Updated: May 07, 2026, 6:08 PM IST
| Mumbai
ایکتا کپور نے ’’بھوت بنگلہ‘‘ کی کامیابی کے بعد اکشے کمار کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے اداکاروں کی وجہ سے فلم انڈسٹری چلتی ہے۔ انہوں نے اکشے کے نظم و ضبط اور مسلسل کام کرنے کی عادت کا موازنہ اپنے والد جیتندر اور دھرمیندر سے کیا۔ ایکتا کے مطابق، ایک سال میں کئی فلمیں کرنے والے اداکار ہی انڈسٹری میں روزگار اور کاروبار کو زندہ رکھتے ہیں۔
اکشے کمار اور ایکتا کپور۔ تصویر: آئی این این
ایکتا کپور اس وقت اپنی فلم ’’بھوت بنگلہ‘‘ کی شاندار کامیابی کا جشن منا رہی ہیں، جس نے باکس آفس پر مضبوط کارکردگی دکھاتے ہوئے دنیا بھر میں ۲۳۰؍ کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر لیا ہے۔ اکشے کمار کی مرکزی کردار والی اس ہارر کامیڈی فلم کو شائقین کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے، جبکہ فلم مسلسل سنیما گھروں میں ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے۔ بدھ کو انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ایکتا کپور نے اکشے کمار کا شکریہ ادا کیا اور ان کی پیشہ ورانہ وابستگی، نظم و ضبط اور پروڈیوسرز پر اعتماد کی تعریف کی۔انہوں نے اپنے والد جیتندر اور اور تجربہ کار اداکار آنجہانی دھرمیندر کے ساتھ اکشے کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے برسوں تک فلم انڈسٹری کو مضبوط رکھا۔
ایکتا نے اکشے اور جیتندر کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں شخصیات میں حیرت انگیز مماثلت ہے۔ ان کے مطابق جب بھی وہ اکشے سے بات کرتی ہیں تو انہیں اپنے والد کی یاد آتی ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’ان کا نظم و ضبط، پروڈیوسرز پر بھروسہ اور کام کے لیے احترام واقعی قابل تعریف ہے۔ یہی لوگ ہماری انڈسٹری کی تجارت کو زندہ رکھتے ہیں۔‘‘ ایکتا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صرف بڑے ہدایت کاروں کے ساتھ محدود فلمیں کرنے سے انڈسٹری نہیں چلتی بلکہ مستقل طور پر کام کرنے والے اداکار ہی سینکڑوں لوگوں کے لیے روزگار پیدا کرتے ہیں۔
ان کے مطابق، ’’لوگ اکثر پوچھتے ہیں کہ اکشے ایک سال میں چار فلمیں کیوں کرتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ دھرمیندر، جیتیندر اور اکشے جیسے اداکاروں کی وجہ سے ہی فلم انڈسٹری پروان چڑھی ہے۔‘‘ ایکتا نے مزید کہا کہ زیادہ فلمیں بننے سے نہ صرف کاروبار بڑھتا ہے بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے پروڈیوسرز کو بھی اپنے منصوبے مکمل کرنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر اکشے کمار کو ’’گرو جی‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھئے: انجلینا جولی کو بریڈ پٹ کے خلاف چیٹو میراول کیس میں بڑی عدالتی کامیابی
خیال رہے کہ ’’بھوت بنگلہ‘‘ کی ہدایت کاری کے فرائض پریہ درشن نے انجام دیئے ہیں۔ یہ فلم اکشے اور پریہ درشن کے درمیان تقریباً ۱۶؍ سال بعد ہونے والے دوبارہ تعاون کی علامت ہے۔ اس سے قبل دونوں نے ’’ہیرا پھیری‘‘، ’’گرم مسالہ‘‘، ’’بھاگم بھاگ‘‘، ’’بھول بھلیاں‘‘ اور کھٹا میٹھا‘‘ جیسی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ فلم میں تبو، وامیکا گبی، میتیھلا پالکر، راج پال یادو، جسو سین گپتا بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔ فلم کی کامیابی کے بعد اب یہ ۲۰۲۶ء کی بڑی ہندی ہٹس میں شمار کی جا رہی ہے، جبکہ اکشے کمار کے لیے بھی یہ حالیہ برسوں کی اہم کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔