Inquilab Logo

بھونیشور کمار نے پہلی ہی گیندپر وکٹ لے کریکروزہ کرکٹ کا آغاز کیا تھا

Updated: February 05, 2021, 11:45 AM IST | Agency | New Delhi

سالگرہ پر خراج تحسین :’دی سوئنگ کنگ‘ کے نام سے مشہور بھوی نے پہلی بار سچن تینڈولکر کو گھریلو کرکٹ میں صفر پر آؤٹ کرنے کا اعزازبھی اپنے نام کیا ہے

Bhuvneshwar Kumar.Picture :INN
بھونیشور کمار ۔ تصویر :آئی این این

موجودہ وقت میں ہندوستان کے بہترین گیند بازوں میں سے ایک بھونیشور کمار  پوری دنیا میں اپنی اِن اور آؤٹ سوئنگ گیند  بازی کیلئے مشہور ہیں۔بھونیشور کمار ۵؍فروری ۱۹۹۰ءکو اتر پردیش پولیس فورس کے پولیس سب انسپکٹر ، اندریش پال سنگھ اور کرن پال سنگھ کے گھر میرٹھ میں پیدا ہوئے۔ ان کا پورا نام بھونیشور کمار سنگھ ہے۔ ان کے والد نے انہیں کرکٹ کا کھلاڑی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بھونیشور کمار دائیں ہاتھ کے میڈیم فاسٹ سوئنگ گیند بازی کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈرمیں  رائٹ  ہینڈ بیٹنگ بھی کرتے ہیں جس کی وجہ سے  ان کا شمار آل راؤنڈروں میں ہوتا ہے۔ بھونیشور کمار وکٹ کے دونوں جانب گیند کو سوئنگ کرانے میں مہارت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بہترین  گیندباز بن گئے ہیں۔ ان کے بغیر ہندوستانی کرکٹ ٹیم نامکمل معلوم ہوتی ہے۔
 بھونیشور کمار کو بچپن سے ہی کرکٹ کا جنون تھا اور صرف ۱۰؍سال کی کم عمری میں ہی انہوں نے شوق میں لیگ ٹورنامنٹ کھیلنا شروع کیا،جو ٹینس گیندکے ساتھ کھیلا جاتا تھا۔ وہ نہیں جانتے تھے کہ پروفیشنل کرکٹ جیسی کوئی چیز ہے۔ اس کے علاوہ ان کے اندر بولنگ کا ہنر بچپن ہی سے تھا لیکن ان کو اتنی سمجھ نہیں تھی۔ تاہم  ان کی بہن ان کی صلاحیتوں کو بخوبی جانتی تھی اور انہوں نے ہمیشہ بھونیشور کو کرکٹ کھیلنے کے لئے ترغیب دی اور محض  ۱۳؍سال کی عمر میں میرٹھ کی کرکٹ اکیڈمی میں داخلہ لے لیا۔ بھونیشور کمار کے بولنگ کوچ سنجے رستوگی نے انہیں سکھایا کہ کس طرح نئی گیند کو ہوا میں سوئننگ کرایا جاتا ہے۔
  کرکٹ کا جنون ان کے اندر اس قدر بڑھ گیا تھا کہ تیز بخار کے باوجود وہ میچ کھیلنے کے لئے گراؤنڈ میں پہنچ جایا کرتے تھے۔بھونیشور کمار  بہت ذہین طالب علم رہے اسی وجہ سے وہ کرکٹ کھیل کی تمام باریکیوں کو جلد ہی سمجھ گئے اور جلد ہی ایک اچھے کرکٹر کے طور پر ابھرے۔بھونیشور کمار نے ۱۷؍سال کی عمر میں اتر پردیش کے لئے رنجی ٹرافی کھیل کر اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد بھونیشور کمار ۱۹؍سال کی عمر میں پہلی بار مداحوں کی نظر میں اس وقت آئے جب انہوں نے ۲۰۰۸ءمیں رنجی ٹرافی کے فائنل میں سچن تندولکر کو صفر پر آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ گھریلو کرکٹ میں پہلی مرتبہ سچن تینڈولکر صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
 بھونیشور کمار پہلے ہندوستانی گیند باز ہیں جنہوں نے سال  ۲۰۰۸ءمیں رنجی ٹرافی میں ۳۵؍وکٹیں لے کر اپنی گیند بازی سے سب کو متاثر کیا۔ ۲۰۱۲ءمیں دلیپ ٹرافی کے سیمی فائنل میں انہوں نے شمالی زون کے خلاف ۸؍نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سینٹرل زون کے لئے اپنی پہلی سنچری بنائی۔   گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد بھونیشور کمار کو ٹیم انڈیا میں پاکستان کے خلاف ٹی ۔۲۰؍ کیلئے منتخب کیا گیا تھا جس میں انہوں نے مقررہ ۴؍  اوور میں محض  ۹؍رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کی تھیں اور اس شاندار کارکردگی کی مدد سے ٹیم انڈیا کی  ون ڈے ٹیم میں اپنے لئے جگہ بنالی۔ پھر انہوں نے ۳۰؍ دسمبر ۲۰۱۲ءکو پاکستان کے خلاف ون ڈے میں ڈیبیو کیا تھااور ون ڈے کرکٹ کی پہلی ہی گیند پر پاکستان کے بہترین بلے باز محمد حفیظ کو آؤٹ کیا تھا۔ اس  شاندار کارکردگی کی بنیاد پر انہیں آسٹریلیائی کے خلاف  ٹیسٹ ٹیم میں جگہ ملی۔ بھونیشور نے آسٹریلیا کے خلاف ۲۰۱۳ءکی بارڈر گاوسکر ٹرافی میں اپنی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اگرچہ پہلے  ٹیسٹ میچ میں بولنگ میں بھونیشورکمار ناکام رہے لیکن بلے بازی میں کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ نویں وکٹ کے لئے ۱۴۰؍رنوں کی پارٹنر شپ کی تھی۔اس کے بعد بھونیشور کمار نے گیند بازی  اور بلے بازی دونوں شعبوں میں ٹیم کیلئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
  فروری ۲۰۱۸ءمیں بھونیشور کمار ٹی ۔۲۰؍میں جنوبی افریقہ کے خلاف۵؍ وکٹیں لینے والے پہلے ہندوستانی گیند باز بن گئے۔  بھونیشور کمار نے اپنے یک ر وزہ کرکٹ کریئر میں اب تک ۱۴۴؍میچوں کی ۱۱۳؍ اننگز میں ۱۳۲؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہیں ایک مرتبہ  ۵؍وکٹ حاصل کرنے کا بھی شرف حاصل ہے جو انہوں نے ۳؍ستمبر ۲۰۱۷ءکو سری لنکا کے خلاف کولمبو میں لیا تھا۔ بھونیشور کمار کی بیٹنگ کارکردگی کو دیکھیں  تو انہوں نے اب تک ۱۱۴؍ میچوں کی ۵۲؍ اننگز میں ۵۲۶؍ رن بنائے ہیں جس  میں ان کا سب سے زیادہ اسکور ۵۳؍رن ہے جو انہوں نے ۲۴؍اگست ۰۱۷ء کو سری لنکا کے خلاف اسکور کیا تھا۔بھونیشور کمار کے بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ میں ایک نصف سنچری بھی ہے۔ بھونیشور اپنے ون ڈے کریئر میں ۱۵؍ مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے ۔ بھونیشور نے بین الاقوامی ون ڈے کریئر میں ۴۴؍چوکے اور ۸؍چھکے لگائے ہیں۔
  آئی پی ایل میں بھونیشور کمار نے رائل چیلنجر بنگلور کیلئے اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد  پونے واریئرز نے انہیں خریدا۔ لیکن ۲۰۱۴ءمیں پونے کی ٹیم کے بند ہونے کے بعد  وہ سن رائزرز حیدر آباد میں شامل ہوگئے ۔
 بھونیشور کمار نے   ٹیسٹ کرکٹ کریئر میں اب تک ۲۱؍میچوں میں۶۳؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے ۴؍مرتبہ ۵؍وکٹ اپنے نام کی ہیں۔ ان کی بہترین گیند بازی کی کارکردگی۸۲؍رن کے عوض ۶؍  وکٹ ہے جو انہوں نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں ۲۰۱۴ءمیں حاصل کی تھی۔ بھونیشور کمار کی بیٹنگ کی کارکردگی کو دیکھیں تو انہوں نے ۲۱؍میچوں کی ۲۹؍اننگز میں ۵۵۲؍رن بنائے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور ۶۳؍ رن ہے، جو انہوں  نے انگلینڈ کے خلاف ۲۰۱۴ء میں ٹرینٹ برج ، ناٹنگھم میں  بنائے تھے۔ بھونیشور کمار نے  ٹیسٹ کرکٹ میں ۳؍ نصف سنچریاں بھی بنائی ہیں۔ بھونیشور نے انٹرنیشنل  ٹیسٹ کریئر میں ۷۷؍ چوکے اور  ایک چھکا لگایا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK