ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم چوتھےمیچ میں بھی مہمان ٹیم کو چاروں شانے چِت کرنے کیلئے تیار، اٹاپٹو کو کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کی امید رہےگی۔
EPAPER
Updated: December 28, 2025, 11:08 AM IST | Thiruvananthapuram
ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم چوتھےمیچ میں بھی مہمان ٹیم کو چاروں شانے چِت کرنے کیلئے تیار، اٹاپٹو کو کھلاڑیوں سے بہتر کارکردگی کی امید رہےگی۔
پہلے ۳؍ میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے والی ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم اتوار کو یہاں سری لنکا کے خلاف چوتھے ٹی۔ ۲۰؍ میچ میں بھی اپنا دبدبہ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔ ہرمن پریت کور کی قیادت والی ٹیم نے ۵؍ میچوں کی اس سیریز میں اب تک مکمل تسلط برقرار رکھا ہے۔ سری لنکن ٹیم اب تک ہندوستان کو کسی بھی قسم کا چیلنج دینے میں ناکام رہی ہے جس کی بدولت ٹیم انڈیا سیریز میں تین صفرسے آگے ہے۔
ٹیم انڈیا نے پہلے تینوں میچوں میں ہدف کا تعاقب کیا اور اس کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کسی بھی میچ میں ہندوستانی ٹیم کو۱۴ء۴؍ اوورز سے زیادہ بلے بازی نہیں کرنی پڑی۔ ٹیم نے اب تک کسی میچ میں ۳؍ سے زیادہ وکٹیں نہیں گنوائیں اور نہ ہی اسے ۱۲۹؍ رنوں سے بڑے ہدف کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شاندار کامیابی کا سہرا بنیادی طور پر ہندوستانی گیندبازوں کے سر جاتا ہے۔
ٹاس نے بھی اہم کردار ادا کیا کیونکہ ہرمن پریت نے تینوں بار ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس سے گیندبازوں کو اوس کے اثر سے پہلے بولنگ کا موقع ملا۔ ہندوستانی گیندبازوں نے اب تک کسی بھی سری لنکن بلے باز کو ۴۰؍ رن کا ہندسہ عبور نہیں کرنے دیا۔
ہندوستانی ٹیم سیریز میں مختلف کمبی نیشن آزما رہی ہے۔ اروندھتی ریڈی نے پہلے ۲؍ میچ کھیلے جبکہ تیسرے میچ میں ان کی جگہ رینوکا سنگھ کو شامل کیا گیا۔ رینوکا نے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’ہم ۲۰۲۶ء کے ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف تجربات کر رہے ہیں۔ ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ہم اپنی کارکردگی کا معیار برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ‘‘بلے بازی میں شیفالی ورما اور جمائمہ روڈریگز نے نصف سنچریاں بنا کر اپنا فارم ثابت کیا ہے تاہم اسٹار بلے باز اسمرتی مندھانا ابھی تک بڑی اننگز نہیں کھیل سکیں۔ انہوں نے ۳؍ میچوں میں محض ۴۰؍ رن بنائے ہیں۔ توقع ہے کہ مندھانا چوتھے میچ میں بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کریں گی۔ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کیا ٹیم انڈیا نوجوان بلے باز گنالن کملنی اور تجربہ کار ہرلین دیول کو اس میچ میں موقع دیتا ہے یا نہیں۔
دوسری جانب چامری اٹاپٹو کی قیادت میں سری لنکن بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی ہے۔ ٹیم میں حسینی پریرا، کویشا دلہاری اور ہرشیتا سمر وکرما جیسی باصلاحیت کھلاڑیوں کے باوجود کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ اگر سری لنکا کو ہندوستان کے سامنے کوئی چیلنج پیش کرنا ہے تو ان کے بلے بازوں کو ذمہ داری نبھانی ہوگی۔