Inquilab Logo

بابر اعظم ایک بار پھر پاکستانی یکروزہ اور ٹی ۲۰؍ٹیم کے کپتان مقرر

Updated: April 01, 2024, 11:15 AM IST | Agency | Islamabad

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو دوبارہ ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ کا کپتان مقرر کردیا۔

Babar Azam. Photo: INN
بابر اعظم۔ تصویر : آئی این این

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو دوبارہ ون ڈے اور ٹی ۲۰؍ کا کپتان مقرر کردیا۔ پی سی بی کی جانب سے ’ایکس‘ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی متفقہ تجویز کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ۲۰) کپتان مقرر کر دیا۔ 
 یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی ۲۰؍ اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی تھی جبکہ مایہ ناز بلے باز نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ پی سی بی بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنانا چاہتا تھا تاہم بلے بازبابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی قیادت کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید بات چیت کیلئے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے کاکول جاکر بابر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔ 
 دوسری جانب ذرائع نے موجودہ ٹی۲۰؍ کپتان اور تیز گیندباز شاہین آفریدی سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ وہ کپتان کی تبدیلی کی خبروں سے ناخوش ہیں۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ۱۵؍نومبر۲۰۲۳ء میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دےدیا تھا، استعفے کے بعد پی سی بی نے ٹی۲۰؍ ٹیم کے لئے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیا تھا۔ تاہم ۲۵؍ مارچ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان ایک بار پھر تبدیل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں اور آئندہ ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ کے لئے شاہین آفریدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بابر اعظم نے ورلڈکپ سمیت ۷۱؍ ٹی ۲۰؍ میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے، وہ۵۲؍ ٹیسٹ، ۱۱۷؍ ون ڈے، ۱۰۹؍ ٹی ۲۰؍ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ وہ ٹیم کے اچھے بلےباز قرار دیئے جاتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK