Updated: February 03, 2026, 4:43 PM IST
|
Agency
| Baroda
پلےآف یعنی ایلی مینیٹرمقابلے میںدہلی کا مقابلہ گجرات جائنٹس سے ہوگاجس میںجیتنے والی ٹیم جمعرات کو رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف فائنل کھیلے گی۔
دہلی کی جمیما روڈریگز اور نکی پرساد میچ جیتنے کے بعد۔ تصویر: آئی این این
دہلی کیپٹل نے فیصلہ کن میچ میں یوپی واریئرز کو ہراکر ڈبلیو پی ایل ۲۰۲۶ء کے پلے آف کیلئےکوالیفائی کرلیا ہے۔پلےآف یعنی ایلی مینیٹرمقابلے میںدہلی کا مقابلہ گجرات جائنٹس سے ہوگاجس میںجیتنے والی ٹیم جمعرات کو رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف فائنل کھیلے گی۔ اتوار کو ہوئے دہلی اور یوپی کے مقابلے میں دہلی نے یوپی ۵ ؍ وکٹ سے ہرادیا ۔ میریزان کپ (تین وکٹیں)، شینیل ہنری اور شری چارنی (دو دو وکٹیں) کی بہترین گیند بازی کے بعد لورا ولفراٹ(۴۷)، جمیما روڈریگز (ناٹ آؤٹ۳۴) اور شفالی ورما (۲۹)کی شاندار بلے بازی کی بدولت دہلی کیپیٹلز نےڈبلیو پی ایل کا۲۰؍واں میچ ۸؍ گیندیں باقی رہتےجیت کرپلے آف میں جگہ بنالی۔
دہلی کے پاس مسلسل چوتھی بار فائنل کھیلنے کا موقع
مسلسل تین سیزن فائنل کھیلنے والی ممبئی کی ٹیم باہر ہو چکی ہے۔ یو پی کا سفر بھی ہار کے ساتھ ختم ہو گیا۔ دہلی نے پلے آف میں جگہ بنا لی ہے اور ان کے پاس مسلسل چوتھی بار فائنل کھیلنے کا موقع ہے۔۱۲۳؍رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری دہلی کیپیٹلز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے۱۱؍ رن پر اپنا پہلا وکٹ لیزیل لی (۱۰) کی شکل میں گنوا دیا۔ اس کے بعد لورا ولفراٹ اور شفالی ورما کی جوڑی نے ۷۳؍ رن جوڑے۔۱۳؍ویں اوور میں دیپتی شرما نے لورا ولفر اٹکو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ لورا نے۳۶؍ گیندوں میں ۷؍ چوکوں کی مدد سے ۴۷؍ رن بنائے۔۱۵؍ویں اوور میں شیکھا پانڈے نے شفالی ورما(۲۹) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ دہلی نے۱۸ء۴؍ اوورز میں ۵؍ وکٹوں پر۱۲۶؍ رن بنا کر۵؍ وکٹوں سے مقابلہ جیت لیا۔ جمیما روڈریگز نے۱۸؍ گیندوں میں ۵؍ چوکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ۳۴؍ رنز کی اننگز کھیلی۔
یو پی واریئرز کے لیے دیپتی شرما کو دو وکٹیں ملیں۔ شیکھا پانڈے، ڈیانڈرا ڈوٹن اور صوفی ایکلسٹن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل شیکھا پانڈے (ناٹ آؤٹ۲۳)، دیپتی شرما(۲۴) اور سمرن شیخ(۲۲) کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت یو پی واریئرز نے دہلی کو جیت کیلئے۱۲۳؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ دہلی نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بلے بازی کرنے اتری یو پی واریئرز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے میچ کی پہلی ہی گیند پر کپتان میگ لیننگ (صفر) کا وکٹ گنوا دیا۔ دہلی کی گیند بازی کے سامنے یو پی کی بلے باز کھل کر نہ کھیل سکیں اور مقررہ۲۰؍ اوورز میں۸؍ وکٹوں پر۱۲۲؍ رن ہی بنا پائیں۔
۲؍ بار کی چمپئن ممبئی باہر ہوگئی
دہلی کی جیت نے ۲؍ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ یوپی واریئرز آخری مقام پر رہے۔ دہلی لیگ مرحلے میں۸؍ میچوں میں۴؍ جیت اور۴؍ ہار کی بنیاد پر۸؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ گجرات جائنٹس دوسرے نمبر پر رہی اور رائل چیلنجرز بنگلور پہلے نمبر پر ہے۔آر سی بی پہلے ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے۔