آیوش نے فائنل میں برائن یانگ کو شکست دے کر بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور کاخطاب اپنےکیا۔ تنوی شرما کو فائنل میں شکست ملی۔
EPAPER
Updated: July 01, 2025, 11:42 AM IST | Agency | Iowa
آیوش نے فائنل میں برائن یانگ کو شکست دے کر بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور کاخطاب اپنےکیا۔ تنوی شرما کو فائنل میں شکست ملی۔
ہندوستان کے آیوش شیٹی نے یو ایس اوپن۲۰۲۵ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں کنیڈا کے برائن یانگ کو مردوں کے سنگلز میں شکست دے کر بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور کاخطاب اپنے نام کر لیا۔
کونسل بلفس میں اتوار کو کھیلے گئے مقابلے میں عالمی درجہ بندی میں ۳۴؍ویں نمبر پر موجود اور چوتھی سیڈ یافتہ آیوش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیڈمنٹن رینکنگ میں ۳۳؍ ویں پوزیشن پر موجود برائن یانگ کو۴۷؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں براہ راست سیٹوں میں ۱۸۔۲۱، ۱۳۔۲۱؍ سے شکست دی۔
۶؍ فٹ۴؍ انچ لمبے آیوش کا اعتماد اور کورٹ کوریج دیکھنے کے قابل تھا۔ انہوں نے تیز اور سست دونوں انداز پر بہترین کنٹرول کا مظاہرہ کیا اور عالمی نمبر وَن کھلاڑی وکٹر ایکسلسن جیسی باڈی لینگویج کے ساتھ میچ پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔ برائن یانگ نے یقینی طور پر میچ جیتنے کی کوشش کی لیکن وہ شیٹی کی طاقت، ٹیمپو اور حکمت عملی کے سامنے نہ ٹھہر سکے۔
یہ آیوش شیٹی کی برائن یانگ کے خلاف لگاتار تیسری فتح ہے۔ یہ۲۰۲۵ء میں بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور پر کسی ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کی پہلی خطابی جیت ہے۔ خطاب جیتنے کے بعد۲۰؍ سالہ شیٹی نے کہا کہ ’’یہ بہت اہمیت رکھتا ہے کہ سینئر سرکٹ میں میرا یہ پہلا خطاب ہے۔ اس لیے میں واقعی پرجوش ہوں۔ میں نے یہاں شاندار بیڈمنٹن کھیلا اور میں اگلے ہفتے کنیڈا اوپن کا انتظار کر رہا ہوں۔‘‘
دریں اثنا، خواتین کے سنگلز کے فائنل میں۱۶؍ سالہ تنوی شرما، امریکہ کی ٹاپ سیڈ اور اولمپین بیون ژانگ سے ہار گئیں۔ پہلا گیم ہارنے کے بعد تنوی شرما نے دوسرے گیم میں اچھا مقابلہ کرتے ہوئے میچ کو تیسرے گیم تک لے جانے میں کامیاب رہی۔ تاہم، ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی آخری گیم ہار گئی۔ رینکنگ میں۲۱؍ویں پوزیشن پر موجود بیون ژانگ نے تنوی کو۴۶؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ۱۱۔۲۱، ۲۱۔۱۶، ۱۰۔۲۱؍ سے شکست دی۔ہار کے باوجود تنوی شرما نے بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور فائنل میں پہنچنے والی سب سے کم عمر ہندوستانی کھلاڑی بن کر تاریخ رقم کی۔ ہندوستان کے بیڈمنٹن کھلاڑی اب منگل سے شروع ہونے والے کنیڈا اوپن میں مقابلہ کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔