بینکرافٹ نے اپنے مضمون میں گزشتہ جمعہ کو سڈنی میں کمنز کی ۶۸؍ منٹ کی پریس کانفرنس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خاصی جذباتی زبان استعمال کی۔
EPAPER
Updated: November 20, 2026, 1:03 PM IST | Agency | Melbourne
بینکرافٹ نے اپنے مضمون میں گزشتہ جمعہ کو سڈنی میں کمنز کی ۶۸؍ منٹ کی پریس کانفرنس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خاصی جذباتی زبان استعمال کی۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ انہیں ۲۰۱۸ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔ بدھ کی شام کیمرون بینکرافٹ کے ۴؍ہزار الفاظ پر مشتمل بیان میں انکشافات کے بعد کمنز نے اپنا موقف دہرایا۔
تقریباً ساڑھے ۸؍ سال پرانے اس واقعہ سے متعلق بینکرافٹ کے بیان میں ان الزامات کی تائید ہوتی ہے جن کے بارے میں عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو اس منصوبے کی اطلاع تھی۔ بینکرافٹ نے پورٹ ایلزبیتھ اور کیپ ٹاؤن میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات کی تفصیلات بیان کی ہیں، جس سے آسٹریلیائی کرکٹ میں ایک بار پھر ہلچل مچ گئی ہے۔ یہ بیان کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کی جانب سے ۲۰۱۸ء کے دورے سے وابستہ افراد کو اپنا موقف پیش کرنے کے لیے ایک آزاد پلیٹ فارم قائم کرنے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا۔
یہ بھی پڑھئے: چیلسی کی خواتین ٹیم نے پی ایس جی کو شکست دے دی
بینکرافٹ نے اپنے مضمون میں گزشتہ جمعہ کو سڈنی میں کمنز کی ۶۸؍ منٹ کی پریس کانفرنس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خاصی جذباتی زبان استعمال کی۔ اس پریس کانفرنس میں آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان نے خواجہ کے اس دعوے کو پوری طرح غلط قرار دیا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اس منصوبے سے واقف تھے۔ کمنز نے خواجہ پر لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام بھی لگایا تھا۔بینکرافٹ نے اپنے مضمون میں یہ بھی بتایا کہ ۲۰۲۱ء میں دی گارجین کو ان کے بیان کے بعد انہیں دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ گیندبازوں کو اس منصوبے کی معلومات ہونا واضح بات تھی۔ اس کے بعد آسٹریلیا کے چاروں اہم تیز گیندبازوں نے مشترکہ بیان جاری کرکے ان کے دعوے کو مسترد کردیا تھا۔گزشتہ ہفتے پریس کانفرنس میں کمنز نے کہا تھا کہ ان کے اور بینکرافٹ کے درمیان کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔ کیپ ٹاؤن میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کا واقعہ سامنے آنے کے وقت کمنز اپنا ۱۳؍واں ٹیسٹ کھیل رہے تھے۔ انہوں نے کہا تھاکہ میں کیمرون کو بہت پسند کرتا ہوں۔ وہ میری ہی عمر کا ہے اور میں نے اس کے ساتھ جونیئر کرکٹ بھی کھیلی ہے۔