سید مشتاق علی ٹرافی ۲۰۲۶ء میں کھیلے گئے مقابلوں میں ریلوے کے فاسٹ بولر جمشید عالم نے اپنی غیر معمولی بولنگ سے تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے سوراشٹر کے خلاف مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹ حاصل کرکے نہ صرف حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 10:07 PM IST | New Delhi
سید مشتاق علی ٹرافی ۲۰۲۶ء میں کھیلے گئے مقابلوں میں ریلوے کے فاسٹ بولر جمشید عالم نے اپنی غیر معمولی بولنگ سے تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے سوراشٹر کے خلاف مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹ حاصل کرکے نہ صرف حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
سید مشتاق علی ٹرافی ۲۰۲۶ء میں اتوار کو کھیلے گئے مقابلوں میں ریلوے کے فاسٹ بولر جمشید عالم نے اپنی غیر معمولی بولنگ سے تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے سوراشٹر کے خلاف مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرکے نہ صرف حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا بلکہ ریلوے کی ۲۹ ؍رنز سے کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ٹورنامنٹ کے دیگر مقابلوں میں راجستھان نے میزورم، ہماچل پردیش نے تریپورہ اور ودربھ نے گجرات کو شکست دے کر اپنی اپنی ٹیموں کے لیے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھئے:نیوزی لینڈ کے خلاف ہاکی سیریز ہندوستان نے ۰۔۱؍ سے جیتی
ریلوے اور سوراشٹر کے درمیان اندور میں کھیلے گئے گروپ بی کے مقابلے میں ریلوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍اوورز میں ۵ ؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۸۲ ؍رنز بنائے۔ جواب میں ۱۸۳؍ رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سوراشٹر کی ٹیم جمشید عالم کی برق رفتار بولنگ کے سامنے مشکلات کا شکار ہوگئی۔ ٹی۲۰؍کرکٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے جمشد عالم نے اننگز کے چوتھے اوور میں مسلسل چار گیندوں پر ہروک دیسائی، پریرک مانکڑ، روچت اہیر اور سمر گجر کو آؤٹ کرکے تہلکہ مچادیا۔ یہ ان کے میچ کا پہلا اوور بھی تھا۔ اس غیر معمولی کارنامے کے ساتھ وہ سید مشتاق علی ٹرافی میں مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں لینے والے تیسرے ہندوستانی بولر بن گئے۔عالم نے یہیں بس نہیں کیا بلکہ چھٹے اوور میں سدھانت رانا کو آؤٹ کرکے صرف ۹ ؍گیندوں میں اپنی پانچ وکٹیں مکمل کرلیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر ۴ ؍اوورز میں ۳۸ ؍رنز دے کر ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ ان سے پہلے کرناٹک کے ابھیمنیو متھن اور ودربھ کے درشن نلکاندے بھی اس ٹورنامنٹ میں چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ریلوے کی جانب سے بلے بازی میں جینت لکھن نے ۳۹ ؍گیندوں پر ۴۷ ؍رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ روی سنگھ نے ۳۲ ؍اور زبیر علی خان نے ۲۷ ؍رنز بنائے۔ اس طرح ریلوے نے ۱۸۲ ؍رنز کا قابلِ مقابلہ اسکور کھڑا کیا۔ہدف کے تعاقب میں سوراشٹر کی جانب سے ہرونش پنگالیا نے ۶۱ ؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۸۰ ؍رنز بنائے، جبکہ کرینس پھولیٹرا نے ۲۳ ؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۶ ؍رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم دیگر بلے باز جمشد عالم کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کرسکے اور سوراشٹر کی ٹیم ۲۰؍اوورز میں ۸؍وکٹوں پر ۱۵۳؍رنز ہی بناسکی۔ ریلوے نے یہ مقابلہ ۲۹؍ رنز سے جیت لیا۔
یہ بھی پڑھئے:’دھرندھر‘ کے بعد رنویر سنگھ اور آدتیہ دھر پھر ساتھ آئیں گے، ۲۰۲۸ء میں نئی فلم متوقع
ایک اور مقابلے میں راجستھان نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزورم کو ۶۷؍ رنز سے ہرادیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راجستھان نے ۲۰ ؍اوورز میں ۵؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۲۴؍رنز کا بڑا اسکور بنایا۔راجستھان کے وکٹ کیپر بلے باز کنال سنگھ راٹھوڑ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ۶۰ ؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۱۶ ؍رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں ۸ ؍چوکے اور ۸ ؍چھکے شامل تھے۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں میزورم کی ٹیم مقررہ ۲۰ ؍اوورز میں ۵ ؍وکٹوں پر ۱۵۷ ؍ رنز ہی بناسکی۔ میزورم کی جانب سے چنمیے سوتار نے ۲۵؍ گیندوں پر ۴۸ ؍رنز بنائے، لیکن ان کی کوشش ٹیم کو کامیابی دلانے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئی۔اس جیت کے ساتھ راجستھان نے گروپ اے میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی اور پانچ مقابلوں میں چار کامیابیوں کے ساتھ ۱۶ ؍پوائنٹس حاصل کیے۔