Updated: September 02, 2026, 1:14 PM IST
| İstanbul
سرائیو اپنی تاریخی خوبصورتی کے ساتھ موسیقی، سنیما اور ثقافتی سرگرمیوں کا عالمی مرکز بنتا جا رہا ہے، جہاں بڑے ایونٹس نے سیاحوں کی ریکارڈ تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔ ڈینو مرلن کے کانسرٹس اور سرائیو فلم فیسٹیول جیسے بڑے پروگراموں نے شہر کی سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی نمایاں فروغ دیا ہے۔
بوسنیا و ہرزیگووینا کے شہر سرائیو میں باش چارشیا اسکوائر کا سیبیلج فوارہ۔ تصویر: ایکس
بوسنیا و ہرزیگووینا کا تاریخی دارالحکومت سرائیو (Sarajevo) اس بار گرما میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ میوزک کانسرٹس، ثقافتی پروگرام اور بین الاقوامی سطح پر مشہور `سرائیو فلم فیسٹیول کے باعث یورپ اور دنیا بھر سے ریکارڈ تعداد میں لوگ یہاں پہنچ رہے ہیں۔ خبررساں ایجنسی فیڈرل کے مطابق، صرف جولائی کے مہینے میں ایک لاکھ سے زیادہ سیاحوں نے سرائیو کا رخ کیا۔ اپنے تاریخی ورثے کے ساتھ یہ شہر اب موسیقی، سنیما، بہترین کھانوں اور قدرتی نظاروں کی وجہ سے بھی سیاحوں کی پہلی پسند بنتا جا رہا ہے۔ جولائی کے آخر اور اگست کے آغاز میں علاقائی پاپ اسٹار ڈینو مرلن (Dino Merlin) کے کوسیوو اسٹیڈیم میں تین کانسرٹس ہوئے، جن میں مجموعی طور پر ۲؍لاکھ سے زیادہ لوگ شریک ہوئے۔ پورے بالکن خطے اور یورپ سے اتنی بڑی تعداد میں لوگ پہنچے کہ شہر کے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسیز میں جگہ کم پڑ گئی۔
یہ بھی پڑھئے: گوگل میپس پر ’’لیک اونٹاریو‘‘ کا نام ’’لیک امریکہ‘‘، کنیڈا کا سخت ردِعمل
ان تین دنوں کے دوران سرائیو میں تقریباً ۷۸؍ ملین یورو (۹۱؍کروڑ ڈالر) کا مالی کاروبار ہوا جس سے مقامی ریستورانوں، کیفے، دکانوں اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو زبردست معاشی فائدہ پہنچا۔ ان کانسرٹس کے بعد ۱۳؍اگست کو برطانیہ کے مشہور الیکٹرانک میوزک گروپ د ی پروڈیگی (The Prodigy) کا شو ہوا اور اگلے ہی دن ۳۲؍ویں سرائیو فلم فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہو ا۔ یہ فلم فیسٹیول پہلی بار ۱۹۹۵ءمیں سرائیو کے محاصرے کے آخری دنوں میں ہوا تھا جو اب جنوبی مشرقی یورپ کا سب سے بڑا فلمی میلہ بن چکا ہے۔ اس سال فیسٹیول میں ووڈی ہیریلسن، ایملی واٹسن، پاول پاولیکوسکی، ڈیگو لونا، اصغر فرہادی اور سیلین سیاما جیسے عالمی شہرت یافتہ فنکاروں اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھئے: زیرِ حراست نکولس مادورو نے پہلی تصویر شیئر کی، مقدمہ جون ۲۰۲۷ء میں شروع ہوگا
ان تفریحی تقاریب کے علاوہ، سرائیو عثمانی دور اور آسٹرو-ہنگرین طرزِ تعمیر کا ایک خوبصورت امتزاج پیش کرتا ہے۔ یہاں آرک ڈیوک فرانس فرڈینینڈ کے قتل سے جڑے تاریخی مقامات اور ۱۹۹۲ء اور ۱۹۹۵ءکی جنگی یادگاریں بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ، شہر کے بالکل قریب واقع اولمپک پہاڑ (جیسے تریبویچ، بیلاشینیکا، اگمان اور یاہورینا) سیاحوں کو ہائیکنگ، سائیکلنگ اور ونٹر اسپورٹس کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ بڑے ایونٹس اب سرائیو کی سیاحتی معیشت کیلئے انتہائی اہم ثابت ہو رہے ہیں، کیونکہ ان کی وجہ سے نہ صرف نئے سیاح یہاں آ رہے ہیں بلکہ وہ شہر میں زیادہ دن قیام کر رہے ہیں اور کھل کر خرچ بھی کر رہے ہیں۔