Inquilab Logo

ملان کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کی بنگلہ دیش پر مضبوط فتح

Updated: October 11, 2023, 12:32 PM IST | Agency | Dharamshala

عالمی کپ میں انگلینڈ نے ۱۳۷؍رن کے فرق سے کامیابی حاصل کرلی۔ بلے باز ڈیوڈ ملان نے۱۴۰؍رن بنائے۔ روٹ کی بھی نصف سنچری۔

After the Bangladeshi batsman was sent to the pavilion, the England players are gathered in one place. Photo: PTI
بنگلہ دیشی بلے باز کو پویلین روانہ کرنے کے بعد انگلینڈ کے کھلاڑی ایک جگہ جمع ہیں۔ تصویر:پی ٹی آئی

ڈیوڈ ملان (۱۴۰؍ رن) کی سنچری کے بعد ریس ٹوپلے (۴۳؍ رن پر ۴؍ وکٹ) کی قاتلانہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے منگل کو آئی سی سی ورلڈ کپ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف۱۳۷؍ رن سے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ پر۳۶۴؍ رن بنائے جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم ۴۸ء۲؍اوورس میں ۲۲۷؍ رن پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ کی فتح کی بنیاد اوپنر ڈیوڈ ملان نے رکھی جنہوں نے صرف۱۰۷؍ گیندوں پر۱۴۰؍ رن بنائے۔ ڈیوڈ ملان کے علاوہ جو روٹ کے۶۸؍ گیندوں پر۸۲؍ رن اور جونی بیریسٹو کی۵۲؍ رن کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ بہت بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہا۔
 بنگلہ دیش ۷؍ رن فی اوور سے زیادہ کے رن ریٹ سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دباؤ میں اس وقت بکھر گیا جب اس کے ۴؍ اہم بلے باز صرف ۴۹؍ رن جوڑنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ٹوپلے نے تنزید الحسن، نجم الحسن اور شکیب الحسن کے وکٹ لے کر میچ کا رخ اپنی ٹیم کے حق میں کر دیا۔ اس دوران ایک کنارے پر کھڑے لیٹن داس (۷۶؍رن) نے انگلینڈ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھانے کی پوری کوشش کی لیکن اسکور بورڈ پر صرف۱۲۱؍ رن باقی رہ گئے تھے جب داس تیزی سے کرس ووکس کی گیند کا نشانہ بنے۔ گیند وکٹ کیپر کے دستانے میں جا لگی۔ بعد میں مشفق الرحیم (۵۱؍ رن) اور محمد توحید ہردوئے (۳۹؍رن) نے انگلش گیند بازوں کا بہادری سے سامنا کیا لیکن میچ کا نتیجہ پہلے ہی انگلینڈ کے حق میں چلاگیا۔ مشفق الرحیم نے۶۴؍ گیندوں پر۵۱؍ رن بنائے جبکہ توحید نے۶۱؍ گیندوں پر۳۹؍ رن کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل منگل کو ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے اس میچ میں انگلینڈ کے اوپنرس جونی بیریسٹو اور ڈیوڈ ملان نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۱۵؍ رن کی شراکت کی۔ انگلینڈ کو پہلا جھٹکا۱۸؍ویں اوور کی آخری گیند پر اوپنر بیریسٹو کی صورت میں لگا۔ وہ شکیب کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے۵۹؍ گیندوں پر۸؍ چوکوں کی مدد سے۵۲؍ رن بنائے۔ ڈیوڈ ملان نے۳۲؍ویں اوور میں ۹۱؍ گیندوں پر۱۲؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔۳۸؍ویں اوور کی دوسری گیند پر انگلینڈ کا دوسرا وکٹ ڈیوڈ ملان۱۴۰؍ کی صورت میں گرا، وہ مہدی حسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
 ۴۰؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر بٹلر۱۰؍ گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ۲۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وہ شرف الاسلام کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ جو روٹ ۴۲؍ویں اوور کی۵؍ویں گیند پر۸۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے اور پھر اسی اوور کی چھٹی گیند پر لیام لیونگ اسٹون صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اسلام نے روٹ کو مشفق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کا ساتواں وکٹ سیم کرن کی۱۵؍ گیندوں پر۱۱؍ رن پر گرا۔ مہدی نے کرن کو شانتو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ کرس ووکس۱۴؍ رن بنا کر مہدی کی گیند پر تسکین احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شانتو نے مہدی کی گیند پر عادل رشید کو۱۱؍ رن پر پویلین کا راستہ دکھایا۔ گیندبازمارک ووڈ۶؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ریس ٹوپلے ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے ۷۱؍ رن دے کر سب سے زیادہ ۴؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ شرف الاسلام نے ۷۵؍ رن دے کر ۳؍ بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ احمد اور حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK