جرمنی کی گھریلو لیگ کے آخری میچ راؤنڈ کے بعد بائرن میونخ فٹبال کلب اور بوروشیا ڈورٹمنڈ کے یکساں ۷۱۔۷۱؍پوائنٹس رہے
Updated: May 28, 2023, 9:36 AM IST | Munich
جرمنی کی گھریلو لیگ کے آخری میچ راؤنڈ کے بعد بائرن میونخ فٹبال کلب اور بوروشیا ڈورٹمنڈ کے یکساں ۷۱۔۷۱؍پوائنٹس رہے
جرمنی کی گھریلو فٹبال لیگ بنڈس لیگا کے چمپئن کا فیصلہ سنیچر کی رات ہوگیا۔ سنیچر کو ہونےو الے آخری میچ راؤنڈ میں سبھی ٹیموں نے سیزن کے اپنے اپنے آخری میچ کھیلے ۔ ان میچوں میں بوروشیا ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے میچ اہم تھے لیکن بائرن فٹبال کلب میچ جیتنے میں کامیاب رہا اور ڈورٹمنڈ کا میچ ۲۔۲؍گول سے ڈرا ہوگیا۔ اس کی وجہ سے دونوں کلبوں کے یکساں ۷۱۔۷۱؍پوائنٹس ہوگئے اور چمپئن کا فیصلہ گول کے فرق کی بنیاد پر کیا گیا۔ اس معاملے میں بائرن فٹبال کلب خوش قسمت رہا جس کے ۵۴؍ گول زیادہ تھے۔ دوسری طرف ڈورٹمنڈ فٹبال کلب کے ۳۹؍ گول تھے۔
سنیچر کو ہونےوالے میچ میں بائرن میونخ فٹبال کلب نے ایف سی کولون کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سےشکست دے دی۔ بائرن کی جا نب سے سب سے اہم گول جمال موسیالا نے کیا۔ انہو ںنے ۸۹؍منٹ میں سب سے اہم گول کیا۔ اس سے قبل ۴۵؍ویں منٹ میں لیروئے سانے کے گول کو وی آر اے کی وجہ سے رد کردیا گیا تھا۔ ۸؍ویں منٹ میں بائرن کی جانب سے پہلا گول کے کومن نے کیا تھا۔ کولون کی جانب سے واحد گول پنالٹی پر لوبی سچ نے کیا۔
دوسری طرف بوروشیا ڈورٹمنڈ نے اپنے ہی گھریلو میدان پر ناقص کارکردگی کامظاہرہ کیا اور مائنز کے خلاف ۲۔۲؍گول سے ڈرا کھیلا۔ بوروشیا ڈورٹمنڈ کی جانب سے ایک پنالٹی ضائع ہوگئی تھی۔ ڈورٹمنڈ کیلئے گریرو اور سولے نے ایک ایک گول کرنےمیں کامیابی حاصل کی۔ مائنز کی جانب سے ہینچے اولسین اور اونی سیو نے ایک ایک گول کیا۔
خیال رہے کہ آخری راؤنڈ میچ سے قبل ڈورٹمنڈ ٹاپ پوزیشن پر تھا اور اس نے ۲؍ پوائنٹس کی برتری حاصل کی تھی لیکن میچ ڈرا ہونے کی وجہ سے وہ برتری ختم ہوگئی اور دونوں فٹبال کلب کے برابر پوائنٹس ہوگئے۔ ۲۰۱۲ء کے ڈورٹمنڈ کو پہلی بار خطاب جیتنے کی امید تھی لیکن اس امیدوں پر اوس پر پڑ گئی اور بائرن نے ایک بار پھر چمپئن شپ پر قبضہ کرلیا۔ ا س فتح کے بعد اس کے منیجر تھامس ٹیوکیل بہت خوش نظر آرہے تھے۔