Inquilab Logo

آسٹریلیا کو نیوزی لینڈ پر ٹی ۲۰؍میں ناقابل تسخیر برتری حاصل

Updated: September 28, 2020, 11:38 AM IST | Agency | Brisbane

دوسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں میزبان خاتون ٹیم نے ۸؍وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔ ایلیسا اور بیتھ مونی کی اچھی بلے بازی

Australia Women`s Cricket Team. Picture:INN
آسٹریلیا کی خاتون کرکٹ ٹیم۔ تصویر: آئی این این

آسٹریلیا کی خاتون کرکٹ ٹیم نے اتوارکو ایلن بارڈر فیلڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیم کو ۸؍ وکٹوں سے شکست دے کر ۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز میں صفر۔۲؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی لیکن ۴؍ گیند قبل صرف۱۲۸؍ رن  پر ڈھیر ہوگئی۔ آسٹریلیا نے یہ آسان ہدف۱۶ء۴؍ اوورس میں ۲؍ وکٹ گنوا کر حاصل کرلیا۔
 ایلیسا ہیلی (۳۳؍رن) اور بیتھ مونی (۲۴؍رن) نے اچھی شروعات کرتے ہوئے۵۱؍ رن کی شراکت کی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ پہلے ہیلی اور پھر مونی پویلین لوٹ گئیں۔ کپتان میگ لیننگ اور ریشل ہینس نے ٹیم کو فتح کی طرف گامزن کیا۔ ہینس نے ۵؍چوکوں کی مدد سے۳۱؍ گیندوں پر ناقابل شکست ۴۰؍ رن بنائے۔ کپتان لیننگ نے۳۲؍ گیندوں پر۲۶؍ رن بنائے۔اس سے قبل نیوزی لینڈ کی بلے باز وکٹ پر اپنے پیر جمانے میں ناکام رہی تھیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایمی اسٹرتھویٹ نے سب سے زیادہ۳۰؍ رن  بنائے۔ اسٹار بلے باز سوزی بیٹس نےرن  بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ پرکنز نے۱۵ ، لورین ڈاؤنس نے۱۲؍ اور ایمیلیا کیر نے۱۱؍ رن بنائے اور ان ۵؍بلے بازوں کے علاوہ نیوزی لینڈ کی کوئی دوسری بلے باز دہائی کے ہندسے تک نہیں پہنچ سکی۔ اسی میچ میں آسٹریلیائی وکٹ کیپر ایلیسا ہیلی نے مہندر سنگھ دھونی کے ٹی ۲۰؍  میں سب سے زیادہ شکار کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی ڈیواین کے اسٹمپ آؤٹ ہونے کے بعد ہیلی نے ایمی شیڈر ویٹ کو کیچ آؤٹ کیا ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میں وکٹ کیپر کی حیثیت سے سب سے زیادہ شکار کرنے کے معاملے میں دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اب ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں سب سے زیادہ شکار کے معاملے میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں دھونی کے نام پر۹۱؍ شکار ہیں جبکہ ایلیسا ہیلی نے اب۹۲؍ شکار  اپنے نام کرلئے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK