Updated: July 05, 2025, 10:56 AM IST
|
Agency
| New Delhi
چراغ چندرشیکھرشیٹی ایک ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں۔ چراغ شیٹی ہندوستان کے ٹاپ ڈبلز کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، جو اپنے جارحانہ نیٹ پلے، فوری اضطراری انداز اوربہترین سروس کے لیےجانے جاتےہیں۔ چراغ کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ ان کا نیٹ کنٹرول بہت اچھا ہے۔ وہ اپنے حریف کا کھیل سمجھنے کےماہر ہیں۔
چراغ شیٹی بھی ایک مشہور کھلاڑی ہیں۔ تصویر: آئی این این
چراغ چندرشیکھرشیٹی ایک ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں۔ چراغ شیٹی ہندوستان کے ٹاپ ڈبلز کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، جو اپنے جارحانہ نیٹ پلے، فوری اضطراری انداز اوربہترین سروس کے لیےجانے جاتےہیں۔ چراغ کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ ان کا نیٹ کنٹرول بہت اچھا ہے۔ وہ اپنے حریف کا کھیل سمجھنے کےماہر ہیں۔ ان دو خوبیوں کی وجہ سے وہ مسلسل ترقی کررہےہیں۔ انہوں نے ڈبلز میچوں میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ تکنیکی پہلو پر بھی کام کیا ہے۔
چراغ چندرشیکھر شیٹی کی پیدائش۴؍جولائی ۱۹۹۷ءکو ہوئی۔ ممبئی میں چندرشیکھر اور سجاتا شیٹی کے ہاں ان کی پیدائش ہوئی۔ انہوں نے گوریگاؤں اسپورٹس کلب میں واقع ادے پوار بیڈمنٹن اکیڈمی میں تربیت شروع کی، لیکن بعد میں وہ حیدرآباد کی گوپی چند بیڈمنٹن اکیڈمی میں چلے گئے۔ چراغ جب تقریباً ۷؍سال کے تھے تو وہ اپنے والد چندر شیکھر شیٹی کی انگلی پکڑ کر اکیڈمی آیا کرتے تھے۔ چراغ کو بیڈمنٹن سیکھنے کا بے پناہ جنون تھا۔ انہوں نے تقریباً۵؍سال تک کوچنگ لی۔ اس کے بعد چراغ نےساڑھے ۱۲؍سال کی عمر میں پروفیشنل بیڈمنٹن کھلاڑی بننے کا سوچا تو اس کھیل کو زیادہ سنجیدگی سے کھیلنا شروع کر دیا۔
شیٹی نے ابتدائی طور پر ارجن ایم آر کے ساتھ شراکت کی، لیکن بعد میں کوچ ٹین کم ہیر کے ذریعہ ستوک سائراج رینکیریڈی کے ساتھ جوڑی بنائی گئی۔ ۲۰۱۸ءمیں، شیٹی اور رینکیریڈی نے ۲۰۱۸ء کامن ویلتھ گیمز میں مکسڈ ٹیم ایونٹ میں ہندوستان کو ایک تاریخی گولڈ میڈل دلانے میں اہم کردار ادا کیا، جہاں انہوں نے مردوں کے ڈبلز میں چاندی کا تمغہ بھی جیتاتھا۔ انہوں نے فائنل میں اکبر بنتانگ کاہیونو اور محمد رضا پہلوی اصفہانی کی انڈونیشی جوڑی کو شکست دے کر حیدرآباد اوپن میں اپنا پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور ٹائٹل جیتا۔ ۲۰۱۹ءمیں، اس جوڑی نے بی ڈبلیو ایف سپر سیریز یا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور ٹائٹل جیتنے والی پہلی ہندوستانی ڈبلز جوڑی بن کر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے تھائی لینڈ اوپن جیت کر یہ کارنامہ انجام دیا جہاں انہوں نے فائنل میں چینی جوڑی لی جونہوئی اور لیو یوچن کو شکست دی۔ اس کے علاوہ، وہ۲۰۱۹ءکے فرنچ اوپن میں رنر اپ تھے، جہاں وہ فائنل میں مارکس فرنلڈی گیڈون اور کیون سنجایا سوکامولجو کی انڈونیشی جوڑی سے ہار گئے۔
۲۰۱۶ءمیں انڈیاانٹرنیشنل سیریز، ماریشس انٹرنیشنل، بنگلہ دیش انٹرنیشنل اور ٹاٹا اوپن انڈیا انٹرنیشنل میں اپنے ساتھی ستوک سائراج رینکیریڈی کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مردوں کے ڈبلز ایونٹ میں ۲۰۱۷ءویتنام انٹرنیشنل کے فاتح قرار دیئے گئے۔ ۲۰۱۸ءکے کامن ویلتھ گیمزمیں بالترتیب مکسڈ ٹیم اور مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں سونے اور چاندی کا تمغہ جیتاتھا۔ ۲۰۱۸ءمیں حیدرآباد اوپن (سپر۱۰۰؍)کے فاتح اپنے پارٹنر ستوک سائراج رینکیریڈی کے ساتھ قرار دیئے گئے۔ مینز ڈبلز ایونٹ میں ۲۰۱۹ءتھائی لینڈ اوپن (سپر ۵۰۰؍)کاٹائٹل جیتا۔ مینز ڈبلز ایونٹ میں ۲۰۱۹ءبرازیل انٹرنیشنل میں جیت کر ابھرے۔ مردوں کے ٹیم ایونٹ میں ۲۰۲۰ء بیڈمنٹن ایشیا چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتا۔
چراغ شیٹی کو ان کی شاندار کامیابیوں پر ارجن ایوارڈ اور کھیل رتن ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ وہ حکومت ہند سے میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔