Inquilab Logo

بنگلہ دیش کی جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی کامیابی،سیریزپر قابض

Updated: March 25, 2022, 12:18 PM IST | Agency | Centurion

تسکین احمد نے۵؍وکٹیں حاصل کیں جبکہ تمیم اقبال نے شاندار ہاف سنچری بنائی، بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ میں یکروزہ سیریز جیتی

 After winning the one-day series in South Africa for the first time in Bangladesh, the players would cross the field with traffic..Picture:INN
بنگلہ دیش کے کھلاڑی پہلی بار جنوبی افریقہ میں یکروزہ سیریز جیتنے کے بعد ٹرافی کے ساتھ میدان کا چکر لگاتے ہوئے۔۔ تصویر: آئی این این

 بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ میں ۳؍ میچوں کی سیریز ایک کے مقابلے ۲؍میچ سے جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ پہلا موقع ہے جب بنگلہ دیش کی ٹیم نے افریقی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتی ہے۔ بنگلہ دیش کی کارکردگی اعتماد سے بھرپور تھی۔ تسکین احمد نے ۸؍ سال بعد ایک میچ میں ۵؍وکٹیں حاصل کیں اور اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے جنوبی افریقہ صرف ۱۵۴؍ رنوں  پر ڈھیر ہو گیا۔ اس کے بعد جب بنگلہ دیش ہدف کے تعاقب میں میدان میں اترا تو اس کے کپتان تمیم اقبال نے ۸۷؍رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو باآسانی ہدف تک پہنچا دیا۔ بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کی سرزمین پر ۲۶ء۳؍ اوور میں ایک وکٹ پر ۱۵۶؍ رن بنا کر تاریخی جیت حاصل کی۔یہ میچ ڈے نائٹ تھا لیکن میچ غروب آفتاب سے پہلے  ہی ختم ہو گیا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سیریز سے پہلے جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے گھر میں کبھی ون ڈے نہیں ہاری تھی۔  ٹاس جیتنے کے بعد کپتان ٹیمبا باؤما کا مشکل پچ پر بیٹنگ کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔ جنوبی افریقہ نے اچھی شروعات کی لیکن  ان کے اپر اور مڈل آرڈر بلے باز بہت زیادہ جارحانہ انداز میں بلے بازی کرنے کی کوشش میں اپنی وکٹیںگنواتے رہے۔ کئی بلے باز باؤنڈری مارنے کی کوشش میں خراب شاٹس کا شکار ہو گئے۔ 
 ان تمام واقعات کے باوجود ان کے گراؤنڈ پر فیصلہ کن میچ میں ۳۷؍اوور میں آل آؤٹ ہونا حیران کن تھا۔ جنوبی افریقہ کا مجموعی  طور  سے ۱۵۴؍رن  بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم کا سب سے کم سکور تھا۔ اس سیریز میں ہارنے سے ٹیم اب ون ڈے سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل میں نویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور اب ۲۰۲۳ءورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے کا راستہ مزید مشکل ہو گیا ہے۔
 بنگلہ دیش اس وقت ٹیبل میں سرفہرست ہے اور ان کا کھیل بھی ٹیبل ٹاپر کا بینچ مارک تھا۔ اگرچہ تسکین کے ۳۵؍رن پر ۵؍ وکٹیں جیت میں فیصلہ کن تھیں لیکن آف اسپنر مہدی حسن نے ساتویں اوور میں کوئنٹن ڈی کاک کی وکٹ ایسے وقت میں لیا جب جنوبی افریقہ کی اوپننگ جوڑی ۷؍ رن فی اوور بنانے میں مصروف تھی۔ ڈی کاک کےوکٹ نے گویا جنوبی افریقہ کی اننگز کو پٹری سے اتار دیا۔موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے تسکین نے  کائل ورین کو بھی آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد اننگز میں سب سے زیادہ ۳۹؍رن بنانے والے ینیمان ملان کو بھی انہوںنے پویلین بھیج دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK