• Sun, 28 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دیپتی شرما ایک ہزار رن اور ۱۵۰؍وکٹیں لینے والی ہندوستان کی پہلی کھلاڑی بن گئیں

Updated: December 28, 2025, 11:10 AM IST | Thiruvananthapuram

شرما نے ٹی۔ ۲۰؍کرکٹ میں کارنامہ انجام دیا، ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی تیسری گیندباز ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

Deepti Sharma has consistently shown excellent bowling performance. Photo: INN
دیپتی شرما نے گیندبازی میں مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی خواتین ٹیم کی اسٹار آل راؤنڈر دیپتی شرما نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی۔ ۲۰؍بین الاقوامی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی اہم ریکارڈس اپنے نام کر لئے۔ اس میچ میں انہوں نے خواتین بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی تیسری کھلاڑی بننے کے ساتھ ساتھ اسی فارمیٹ میں ایک ہزاررن اور ۱۵۰؍ وکٹوں کا ڈبل پورا کرنے کا بھی کارنامہ انجام دیا۔ وہ اس فارمیٹ میں (خواتین اور مرد دونوں میں ) یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی ہندوستانی کرکٹر ہیں۔ 
گرین فیلڈ بین الاقوامی اسٹیڈیم میں گزشتہ روز دیپتی کے۱۸؍رن پر۳؍وکٹ کے شاندار گیندبازی اسپیل کی بدولت انہوں نے آسٹریلیا کی عظیم کھلاڑی ایلس پیری کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پیری نے ۲۷۱؍بین الاقوامی میچوں میں ۳۳۱؍وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ دیپتی کے نام اب ۳۳۳؍ وکٹیں درج ہو چکی ہیں۔ اس فہرست میں اب وہ صرف انگلینڈ کی کیتھرین سیوربرنٹ اور ہندوستان کی لیجنڈ جھولن گوسوامی سے پیچھے ہیں۔ 
۲۶؍ سالہ دیپتی نے اس مختصر فارمیٹ میں ایک اور سنگِ میل عبور کیا اور ٹی۔ ۲۰؍بین الاقوامی میں ۱۵۰؍ وکٹیں لینے والی پہلی ہندوستانی کرکٹر (خواتین یا مرد) بن گئیں۔ انہوں نے سری لنکا کی کویشا دلہاری کو آؤٹ کرکے یہ کارنامہ انجام دیا اور بعد میں اپنی ۱۵۱؍ویں ٹی۔ ۲۰؍وکٹ بھی حاصل کی، جس کے ساتھ وہ خواتین ٹی۔ ۲۰؍میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی گیندبازوں میں آسٹریلیا کی میگن شٹ کے برابر آ گئیں۔ 
خواتین یک روزہ کرکٹ میں، دیپتی جھولن گوسوامی کے بعد ہندوستان کی دوسری سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی گیندباز ہیں۔ انہوں نے ۱۲۱؍میچوں میں ۱۶۲؍وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ۵؍ ٹیسٹ میچوں میں ۱۸ء۱۰؍ کے شاندار اوسط سے ۲۰؍ وکٹیں بھی اپنے نام کی ہیں۔ دیپتی اب تک اس فارمیٹ میں ۱۱۰۰؍سے زائد رن اور ۱۵۱؍ وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔ وہ مردوں اور خواتین دونوں کی ٹی۔ ۲۰؍کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہزار رن اور ۱۵۰؍ وکٹوں کا سنگِ میل عبور کرنے والی پہلی کھلاڑی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK