Inquilab Logo

گیندبازوں کی شاندارکارکردگی،ٹیم انڈیا نےجنوبی افریقہ کو ہرادیا

Updated: September 30, 2022, 1:10 PM IST | Inquilab News Networks | New Delhi

ارش دیپ،دیپک چاہر اور ہرشل پٹیل کی شاندار گیندبازی کے بعد کے ایل راہل اور سوریہ کمار یادو نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا ٹی۔۲۰؍میچ جیت لیا

Team India`s fast bowler Arshdeep Singh broke the back of South Africa`s batting..Picture:INN
ٹیم انڈیا کے تیز گیندباز ارش دیپ سنگھ نے جنوبی افریقہ کی بلے بازی کی کمر توڑ دی تھی۔ ۔ تصویر:آئی این این

بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ارش دیپ سنگھ(۳۲؍رن پر ۳؍وکٹ)،دیپک چاہر(۲۴؍رن پر ۲؍وکٹ)اور ہرشل پٹیل(۲۶؍رن پر ۲؍وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ۸؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹی۔۲۰؍میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔کافی وقت سے تنقید کے نشانے پر رہنے والے ٹیم انڈیا کے تیز گیندبازوںنے ترواننت پورم میں حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو بے بس کردیا۔ایک وقت ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے مہمان ٹیم ۵۰؍رنوں تک بھی نہیں پہنچ پائےگی اور ٹیم ٹی ۔۲۰؍ کرکٹ کی تاریخ میں اپنے کمترین اسکور پر آؤٹ ہو جائے گی۔حالانکہ بعد میں وائنپارنیل(۲۴) اور ہندوستانی نژاد کیشو مہاراج کے ۴۱؍رنوں کی بدولت جنوبی افریقہ۸؍ وکٹ پر ۱۰۶؍ رن بنانے میں کامیاب ہوگیا۔یاد رہے کہ ٹی۔ ۲۰؍ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کا سب سے کم ۸۷؍رن ہے جو اس نے اسی سال راجکوٹ میں ہندوستان کے خلاف ہی بنایا تھا۔
 چھوٹے اسکور کے تعاقب میں ہندوستان کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا اور روہت شرما بغیر کوئی رن بنائے جبکہ وراٹ کوہلی ۳؍ رن بناکر سستے میں آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کےایل راہل (۵۱) اور سوریہ کمار یادو(۵۰) نے ناٹ آؤٹ ہاف سنچریاں بناتے ہوئے تیسرے وکٹ کی شراکت میں ۹۳؍رن جوڑے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔سوریہ کمار کی یہ لگاتار دوسری ہاف سنچری ہے ۔اس سے قبل انہوںنے آسٹریلیا کے خلاف حیدرآباد میں  ۶۹؍رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔جنوبی افریقہ کے خلاف اننگز کے دوران کے ایل راہل کو ایک زندگی بھی ملی جب ۱۰؍ویںاوور میں گیندباز نورتجے نے اپنی ہی گیندبازی پر ان کا کیچ چھوڑ دیا تھا۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے حالات اور وکٹ کو دیکھتے ہوئے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔اس میچ میں تیز گیندباز جسپریت بمراہ اور بھونیشور کمار کی جگہ ٹیم میں شامل کئے گئے دیپک چاہر اور ارش دیپ سنگھ نے ۲ء۳؍اوور میں ہی ۹؍رن دیتے ہوئے جنوبی افریقہ کے ۵؍ بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھادیا۔گیندبازوں نے وکٹ پر موجود گھاس اور نمی کا بہتر فائدہ اٹھایا۔اننگز کے دوسرے اور اپنے پہلے اوور میں ارش دیپ سنگھ نے ۳؍وکٹیں حاصل کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی  بلے بازی کی کمر توڑ  کر رکھ دی۔ ا نہوں  نے کوئنٹن ڈی کاک، روسیو اور ملر کو اپنا شکار بنایا۔اننگز کے ابتدائی ۵؍ اووروں میں گیند کافی سوئنگ کر رہی تھی اور بلے باز کافی پریشان بھی نظر آئے۔ جنوبی افریقہ کےلئے ٹاپ آرڈر میں ایڈن مارکرم نے ۲۵؍ رن بنائے جبکہ ۷؍ویں نمبر پر بلے بازی کےلئے اترنے والے وائن پارنیل نے۲۴؍ رن بنائے۔کیشو مہاراج نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ ۴۱؍ رن بنائے۔انہوںنے اپنی اننگز کے دوران ۵؍چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK