Updated: November 18, 2026, 7:57 PM IST
| New Delhi
ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی فضائی کمپنی ایئر انڈیا ایکسپریس نے اپنے چیف فنانشل آفیسر(سی ایف او) دیپک رجاوت کو کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او ) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ یکم دسمبر ۲۰۲۶ ء سے باضابطہ طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی فضائی کمپنی ایئر انڈیا ایکسپریس نے اپنے چیف فنانشل آفیسر(سی ایف او) دیپک راجوت کو کمپنی کا نیا چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او ) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ یکم دسمبر ۲۰۲۶ ء سے باضابطہ طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایئر انڈیا ایکسپریس اپنے طیاروں کے بیڑے، پروازوں کے نیٹ ورک اور بین الاقوامی آپریشنز کو وسعت دینے کے ساتھ مالیاتی استحکام اور کاروباری کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔دیپک رجاوت کو ہوا بازی، مالیات، تجارتی حکمت عملی اور انتظامی امور میں دو دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ اس سے قبل ایئر انڈیا ایکسپریس میں چیف فنانشل آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انہیں ترقی دیتے ہوئے سی ای او کی ذمہ داری سونپی ہے۔ وہ آلوک سنگھ کی جگہ لیں گے، جنہوں نے رواں سال ۱۹ ؍مارچ کو پانچ سال سے زیادہ عرصے تک کمپنی کی قیادت کرنے کے بعد عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:برآمداتی فروغ مشن کے تحت اب مزید برآمد کنندگان کو زیادہ اشیاء کی برآمد پر مدد مل سکے گی
دیپک رجاوت کا ٹاٹا گروپ کی فضائی کمپنیوں کے ساتھ طویل وابستگی کا تجربہ ہے۔ ایئر انڈیا ایکسپریس میں شامل ہونے سے پہلے وہ وستارا کے قیام کے ابتدائی دور سے ہی اس کے ساتھ وابستہ تھے۔ وہاں انہوں نے کارپوریٹ پلاننگ، طیاروں کی خریداری اور مالیاتی امور سمیت مختلف اہم شعبوں میں ذمہ داریاں نبھائیں۔بعد ازاں انہیں وستارا کا چیف کمرشل آفیسر مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے آمدنی کے انتظام، پروازوں کے نیٹ ورک کی منصوبہ بندی، فروخت اور تقسیم، کاروباری شراکت داری، مارکیٹنگ، برانڈنگ، دورانِ پرواز خدمات اور مسافروں کے تجربے جیسے شعبوں کی نگرانی کی۔ان کی مدتِ کار میں وستارا ہندوستان کی دوسری بڑی گھریلو فضائی کمپنیوں میں شامل ہوئی اور بین الاقوامی ایئرلائن درجہ بندی میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا۔ اسکائی ٹریکس کی عالمی درجہ بندی میں وستارا نے ۲۰۲۲ ءمیں ۲۰؍واں اور ۲۰۲۳ء اور ۲۰۲۴ء میں ۱۶؍واں مقام حاصل کیا تھا۔ ایئر انڈیا ایکسپریس میں بطور سی ایف او دیپک راجوت نے کمپنی کی مالیاتی بنیادوں کو مضبوط بنانے، کاروباری توسیع اور ایئر انڈیا گروپ میں اس کے انضمام کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔
دیپک رجاوت کی تقرری ایسے مرحلے پر ہوئی ہے جب ایئر انڈیا ایکسپریس اپنے کاروبار کو تیزی سے وسعت دے رہی ہے، تاہم کمپنی کو مالیاتی محاذ پر بھی کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ بزنس اسٹینڈرڈ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے مالی سال ۲۰۲۲-۲۳ ءمیں ۱۱۷؍ کروڑ روپے کا خالص منافع درج کیا تھا، لیکن مالی سال ۲۰۲۳-۲۴ء میں اسے ۱۶۳؍ کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ مالی سال ۲۰۲۴-۲۵ءمیں نقصان بڑھ کر ۵۸۲۲؍ کروڑ روپے اور مالی سال ۲۰۲۵-۲۶ ءمیں ۶۷۶۷ ؍کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ایسے حالات میں نئے سی ای او کے لیے کمپنی کی آمدنی میں اضافہ، اخراجات پر قابو، پروازوں کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے اور مسافروں کو بہتر خدمات فراہم کرنے جیسے امور اہم ترجیحات ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے:جیکی شروف اور شرد کیلکر کی فلم ’کالی کھیتی‘ کا بلیک اینڈ وہائٹ ٹریلر ریلیز
ایئر انڈیا ایکسپریس اس وقت روزانہ تقریباً ۵۸۵؍ پروازیں چلا رہی ہے، جو ہندوستان کے ۴۸ ؍گھریلو اور ۱۷ ؍بین الاقوامی مقامات کو جوڑتی ہیں۔ کمپنی کا نیٹ ورک جنوبی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا اور مغربی ایشیا کے مختلف ممالک تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کے بیڑے میں بوئنگ ۷۳۷؍ اور ایئربس اے ۳۲۰ ؍خاندان کے مجموعی طور پر ۱۰۸ ؍طیارے شامل ہیں۔کمپنی کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق، طیاروں کی تعداد اور پروازوں کے نیٹ ورک میں توسیع کے ساتھ مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا اور آپریشنز کو زیادہ مؤثر بنانا بھی اہم اہداف ہیں۔
ایئر انڈیا ایکسپریس کے چیئرمین نپن اگروال نے دیپک رجاوت کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس مالیاتی مہارت، تجارتی معاملات کی سمجھ اور ہوا بازی کے شعبے کا وسیع تجربہ ہے۔ انہوں نے ٹاٹا گروپ کی فضائی کمپنیوں وستارا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی ترقی میں قریب سے کام کیا ہے، جس کی وجہ سے وہ گروپ کی کاروباری ترجیحات اور مستقبل کے مواقع سے بخوبی واقف ہیں۔نپن اگروال کے مطابق انہیں امید ہے کہ دیپک راجوت کی قیادت میں ایئر انڈیا ایکسپریس اپنی موجودہ ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کے ساتھ ایئر انڈیا گروپ کی دیگر کمپنیوں کے ساتھ بہتر ہم آہنگی اور کاروباری اشتراک کو بھی فروغ دے گی۔
یہ بھی پڑھئے:گلوب ساکر ایوارڈز : میسی، رونالڈو سمیت دنیا کے بڑے فٹبال ستارے نامزد
نئے سی ای او دیپک رجاوت نے اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایئر انڈیا ایکسپریس اس وقت ترقی کے ایک اہم مرحلے سے گزر رہی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہندوستانی ہوا بازی کے شعبے میں ہونے والی تبدیلیوں کو انہوں نے ٹاٹا گروپ کی فضائی کمپنیوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے قریب سے دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایئر انڈیا ایکسپریس نے اپنے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک، توسیع پذیر طیاروں کے بیڑے اور منفرد کاروباری ماڈل کے ذریعے مضبوط پیش رفت کی ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ کمپنی کو زیادہ مسافر دوست، ٹیکنالوجی پر مبنی اور مؤثر کم لاگت والی فضائی کمپنی بنایا جائے، جہاں خدمات کے معیار، جدت اور صارفین کے تجربے کو خصوصی اہمیت حاصل ہو۔دیپک راجوت کی تقرری کو ٹاٹا گروپ کی فضائی کاروباری حکمت عملی کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹاٹا گروپ نے ۲۰۲۲ ءمیں حکومت سے ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس کو حاصل کیا تھا۔ بعد ازاں وسٹارا کا ایئر انڈیا میں انضمام ہوا، جبکہ ایئر ایشیا انڈیا کو ایئر انڈیا ایکسپریس میں ضم کیا گیا۔اب گروپ کی توجہ دونوں فضائی کمپنیوں کے درمیان بہتر تال میل، وسائل کے مؤثر استعمال، آپریشنل اخراجات میں کمی اور مسافروں کو مختلف زمروں میں بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے پر ہے۔دیپک رجاوت کے سامنے ایک طرف ایئر انڈیا ایکسپریس کی تیز رفتار توسیع کو برقرار رکھنے اور دوسری طرف مالیاتی کارکردگی بہتر بنانے کا چیلنج ہوگا۔ ان کی تقرری سے توقع کی جا رہی ہے کہ کمپنی اپنی کم لاگت والی فضائی خدمات کو مزید مضبوط کرے گی اور ہندوستانی و بین الاقوامی ہوابازی کی منڈی میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔