Inquilab Logo

آسٹریلیا نے ہندوستان کو شکست دی،بلیک گوورس کی ہیٹ ٹرک

Updated: November 28, 2022, 2:41 PM IST | Agency | Adelaide

؍۵؍میچوں کی ہاکی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی میزبان ٹیم کو کنگارو ٹیم نے یکطرفہ انداز میں ہرادیا

Blake Gowers scored 3 goals for Australia..Picture:INN
بلیک گوورس نے آسٹریلیا کیلئے ۳؍گول کئے۔۔ تصویر :آئی این این

آسٹریلیا کی مرد ہاکی ٹیم نے بلیک گوورس کی ہیٹ ٹرک کی مدد سے اتوار کو ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں ہندوستان کو ۴۔۷؍ سے شکست دی۔ہندوستان کی جانب سے کپتان ہرمن پریت سنگھ (تیسرے، ۶۰؍ویں منٹ)، ہاردک سنگھ (۲۵؍ویں منٹ) اور محمد راحل (۳۶؍ویں منٹ) نے گول کئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے گوورس (۱۲؍ ویں، ۲۷؍ویں، ۵۳؍ویں) کے علاوہ جیک ویلش (۱۷؍ویں، ۲۴؍ویں)، جیکب اینڈرسن (۴۸؍ویں) اور جیک ویٹن (۴۹؍ویں منٹ) نے گول کئے۔ پہلے میچ میں ۴۔۵؍  سے سنسنی خیز جیت درج کرنے کے بعد آسٹریلیا اس میچ کے لئے مزید جارحیت کے ساتھ میدان میں اترا۔ کپتان ہرمن پریت نے تیسرے منٹ میں پنالٹی کارنر کے ذریعے ہندوستان کو ابتدائی برتری دلائی لیکن دفاع کی کمی انہیں مہنگی پڑی۔تیسرے کوارٹر کے اختتام تک، آسٹریلیا صرف ۳۔۴؍ سے آگے تھا۔ چوتھے کوارٹرکے آغاز میں آسٹریلیا نے ہندوستانی دفاع کی خراب کارکردگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ۳؍ گول کر کے میچ اپنے قبضہ میں کیا۔ ہرمن پریت نے آخری لمحات میں پنالٹی اسٹروک پر گول کیا لیکن اس سے شکست کا فرق ہی کم ہو سکا۔ آسٹریلیا کے جیک ہاروے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یہ آسٹریلوی کپتان ایڈی اوکینڈن کا ۴۰۰؍ واں بین الاقوامی میچ تھا۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے آسٹریلوی مرد کھلاڑی ہیں۔ابتدائی مرحلے میں آسٹریلیا کا گیندپر قبضہ تھا لیکن تیسرے منٹ میں پنالٹی کارنر سے کپتان ہرمن پریت کی درست ڈریگ فلک نے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ ہندوستان کی برتری جلد ہی کم ہوگئی جب آسٹریلیا نے لگاتار ۴؍ پنالٹی کارنر ناکام ہونے کے بعد پانچویں کوشش میں گول کیا۔ دوسرے کوارٹر کے پہلے منٹ میں، ہاروے نے ہندوستان کی بیک لائن کو چکمہ دیا اور گیند ویلش کو دے دی، جس نے آسٹریلیا کی برتری کو  دو ایک تک بڑھا دیا۔ اگلے چند منٹوں میں آسٹریلیا نے متعدد پنالٹی کارنر حاصل کئے، جن میں سے ایک ویلش نے اسکور کارڈ کو  تین ایک پر پہنچا دیا۔ہاردک نے ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے گول کرکے ہندوستان کو میچ میں برقرار رکھا  حالانکہ ۲۷؍ویں منٹ میں گوورس کے گول کی بدولت آسٹریلیا ۲۔۴؍سے آگے تھا۔  تیسرے کوارٹر میں  ہندوستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ محمد راحل نے اپنا صرف تیسرا بین الاقوامی میچ کھیلتے ہوئے ۳۶؍ویں منٹ میں گول کیا جبکہ ہندوستانی دفاع نے ایک بار پھر آسٹریلیا کو  نیٹ تک پہنچنے کا موقع نہیں دیا۔ چوتھے کوارٹر میں ۳۔۴؍سے شروعات کرتے ہوئے  ہندوستان نے اسکور برابر کرنے کی کوشش کی لیکن آسٹریلیا نے پہلے ۷؍ منٹ میں ۳؍ گول کرکے جوابی حملہ کیا۔اینڈرسن نے ۴۸؍ویں منٹ میں گول کیا جبکہ ایک منٹ بعد ویٹن نے گول کیا۔  گوورس نے ۴۷؍ ویں منٹ کے فاؤل کے بعد پنالٹی اسٹروک سے ۵۳؍ویں منٹ میں اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ہندوستان نے میچ کے آخری لمحات میں آسٹریلیا کی بیک لائن پر دباؤ ڈالا جبکہ ہرمن پریت نے ۵۹؍ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک کو گول میں بدل کر میچ کو باعزت طریقے سے ختم کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیریز میں دو-صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا اب بدھ کو تیسرے میچ میں ٹکرائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK