کیا تھا۔لالیگا میں جمعرات کی رات ایک اور میچ میں ریئل سوسائیڈیڈ نے سیلٹا ویگو کو ایک کے مقابلے ۲؍ گول سے شکست دےدی۔ غرناطہ فٹبال کلب نے    ایبار کو ایک ۔ ۴؍گول سے شکست دے دی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK