Inquilab Logo

گِل کو روکنے کیلئے دھونی کو زبردست حکمت عملی بنانی ہوگی

Updated: May 23, 2023, 11:37 AM IST | Chennai

آج آئی پی ایل کے پہلے کوالیفائر میں چنئی سپرکنگز اور دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنس کے درمیان مقابلہ۔ گجرات کے گل اور راشد خان بہت اچھے فارم میں ہیں

Gujarat Titans young batsman Shubman Gill
گجرات ٹائٹنس کے نوجوان بلے باز شبھمن گل

مہندر سنگھ دھونی کو ایک ہوشیا اور  بہتر حکمت عملی بنانے والے کپتان کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن جب ان کی ٹیم چنئی سپر کنگز منگل کو یہاں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے کوالیفائر میں گجرات ٹائٹنس سے مقابلہ کرے گی  تو انہیں فارم کی ضرورت ہوگی۔گجرات کے اسٹار شبھمن گل کو روکنے کیلئے دھونی کو ایک مضبوط حکمت عملی بنانی ہوگی۔ 
  گل نے گزشتہ میچ میں  ناٹ آؤٹ سنچری بنا کر وراٹ کوہلی کی سنچری کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا جس کے نتیجے میں رائل چیلنجرز بنگلور(آر سی بی ) کی ٹیم آئی پی ایل سے باہر ہوگئی۔ ایسے میں چنئی کے خلاف میچ میں سب کی نظریں اس نوجوان بلے باز پر ہوں گی اور ہندوستان کے بہترین کپتانوں میں سے ایک دھونی یقینی طور پر ان کیلئے کوئی خاص حکمت عملی تیار کریں گے۔
 گجرات ٹائٹنس نے اس سیزن میں چیپاک میں ایک بھی میچ نہیں کھیلا ہے۔ اگرچہ چنئی نے یہاں ۷؍ میچ کھیلے ہیں لیکن ہر میچ میں پچ کی نوعیت بدل گئی ہے اور اس لئے یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ آئندہ میچ میں اس کا برتاؤ کیسا رہے گا۔ یہ میچ اس لئے بھی دلچسپ ہو گیا ہے کہ گجرات کی فرنچائزی بھی چنئی کی طرح تقریباً اسی نقش قدم پر چل رہی ہے۔ اس کی مضبوط انتظامیہ اورانتظامیہ کرکٹ سے متعلق معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کرتی اور زیادہ تر فیصلے آشیش نہرا، گیری کرسٹن اور وکرم سولنکی کرتے ہیں۔
 ہاردک پانڈیا کی شکل میں گجرات ٹائٹنس کے پاس ایسا کپتان ہے جو دھونی جیسے ماہراور منجھے ہوئے  کپتان کو مات دے سکتاہے۔ چنئی کی طرح گجرات کی ٹیم بھی پلیئنگ الیون میں بہت زیادہ تبدیلیاں کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ لہٰذا یہ میچ ایسی ہی حکمت عملی والی ٹیموں کے درمیان ہوگا جو اسے دلچسپ بناتا ہے۔
 گجرات کیلئے چیپاک پچ کی سست نوعیت سے نمٹنا چیلنج ہوگا۔ اس کے علاوہ پاور پلے میں دیپک چاہر کی بولنگ اور ڈیتھ اوورس میں میتھیسا پتھیرانا کی کارکردگی کا بھی نتیجہ پر خاصا اثر پڑے گا۔ ایسے میں  پانڈیا اور نہرا سری لنکا کے کپتان داسن شناکا سے مشورہ لیں گے کیونکہ وہ جانتے ہوں گے کہ پتھیرانا اور اسپنر مہیش ٹکشانا سے کیسے نمٹنا ہے۔شناکا کو آل راؤنڈر کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن ٹاس پر غور کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے اسپنر آر سائی کشور کو بھی آزمایا جا سکتا ہے جو یہاں کے حالات سے بخوبی واقف ہیں۔ آئرلینڈ کے جوشوا لٹل کو بھی پلیئنگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ڈیون کون وے اور رتوراج گائیکواڑ کی اچھی شروعات چنئی کیلئے اہم ہوگی۔ چیپاک میں اجنکیا رہانے کی کارکردگی بھی اہمیت کی حامل ہے جبکہ شیوم دوبے سیزن کیلئے اپنے۳۳؍ چھکوں کا اضافہ کرتے نظر آئیں گے۔ تاہم تجربہ کار محمد سمیع اور راشد خان سے نمٹنا چنئی کے بلے بازوں کیلئے آسان نہیں ہوگا۔میچ کیلئے پچ کو ہموار کیا جائے تو اسپنرس کا کردار اہم ہو جائے گا۔ اگر چنئی کے پاس رویندر جڈیجا، معین علی اور ٹکشانا میں معیاری اسپنرس ہیں تو ٹائٹنس کے پاس راشد اور نور احمد ہیں۔ افغانستان کے دونوں اسپنرس نے اس سیزن میں اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

گل نے وراٹ کوہلی سے فتح چھین لی

 نوجوان باصلاحیت بلے باز شبھمن گل (ناٹ آؤٹ۱۰۴؍رن) کی شاندار سنچری کی بدولت گجرات ٹائٹنس نے اتوار کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو ایک سنسنی خیز میچ میں ۶؍ وکٹ  سے  شکست دے کر آئی پی ایل سے باہر کر دیا۔ وراٹ کوہلی ( ناٹ آؤٹ ۱۰۱؍رن) کی شاندار سنچری کی مدد سے آر سی بی نے گجرات کے سامنے۱۹۸؍ رن  کا ہدف رکھا۔ گجرات نے یہ ہدف ۱۹ء۱؍ اوور میں حاصل کر لیا۔کوہلی نے ۶۱؍ گیند پر۱۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ۱۰۱؍ رن بنائے اور آئی پی ایل کی اپنی مسلسل دوسری سنچری بنائی۔کوہلی کے جانشین کہلانے والے گل نے اپنی محنت رائیگاں  نہ کرتے ہوئے۵۲؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور۸؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۱۰۴؍ رن  بنائے اور۲۰؍ ویں اوور کی پہلی گیند پر فاتحانہ چھکا لگا کر گجرات کو ہدف تک پہنچا دیا

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK