Inquilab Logo

جوکووچ کا ۷؍واں ومبلڈن اور ۲۱؍واںگرینڈ سلیم خطاب

Updated: July 12, 2022, 1:13 PM IST | Agency

فائنل میں کرگیوس کو ۴؍سیٹوں میں شکست دے دی۔ پیٹ سمپراس کے ریکارڈ کی برابری کرلی

Novak Djokovic.Picture:INN
نوواک جوکووچ۔ تصویر: آئی این این

 عالمی نمبر ون سربیا کے نوواک جوکووچ نے اتوار کو کھیلے جانےوالے ہائی وولٹیج فائنل میں آسٹریلیا کے نک کرگیوس کو۶۔۴، ۳۔۶، ۴۔۶، ۶۔۷؍ سے سنسنی خیز مقابلے میں شکست  کے ساتھ ہی ۷؍ویں بار ومبلڈن کا مردوں کا  سنگلز خطاب   جیت لیا۔ا س کے ساتھ ہی انہوںنےاپنے کریئر کا ۲۱؍ واں گرینڈ سلیم خطاب بھی جیت لیا۔ٹاپ سیڈ جوکووچ نے لگاتار چوتھی  بار  فائنل میں پہنچے تھے۔ جوکووچ نے یہ خطاب   جیت کراپنے ۷؍ویں خطاب کے ساتھ  امریکی پیٹ سمپراس کے سنگلز ٹائٹل ریکارڈ کی برابری کرلی۔ اپنے۲۱؍ویں گرینڈ سلیم ٹائٹل کے ساتھ جوکووچ اب اسپین کے رافیل ندال کے۲۲؍ گرینڈ سلیم ٹائٹل کے ریکارڈ سے ایک قدم پیچھے ہیں۔ پہلی بار کسی گرینڈ سلیم فائنل میں کھیلنے والے کرگیوس نے پہلے سیٹ میں اپنا کلاس دکھا کر جوکووچ کو حیران کر دیا۔ لیکن میراتھن مین کے نام سے مشہور جوکووچ نے اگلے ۳؍ سیٹ جیتنے کے بعد شاندار واپسی کی اور ۳؍ گھنٹے اور ایک منٹ میں مقابلہ برابر کر دیا۔ ٹاپ سیڈ یڈ کھلاڑی نے دوسرے اور تیسرے سیٹ میں اہم اوقات میں کرگیوس کی سرو کو توڑ کر چوتھا سیٹ ٹائی بریکر ۳۔۷؍سے جیت لیا۔اس جیت کے ساتھ ہی انہوں نے ومبلڈن میں اپنی جیت کا سلسلہ ۲۸؍ میچوں تک بڑھا دیا ہے۔ یہ جوکووچ کی ٹور سطح پر کرگیوس کے خلاف ۳؍ میچوں میں پہلی جیت ہے۔ کرگیوس نے اس سے قبل جوکووچ کے خلاف اپنے پچھلے دونوں میچ جیتے تھے لیکن اس میچ میں کرگیوس کو اپنے آپ  سے، تماشائیوں، چیئر امپائر اور جوکووچ کے طاقتور گراؤنڈ اسٹروک سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔یہ نوواک جوکووچ کا۷؍ واں ومبلڈن اور۲۱؍ واں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔ انہوں نے سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے میں سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ فیڈرر اب تک۲۰؍ گرینڈ سلیم خطاب جیت چکے ہیں۔ سب سے زیادہ۲۲؍ ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ اسپین کے رافیل ندال کے پاس ہے۔ اس سال کے شروع میں تینوں کھلاڑیوں نے ۲۰۔۲۰؍خطاب اپنے نام کئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK