افریقی ملک لیسوتھو کے خلاف کھیلے گئے میچ میں لارا کارڈوسو نے اپنی بالنگ سے حریف بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
EPAPER
Updated: April 10, 2026, 2:49 PM IST | Mumbai
افریقی ملک لیسوتھو کے خلاف کھیلے گئے میچ میں لارا کارڈوسو نے اپنی بالنگ سے حریف بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
عالمی کرکٹ میں اس وقت حیرت کی لہر دوڑ گئی جب برازیل ویمنس ٹیم کی تیزگیندباز لارا کارڈوسو نے ٹی ۲۰؍ انٹر نیشنل کی تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ لارا کارڈوسو مرد اور خواتین، دونوں طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہی اننگز میں۹؍وکٹیں حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔افریقی ملک لیسوتھو کے خلاف کھیلے گئے میچ میں لارا کارڈوسو نے اپنی تباہ کن بالنگ سے حریف بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ انہوں نے اپنے اسپیل کے دوران صرف۴؍ رن کے عوض۹؍کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی اس غیر معمولی کارکردگی نے کرکٹ کے تمام سابقہ ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔لارا کارڈوسو نے اس کارنامے کے ذریعے کرکٹ کی تاریخ کے کئی بڑے سنگ میل عبور کیے۔
یہ بھی پڑھئے: گجرات ٹائٹنز کی دہلی کیپیٹلز کے خلاف ایک رن سے سنسنی خیز فتح
اس سے قبل مینس ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں بہترین بالنگ کا ریکارڈ بھوٹان کے سونم یشی کے پاس تھا جنہوں نے ۲۰۲۵ء میں۸؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔
ویمنس ٹی ٹوینٹی میں انڈونیشیا کی روحمالیا نے ایک اننگز میں۷؍ وکٹیں حاصل کر کے ریکارڈ بنایا تھا جسے اب کارڈوسو نے بڑے مارجن سے توڑ دیا ہے۔برازیل نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں ۲۰۲؍رن کا بڑا اسکورکھڑا کیا تھا ۔ تاہم، جب لیسوتھو کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو لارا کارڈوسو کی بالنگ کے سامنے بے بس نظر آئی۔ لیسوتھو کی پوری ٹیم محض۱۳؍ رن پر آؤٹ ہوگئی۔برازیل نے یہ مقابلہ۱۸۹؍ رن کے بڑے فرق سے جیت کر نہ صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ لارا کارڈوسو کی بدولت کرکٹ کی کتابوں میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے محفوظ کر لیا۔