Inquilab Logo

ناسک حلقہ کیلئے امیدوار طے کرنے کے معاملے میں مہایوتی شش و پنج میں مبتلا

Updated: April 29, 2024, 12:41 PM IST | Inquilab News Network | Nashik

چھگن بھجبل کا مہایوتی کو طنزیہ مشورہ :الیکشن سے ایک دن پہلے تک(۲۰؍مئی تک) نام فائنل کردیا جائے۔

Chhagan Bhajbal. Photo: INN
چھگن بھجبل۔ تصویر : آئی این این

ایک جانب ناسک لوک سبھا حلقہ کیلئے مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے شیوسینا (ادھو) کے سنّر کے سابق رکن اسمبلی راجا بھاؤ واجے کو امیدوار بنادیا گیا ہے۔ وہیں دوسری جانب مہایوتی اب بھی اپنے امیدوار کانام طے نہیں  کرپائی ہے۔ اس معاملے میں  این سی پی (اجیت پوار) کے لیڈر چھگن بھجبل نے مہایوتی پر طنز کیا ہے۔ اے بی پی ماجھا کی رپورٹ کے مطابق انہوں  نے کہا کہ ’’ووٹنگ سے ایک دن پہلے تک ناسک کی نشست کیلئے امیدوار کا نام فائنل کردیں۔ ‘‘ خیال رہے کہ مہایوتی میں  شامل تینوں  پارٹیاں ناسک پارلیمانی حلقہ کیلئے دعویداری کررہی ہیں۔ شیوسینا(شندے) کی جانب سے موجودہ رکن پارلیمان ہیمنت گوڈسے ایک بار پھر قسمت آزمائی کے خواہاں ہیں۔ جبکہ این سی پی (اجیت پوار) لیڈر چھگن بھجبل بھی اسی سیٹ سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند تھے، لیکن انہوں نے پھر قدم پیچھے ہٹالئے۔ اسکے باوجود این سی پی (اجیت پوار) کی جانب سے اس سیٹ پر دعویٰ برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’ بی جے پی کو ۴۰۰؍سے زائد سیٹیں اسلئے چاہئے کیونکہ وہ آئین بدلنا چاہتی ہے‘‘

جبکہ بی جے پی بھی اس سیٹ پر الیکشن لڑنے کیلئے مصر ہے۔ چھگن بھجبل نے کہا کہ ’’مجھے لگ رہا تھا کہ ناسک پارلیمانی حلقے کی سیٹ کیلئے میری وجہ سے دقت ہورہی ہے، اس لئے میں  نے یہاں  سے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کردیا۔ لیکن اب تو پرچہ نامزدگی کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے اور اب بھی مہایوتی کی جانب سے امیدوار کا نام طے نہیں ہوا ہے۔ ۲۰؍مئی کو ناسک میں ووٹنگ ہوگی۔ اسلئے اس سے ایک دن پہلے تک اس سیٹ پر امیدوار کا نام فائنل کردیا جائے۔ ‘‘
 اتوار کے روز اوبی سی لیڈر پرکاش شینڈگے کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے چپل کا ہار اچھالا اور سیاہی بھی پھینکی۔ اس پر بھجبل نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’پرکاش شینڈگے کی گاڑی پر حملہ قابل مذمت ہے۔ شینڈگے اوبی سی تحریک کے ایک سرگرم لیڈرہیں۔ میں  یہ کہنا چاہتا ہوں  کہ بابا صاحب امبیڈکر کے آئین نے سبھی کو الیکشن لڑنے کا حق دیا ہے۔ میرا مطالبہ ہے کہ شینڈگے کو پولیس سیکوریٹی دی جائے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK