Inquilab Logo

روہت کے بارے میں ۱۱؍ دسمبر کو فیصلہ ، ایشانت ٹیسٹ سیریز سے باہر

Updated: November 28, 2020, 3:14 AM IST | New Delhi

بی سی سی آئی کے سکریٹری نے کہاکہ روہت شرما بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہیں جبکہ ایشانت شرما فٹنیس ثابت نہیں کرسکے ۔

Rohit Sharma. Photo : INN
روہت شرما۔ تصویر: آئی این این

اوپنر روہت شرما کی فٹنیس سے متعلق فیصلہ ان کے اگلے فٹنیس ٹیسٹ کے بعد۱۱؍ دسمبر کو کیا جائے گا جبکہ فاسٹ بالر ایشانت شرما کو آسٹریلیا کے خلاف ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی بارڈر - گاوسکر ٹرافی سے باہر کردیا گیا ہے۔جمعرات کی شب جاری ایک بیان میں بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جئے شاہ نے روہت شرما اور ایشانت شرما کی فٹنیس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا کہ روہت بنگلورمیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ری ہیبلی ٹیشن سے گزر رہے ہیں اور ان کا اگلا ٹیسٹ ۱۱؍دسمبر کو کیا جائے گا ، جس کے بعد بی سی سی آئی ۱۷؍ دسمبر سے شروع ہونے والی ۴؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں روہت کی شرکت کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
 جئے شاہ نے بتایا کہ روہت آئی پی ایل میں پانچویں بار ممبئی انڈینس کو چمپئن بنانے کے بعد اپنے بیمار باپ کو دیکھنے ممبئی آئے تھے۔ ان کے والد کی حالت بہتر ہو رہی ہے ، جس سے انہیں این سی اے کا دورہ کرنے اور اپنا ری ہیبلی ٹیشن شروع کرنے کی اجازت مل گئی ۔بی سی سی آئی نے کہا کہ جہاں تک ایشانت شرما کا تعلق ہے تو وہ اپنی پسلیوں کے کھنچاؤ سے پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں لیکن ایشانت کو ٹیسٹ میچ کی فٹنیس دوبارہ حاصل نہ ہونے تک بارڈر-گاوسکر ٹرافی سے باہر کردیا گیا ہے۔اس سے قبل یہ خبر بھی موصول ہوئی تھی کہ روہت اور ایشانت آسٹریلیا کے خلاف پہلے ۲؍ ٹیسٹ سے باہر ہوچکے ہیں ۔ روہت ہیمسٹرنگ انجری سے اور ایشانت شرما پسلیوں میں کھنچاؤ کے شکار ہیں ۔ دونوں کو یہ چوٹ متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل میچوں کے دوران لگی تھی۔ ایشانت آئی پی ایل چھوڑ کر وطن واپس آئے تھے ، جبکہ روہت اپنی ٹیم ممبئی انڈینس کو ۵؍ویں بار آئی پی ایل چمپئن بنانے کے بعد وطن واپس آئے تھے۔ دونوں بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیبلی ٹیشن سے گزر رہے تھے۔
 بی سی سی آئی کے تازہ ترین بیان کی بنیاد پر یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ روہت کا ٹیسٹ سیریز میں کھیلنا مشکوک ہو گیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے بھی کہا تھاکہ ٹیم انڈیا کے افتتاحی بلے باز روہت شرما ۷۰؍فٹ ہیں اور انہیں مکمل فٹنیس حاصل کرنے کیلئے بنگلور میں رہنا ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK