Inquilab Logo

چمپئن لیگ:ریئل میڈرڈ کی مانچسٹر سٹی پرسنسنی خیز فتح

Updated: May 06, 2022, 1:17 PM IST | Agency

آخری لمحات میںروڈریگو نے ۲؍گول کیا،کریم بینزیما نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا،ریاض محریز کی محنت رائیگاں

Real Madrid`s Rodrigo Neymar scores 2 goals in 2 minutes against Manchester CityPicture:INN
ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی روڈریگو نے مانچسٹر سٹی کے خلاف۲؍منٹ میں ۲؍گول کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم رول ادا کیا۔۔ تصویر: آئی این این

:ریئل میڈرڈ نے بدھ کی دیر رات کھیلے گئے چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے کے مقابلے میں مانچسٹر سٹی کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں اس کا مقابلہ لیور پول سے ہوگا۔ریئل میڈرڈ نے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے کے میچ میں ایک کے مقابلے ۳؍ گول سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر ۵۔۶؍ کے اسکور کے ساتھ فائنل میں قدم رکھا۔ اس دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں مانچسٹر سٹی نے ۱۳؍بار کی چمپئن لیگ چمپئن ریئل میڈرڈ کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی لیکن وہ اس سبقت کو برقرار نہیں رکھ سکی ۔ ریئل میڈرڈ نے سٹی کے خلاف آخری لمحات میں  شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان پر آنے والے روڈریگو نے ۲؍منٹ میں ۲؍گول کردیا جبکہ کریم بینزیما نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے ٹیم کو ایک تین سے فتح دلا دی۔ واضح رہے کہ سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں مانچسٹر سٹی نے ریئل میڈرڈ کو ۳۔۴؍سے شکست دی تھی۔دوسرے مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےریئل میڈرڈ نے مجموعی طور پر ۵۔۶؍سے کامیابی حاصل کی اور فائنل میں قدم رکھا۔یاد رہے کہ ۲۰۱۸ء میں بھی ریئل میڈرڈ کا فائنل میں لیورپول سے مقابلہ ہوا تھا جہاں ریئل نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چمپئن لیگ کا ۱۳؍واں خطاب اپنے نام کیا تھا۔  دریں اثناسیمی فائنل میں شکست کے ساتھ ہی مانچسٹر سٹی کی چمپئن لیگ خطاب  پہلی بار جیتنے کی امیدیں ختم ہوگئیں۔پیپ گوارڈیالو کی ٹیم گزشتہ سال بھی فائنل میں پہنچی تھی لیکن اسے چیلسی کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ سیمی فائنل میںمانچسٹر سٹی کےلئے واحد گول ریاض محریز نے ۷۳؍ویں منٹ میں کیا تھا اور اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی تھی۔لیکن کھیل کے آخری لمحات میں ۹۰؍ویں منٹ اور اس کے اگلے منٹ پر برازیل کے فارورڈ کھلاڑی روڈریگو نے۲؍ گول کرتے ہوئے اسکور دو ایک کر دیا اور اس طرح مجموعی طور پر دونوں ٹیمیں برابری پر آگئیں۔اس کے بعد کھیل ایکسٹرا ٹائم میں کھیلا گیا جہاں کریم بینزیما نے ۹۵؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا۔کریز بینزیما کا یہ اس سیزن میں چمپئن لیگ کا ۱۵؍واں گول تھا جبکہ ناک آؤٹ مرحلے میں ۱۰؍واں گول تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK