Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کیلئے کرو یا مرو کا مقابلہ: انگلینڈ کیخلاف سیریز بچانے کا آخری موقع

Updated: July 06, 2026, 8:59 PM IST | London

منگل کو ٹرینٹ برج میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی۲۰؍ میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سامنے انگلینڈ کے خلاف کرو یا مرو کا چیلنج ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم پانچ میچوں کی اس سیریز کو۱۔۱؍ سے برابر کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔

Shreyas Iyer.Photo:X
شریاس ایّر۔ تصویر:ایکس

منگل کو ٹرینٹ برج میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی۲۰؍ میچ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سامنے انگلینڈ کے خلاف کرو یا مرو کا چیلنج ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم پانچ میچوں کی اس سیریز کو۱۔۱؍ سے برابر کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی کیونکہ میزبان انگلینڈ نے مانچسٹر میں شاندار طریقے سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔
خیال رہے کہ چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلا جانے والا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ دوسرے ٹی۲۰؍ میں انگلینڈ نے ۱۹۱؍رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ۴؍ وکٹ باقی رہ کر فتح حاصل کی اور سیریز پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ اس ہار نے ایک بڑے اسکور کا دفاع  کرنےمیں ہندوستانی با لرز کی ناکامی کو بے نقاب کر دیا ہے اور کپتان شریاس ایّر کی نوجوان ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔انگلینڈ کی ٹیم اس وقت زبردست فارم میں ہے۔ گزشتہ میچ میں جیکب بیتھل کی ۴۶؍ گیندوں پر۷۶؍ رنز کی طوفانی اننگز اور ہیری بروک کے محض ۱۵؍ گیندوں پر دھماکے دار ۳۹؍ رنز نے ٹیم کا اعتماد آسمان پر پہنچا دیا ہے۔ بولنگ میں سیم کرن (۳۳/۳) کی نپی تلی گیند بازی، جوفرا آرچر کی تیز رفتار اور عادل رشید کی اسپن جادوگری انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر انتہائی مضبوط بناتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ اور بلجیم کے درمیان ہائی وولٹیج ٹکراؤ،۱۲؍ سالہ پرانے بدلے کا مشن


دوسری طرف ہندوستان  کے لیے اصل پریشانی بلے بازی نہیں بلکہ بولنگ ہے۔ مانچسٹر میں ہندوستانی بلے بازوں نے ۱۹۰/۷کا مضبوط اسکور بنایا تھا، جس میں ابھیشیک شرما نے۲۴؍ گیندوں پر ۴۳؍ رنز بنا کر اپنی شاندار فارم برقرار رکھی۔ایشان کشن نے۴۹؍ رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
  شریاس  نے ۳۷؍ رنز کا تعاون دیا۔ویبھو سوریا ونشی نوجوان نے اپنے ڈیبیو میچ میں دو شاندار چھکے لگا کر اپنے ٹیلنٹ کی جھلک دکھائی۔تاہم، عرشدیپ سنگھ کی  ۳؍وکٹوں اور اکشر پٹیل کی کفایتی بالنگ کے باوجود دیگر باؤلرز تسلسل برقرار نہ رکھ سکے اور انگلینڈ نے آسانی سے ہدف حاصل کر لیا۔
 توقع ہے کہ یہاں کی پچ ایک بار پھر بلے بازوں کے لیے سازگار ہوگی۔ اس میدان پر کھیلے گئے گزشتہ تین میچوں میں پہلی اننگز کے اسکور ۱۷۵، ۲۱۵؍ اور ۲۳۲؍رن رہے ہیں، جس سے ایک اور ہائی اسکورنگ مقابلے کی امید ہے۔موسم: محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سازگار رہے گا اور ہلکی بوندا باندی کا امکان بہت کم ہے، اس لیے پورے ۲۰؍ اوورز کا میچ دیکھنے کو ملے گا۔

یہ بھی پڑھئے:امیتابھ بچن نے بارش کے باوجود جلسہ کے باہر جمع ہونے والے مداحوں کا شکریہ ادا کیا


دونوں ٹیموں کی ممکنہ پلئینگ الیون:انگلینڈ:فلپ سالٹ، جوس بٹلر، ہیری بروک (کپتان)، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، سیم کرن، ول جیکس، لیام ڈاؤسن، عادل رشید، جوفرا آرچر اور جوش ٹونگ۔ ہندوستان:ویبھو سوریہ ونشی، ابھیشیک شرما، ایشان کشن، شریاس ایّر (کپتان)، تلک ورما، شیوم دوبے، ہرشیت رانا، اکشر پٹیل، روی بشنوئی یا واشنگٹن سندر، ارشدیپ سنگھ اور ورون چکرورتی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK