یہ مضمون دراصل خط ہے جو ماہنامہ ’’نقوش‘‘ کے مدیر محمد طفیل کو لکھا گیا تھا۔ ہرچند کہ اس میں اُردو اور اس حوالے سےدیگر زبانوں کے جو حالات بیان کئے گئے ہیں وہ اب سے کم و بیش نصف صدی پہلے کے ہیں مگرمضمون (مکتوب) میں کئی باتیں بہت کام کی ہیں خصوصاً یہ کہ زبانوں کو توڑا مروڑا نہیں جاسکتا۔
جن زبانوں کی سرپرستی بھارت کی حکومت کر رہی ہے ان میں سے ایک اردو بھی ہے۔ ہرچند کہ بھارت کی قومی زبان ہندی قرار دی گئی ہے۔ پھر بھی بھارت کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک اُردو ہی راج رج رہی ہے، بلکہ یوں کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ ہندی کی چھاتی پر مونگ دل رہی ہے۔ بارہ سال کے بعد میں ایک خیرسگالی کے وفد میں دلی گیا تھا۔ مجھے تو ۲۴ ؍ لاکھ کی (اُس وقت کی) آبادی میں ایک بھی ہندی بولنے والا نہیں ملا۔ ہاں لکھنے والے بہت سے ملے مگر وہ بھی بولتے اردو ہی ہیں۔ پھر پانچ کروڑ مسلمان جو وہاں ہیں وہ کون سی زبان بولتے ہیں؟ ہندو تو ہندی بولتا ہی نہیں، مسلمان کیا کھا کر ہندی بولے گا؟
بھارت میں کاغذ پر قومی زبان ہندی ہے مگر آج بھی بھارت کی عام زبان اردو ہی ہے۔اردو کے دشمن تک اردو بولنے پر مجبور ہیں اور اگر ہٹ دھرمی سے ریڈیو وغیرہ پر ہندی بولتے ہیں تو کسی کے پلے نہیں پڑتا کہ کیا فرمایا گیا۔ لاچار ہو کر آل انڈیا ریڈیو کو روزانہ ایک اُردو بلیٹن بھی نشر کرنا پڑا اور کسی کا تو ذکر ہی کیا، پنڈت جواہر لال نہرو کی تقریر جب چاہے سن لیجئے۔ ایک آدھ لفظ مصلحتاً ہندی کا بیچ میں ڈال دیتے ہیں، ورنہ ساری تقریر اردو ہی میں ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: زندگی اور فن میں ذہنی تنہائی کا کوئی بدل نہیں
اردو کی تاریخ میں اس کی تدریجی ترقی دیکھئے اور دیکھئے کہ حضرت امیر خسرو کے وقت میں اردو کیا تھی؟ اور رفتہ رفتہ وہ اردو کیسے بنی، جس کے وارث ہم ہیں۔ اس کے بعد آپ اندازہ لگا سکیں گے کہ مستقبل میں اردو کیسی ہوگی۔ اردو تو ہمیشہ اپنے ماحول سے متاثر ہو کر بدلتی چلی آ رہی ہے۔ مقامی زبانوں کے الفاظ اس میں ہمیشہ نفوذ کرتے رہے ہیں۔ دکھنی اردو کی بین مثال ہمارے سامنے ہے۔ پشتو، پنجابی، سندھی اور بلوچی کے الفاظ اور محاورے بھی ’’حسب ضرورت‘‘ اس میں جگہ پاتے جائینگے۔ یہ چھوٹی زبانیں تو اردو کے لئے خون صالح مہیا کریں گی، خدانخواستہ ان زبانوں سے اردو کو کسی قسم کا بیر نہیں ہے۔ اردو تو دامن پھیلا کر ان سے امداد لےگی۔ چھوٹے دریا ہمیشہ بڑے دریا میں شامل ہو کر اسے زندہ رکھتے ہیں۔ اسی طرح اُردوئے معلیٰ ہے، آج کل کی اردو کو ضرورت ہوگی تو اس سے بھی مدد لے گی۔
اعلیٰ درجے کی اردو کو چھوڑ کر ہم ادنیٰ درجے کی اردو کو رواج نہیں دے سکتے۔ مگر اس کے ساتھ ہی آپ کا یہ کہنا کہ، ’’آج اگر کوئی یہ اعتراض کرے کہ ’’میں نے جانا ہے، غلط ہے تو وہ کوئی دانش مندی کا ثبوت نہیں دےگا۔‘‘ دل کو نہیں لگا۔ ایک طرف تو آپ اردوئے معلیٰ کو رواج دینا ایک غیر دانشمندانہ فعل قرار دیتے ہیں اور دوسری طرف آپ غلط اردو کو رواج دینے پر مصر ہیں، کیوں کہ آپ سمجھتے ہیں کہ ’’آج اردو کو اہل پنجاب کے مزاج کا ساتھ دینا ہوگا۔‘‘ یہ ’’نے‘‘ کا اُشغُلہ کوئی تیس سال پہلے محمد دین تاثیر مرحوم نے چھوڑا تھا۔ مرحوم کے دماغ میں نت نئی شرارتیں جنم لیتی تھیں چنانچہ انہوں نے اپنی ایک غزل میں یہ مصرعہ رکھ دیا تھا: ’’تو نے الفت مجھ سے کرنی ہے تو کر میرے لئے‘‘۔ اس وقت اس پر خاصی لے دے ہوئی تھی اور تاثیر کا مقصد بھی یہی تھا کہ کچھ ہنگامہ ہو۔ انہوں نے لکھا تھا کہ مجھے اس میں زیادہ ترنم معلوم ہوتا ہے مگر یہ ترنم صرف تاثیر ہی کو سنائی دیا اور بس ایک ہی دفعہ سنائی دیا۔ اس کے بعد انہوں نے بھی اپنی نظم یا نثر میں اس ترنم کا استعمال نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’آل اِنڈیا ریڈیو کی اُردو نشریات کا انتظار رہتا تھا ‘‘
اس وقت لاہور ہی میں ڈاکٹر اقبال، شیخ عبد القادر، ظفر علی خاں، سالکؔ، مہرؔ، امتیاز علی تاجؔ، پطرسؔ، حامد علی خاں، صلاح الدین احمد، میرا جیؔ، حفیظؔ، حسرت جیسے جلیل القدر بزرگانِ ادب موجود تھے۔ کسی نے تاثیر کی تائید نہیں کی۔ کسی نے اس مترنم ’’نے‘‘ کو اختیار کر کے اپنی تخلیقات کو وقیع تر نہیں بنایا اور اس تیس سال کے عرصے میں پنجاب کے ہزاروں اچھے شاعروں اور ادیبوں میں سے کسی نے اس ترنم زدہ بدعت کو اختیار نہیں کیا۔
ڈاکٹر تاثیر نہایت ذہین اور قابل آدمی تھے۔ مگر انہوں نے بھی پطرسؔ کی طرح ادب کا کوئی علمی کام نہیں کیا۔ ایک دفعہ تاثیرؔ نے ایک مشہور ماہنامہ میں کسی شاعر کا تذکرہ لکھا اور اس کا نمونۂ کلام بھی پیش کیا۔ ہمارے محققین میں بڑی واہ واہ ہوئی۔ بعد میں تاثیر نے بتایا کہ سرے سے اس شاعر کا وجود ہی نہیں تھا۔ سب من گھڑت تھی۔ نمونۂ کلام بھی خود ہی گڑھ دیا تھا۔ مرحوم کو ایسی انوکھی شرارتیں سوجھا کرتی تھیں۔ اب تیس سال بعد آپ کو اس پر اصرار ہوا ہے کہ ’’میں نے جانا ہے‘‘ کو صحیح مانو ورنہ پنجاب کا مزاج برہم ہو جائےگا۔ جی، تو میں اسے غلط ہی کہوں گا۔ لاہور ہی میں اب بھی کئی مستند بزرگ خدا کے فضل سے موجود ہیں۔ چلئے مولانا مہر اور مولانا صلاح الدین احمد (اور حضرات بھی ہوں گے جو اس وقت یاد نہیں آ رہے) سے اس ’’نے‘‘ کے بارے میں ان کی رائے اور لے لیجئے۔بولنے کی زبان اور ہوتی ہے اور لکھنے کی اور۔ بولنے میں مقامی الفاظ اور محاورے اور لہجہ سب چلتا ہے۔ مگر لکھنے میں اہلِ زبان ہی کی تقلید کی جاتی ہے۔
دکن کے کسی ادیب یا شاعر کو ہَو (ہاں) نکو (نہیں) پن (لیکن) پانی نہانا۔ میرے کو (مجھے) اور سیکڑوں مقامی الفاظ اور محاوروں کو اپنی تخلیقات میں داخل کرتے آپ نے کبھی دیکھا؟ اگر من مانی کرنے کی ادب و شعر میں کھلی چھٹی مل جاتی تو اردو مینار ِبابل بن جاتی۔
یہ بھی پڑھئے: وہ لوگ جو چلے گئے...
ان کالموں میں طویل مضمون یا مکتوب کا ایک حصہ دیا گیا ہے مگر اس کے دوسرے حصوں میں بھی بہت اہم جملے شاہد احمد دہلوی نے لکھے ہیں، وہ بھی ملاحظہ فرمائیں:
اب یہ کہ ’’لکھنؤ نہ وہ لکھنؤ ہے۔ نہ دلی وہ دلی ہے۔ اردو کے طالب علم کدھر جائیں؟ کسے اپنا امام تسلیم کریں؟ کس سے سند پائیں؟‘‘ اس مسئلہ کو واقعی حل کرنے کی ضرورت ہے۔
زبان کے مرکز کسی کے قائم کئے سے قائم نہیں ہوتے۔ جس طرح فطری زبانیں خود بخود بنتی ہیں، زبان کے مرکز بھی خود بخود بنتے ہیں۔ جہاں ثقہ اہل زبان، مستند شاعر اور ادیب زیادہ ہوتے ہیں وہ شہر مرکز بن جاتا ہے۔
اگر امیرؔ و داغؔ، آزادؔ و سرشارؔ مر چکے ہیں تو ان کے دیوان اور ان کی کتابیں تو نہیں مریں؟ وہ اپنی گزار گئے مگر ہمارے لئے ہدایت کے چراغ تو چھوڑ گئے۔