Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈونالڈ ٹرمپ کی ڈجیٹل ٹیکس لگانے والوں کو ٹیریف کی دھمکی

Updated: June 28, 2026, 11:34 AM IST | Washington

امریکی صدر نے کہا کہ جو ممالک امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروس ٹیکس لگاتے ہیں انہیں ۱۰۰؍فیصد ٹیریف دینا ہوگا۔

Donald Trump. Photo: INN.
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ کسی بھی ایسے ملک سے آنے والی تمام اشیاء پر ۱۰۰؍ فی صد کسٹم ڈیوٹی عائد کی جائے گی جو امریکی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروس ٹیکس لگائے گا۔ یہ دھمکی بحر اوقیانوس کے پار تجارتی کشیدگی میں شدت لا رہی ہے اور یہ ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب یورپی یونین کے ممالک نے امریکی اشیاء پر ڈیوٹی کم کرنے کیلئے ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مقرر کردہ ۴؍ جولائی کی ڈیڈ لائن پر عمل کرنے کا عہد کیا تھا۔ 
ٹرمپ نے جمعے کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کئی یورپی ممالک امریکی کمپنیوں کو نشانہ بنانے والے ڈیجیٹل سروس ٹیکس کے نفاذ کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں ... اور ان میں سے کچھ ممالک اسے نافذ کرنے کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بیان کو اس بات کی تصدیق سمجھا جائے کہ جو بھی ملک اس طرح کا ٹیکس عائد کرے گا، اسے امریکہ بھیجی جانے والی تمام اشیاء پر فوری طور پر ۱۰۰؍ فی صد کسٹم ڈیوٹی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ ڈیوٹی امریکہ کے ساتھ موجود کسی بھی تجارتی معاہدے کی جگہ لے گی، چاہے وہ لاگو ہو، دستخط شدہ ہو یا دیگر۔ 
ان معاہدوں میں وہ معاہدہ بھی شامل ہو گا جو امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان گذشتہ سال ہوا تھا۔ اس میں یورپی اشیاء پر امریکی ڈیوٹی کی حد ۱۵؍ فی صد مقرر کی گئی تھی، جس کے بدلے یورپی یونین کے ممالک نے امریکی صنعتی اشیاء پر ڈیوٹی صفر کر دی تھی۔ تاہم یورپی یونین کے اندر معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے قانون سازی کے طویل عمل نے ڈونالڈ ٹرمپ کو یورپی درآمدات، بشمول کاروں پر ۲۵؍فی صد کسٹم ڈیوٹی دوبارہ نافذ کرنے کی دھمکی دینے پر مجبور کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈ ٹرمپ کا حیدرآباد میں سڑک کا نام ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو رکھنے پرحکومت کا شکریہ

یورپی یونین کے اداروں نے بعد میں ۴؍ جولائی تک ان تبدیلیوں کو نافذ کرنے کیلئے امریکی صدر کی مقرر کردہ ڈیڈ لائن کی تعمیل کرنے میں جلدی کی۔ فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے گزشتہ ہفتے جی ۷؍ اجلاس کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات سے قبل کہا کہ فرانس ان کے دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا اور امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر عائد ڈیجیٹل سروس ٹیکس کو منسوخ نہیں کرے گا۔ اس میں آن لائن مارکیٹس اور اشتہارات جیسی خدمات شامل ہیں۔ 
فرانس میں سربراہی اجلاس کیلئے روانگی سے قبل ڈونالڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر پیرس نے ڈیجیٹل ٹیکس منسوخ نہیں کیا تو امریکہ کے پاس فرانسیسی شراب پر ۱۰۰؍ فی صد ڈیوٹی عائد کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہو گا۔ 
فرانس ۲۰۱۹ء سے ان کمپنیوں پر اپنی سرزمین کے اندر ڈیجیٹل خدمات سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ۳؍ فی صد ٹیکس عائد کر رہا ہے جن کی فرانس کے اندر آمدنی ۲ء۵؍ کروڑ یورو اور عالمی سطح پر ۷۵؍ کروڑ یورو سے تجاوز کر جاتی ہے۔ فرانسیسی قانون سازوں نے گزشتہ سال اس ٹیکس کو دو گنا کرکے ۶؍ فی صد کرنے کی تجویز دی تھی۔ امریکی تجارتی نمائندے کا دفتر طویل عرصے سے فرانس، برطانیہ، آسٹریا، اسپین اور دیگر یورپی ممالک کو ڈیجیٹل سروسز ٹیکس نافذ کرنے کی صورت میں جوابی ڈیوٹی عائد کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ اس موقف کے ساتھ کہ یہ ٹیکس ان امریکی کمپنیوں کے خلاف امتیازی سلوک ہے جو عالمی سطح پر اس شعبے میں غلبہ رکھتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK