Inquilab Logo Happiest Places to Work

چنئی کے سامنے پاور پلے کا فائدہ اٹھانے کا موقع تھا : ویبھو سوریا ونشی

Updated: March 31, 2026, 5:06 PM IST | Guwahati

اپنے ۱۵؍ویں جنم دن کے محض تین دن بعد، ویبھو سوریا ونشی نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء سیزن کا آغاز صرف ۱۵؍ گیندوں میں نصف سنچری بنا کر کیا۔ یہ کارکردگی اس لیے بھی غیر معمولی تھی کیونکہ اسی پچ پر چنئی سپر کنگز کی پوری ٹیم ۱۲۷؍ رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

Vaibhav Suryavanshi.Photo:PTI
ویبھوسوریا ونشی۔ تصویر:پی ٹی آئی

 اپنے ۱۵؍ویں جنم دن کے محض تین دن بعد، ویبھو سوریا ونشی نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء سیزن کا آغاز صرف ۱۵؍ گیندوں میں نصف سنچری بنا کر کیا۔ یہ کارکردگی اس لیے بھی غیر معمولی تھی کیونکہ اسی پچ پر چنئی سپر کنگز کی پوری ٹیم ۱۲۷؍ رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
راجستھان رائلز (آر آر) کی آٹھ وکٹوں سے جیت کے بعد سوریا ونشی نے کہا کہ ٹیم کا منصوبہ پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھانا تھا، اسی لیے انہوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ’’ہماری منصوبہ بندی پاور پلے کو بہتر طریقے سے عملی جامہ پہنانے کی تھی۔ شروع میں وکٹ تھوڑا سست لگ رہی تھا، لیکن گیند پرانی ہونے پر بلے پر اچھی طرح آنے لگی۔‘‘
 سوریا ونشی نے اپنی بلے بازی کے بارے میں کہا’’میں ڈیفنس کے بارے میں بھی سوچتا ہوں، لیکن آج ہمارا پلان پاور پلے میں کھیلنے کا تھا۔ چھوٹے ہدف والے میچز کا فیصلہ پاور پلے میں ہی ہو جاتا ہے۔ اگر بولنگ ٹیم پاور پلے میں اچھا کرتی تو میچ ان کے حق میں جا سکتا تھا، لیکن ہم نے مکمل حملہ کیا اور ہمارا پاور پلے کامیاب رہا۔‘‘
یاد رہے کہ سوریا ونشی کو پہلی ہی گیند پر چنئی کے ڈیبیو کھلاڑی کارتک شرما نے موقع دیا تھا، جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ پاور پلے ختم ہونے تک وہ ۱۶؍ گیندوں میں ۵۲؍ رنز بنا چکے تھے، جس میں پانچ چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ ۶؍ اوورز کے بعد راجستھان کا اسکور بغیر کسی نقصان کے ۷۰؍ رنز تھا۔


 سوریا ونشی نے بتایا کہ راجستھان رائلز کے مینجمنٹ نے انہیں اپنا نیچرل گیم کھیلنے کی مکمل آزادی دی ہے۔ ’’انہوں نے بس اتنا کہا کہ ہم تمہیں سپورٹ کر رہے ہیں، تم اپنی فطری گیم کھیلو۔ پریکٹس سیشنز بھی اچھے رہے اور ہم یہاں وقت سے پہلے آگئے تھے، جس سے تیاری میں مدد ملی۔‘‘
واضح رہے کہ سوریا ونشی نے ۲۰۲۵ء میں ۱۴؍ سال کی عمر میں آئی پی ایل آغاز کیا تھا۔ انہوں نے آئی پی ایل تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری (۳۵؍ گیندوں پر) اسکور کی تھی اور گزشتہ سیزن میں۵۵ء۲۰۶؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۲۵۲؍ رنز بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:چنئی سپر کنگز کو چھوڑنا جذباتی تھا : رویندر جڈیجہ


 راجستھان رائلز کے کپتان ریان پراگ نے سوریا ونشی کو یقین دلایا ہے کہ وہ ۲۰۲۶ء سیزن کے تمام ۱۴؍ میچز کھیلیں گے، چاہے ان کی کارکردگی کیسی ہی رہے۔ پراگ نے انہیں مشورہ دیاکہ ’’تم تمام میچز کھیلو گے، باہر کیا کہا جا رہا ہے اس سے تمہیں فرق نہیں پڑنا چاہیے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:’’دُھرندھر‘‘ کی کامیابی کے بعد ارجن رامپال نےاپنی کامیابی کا رازبتایا


پراگ نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی بتایا کہ ٹیم سوریا ونشی کو خوش رکھنے کے لیے انہیں نیٹ سیشنز میں زیادہ بلے بازی کا موقع دیتی ہے اور ان کا پسندیدہ ناشتہ بھی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’’جب میں اور دھرو جریل ڈگ آؤٹ میں بیٹھے ان کی بیٹنگ دیکھ رہے تھے، تو ہم ایک دوسرے کا منہ تک رہے تھے۔ وہ ایک خاص ٹیلنٹ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ وہ ہماری ٹیم کا حصہ ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK