Inquilab Logo

انگلینڈکی ہندوستان پر فتح، یکروزہ سیریز میں واپسی

Updated: March 27, 2021, 12:27 PM IST | Agency | New Delhi

مہمان ٹیم نےٹیم انڈیا کو ۶؍وکٹ سے شکست دے دی۔ بیریسٹو کی زبردست سنچری۔ بین اسٹوکس سنچری سے محروم

Bairostow - Pic : PTI
انگلینڈ کی جانب سے سنچری بنانے والے جانی بیریسٹو۔(پی ٹی آئی

انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر نے اچھی بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو دوسرے یکروزہ میچ میں جمعہ کو۶؍وکٹ سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے یکروزہ سیریز کو دلچسپ بنا دیاہے اور دونوں کے درمیان سیریز کا فیصلہ اتوار کو ہوگا جب دونوں ٹیمیں تیسرے یکروزہ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵۰؍اوور میں۶؍وکٹ پر ۳۳۶؍ رن بنائے، جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے ۴۳ء۳؍اوور میں ۴؍وکٹ کے نقصان پر۳۳۷؍رن بناکر میچ ۶؍وکٹ سے جیت لیا۔اب سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ 
  اس میچ میں انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے نے ۵۲؍گیندوں پر ۵۵، جانی بیریسٹو نے  ۱۱۲؍گیندوں پر ۱۱؍چوکے اور ۷؍چھکوں کی مدد سے ۱۲۴؍رن اور بین اسٹوکس نے۵۲؍گیندوں پر ۴؍چوکے اور ۱۰؍چھکے لگاکر  ۹۹؍رن بنائے۔ اسٹوکس ایک رن سے سنچری سے محروم رہے۔ کپتان جوس بٹلر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ آخر میں ڈیوڈ ملان نے ۱۶؍ اور لیام لیونگ اسٹون نے ۲۷؍ رن   بناکر ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچا دیا۔ ٹیم انڈیا کے پرسدھ کرشنا  ۲ ؍ اور بھونیشور کمار ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔  
 ا س سے قبل فارم میں کھیلنے والے  لوکیش راہل (۱۰۸؍رن)کی شاندار سنچری اور کپتان وراٹ کوہلی (۶۶؍رن) اور نوجوان رشبھ پنت (۷۷؍رن)کی نصف سنچریوں سے ہندوستان نے انگلینڈ کے سامنے جیت کے لئے  دوسرے ون ڈے میں۵۰؍ اوور میں ۶؍ وکٹ پر۳۳۶؍ رن بنائے ۔۲۸؍ سالہ راہل نے اپنے کریئر کی ۵؍ویں سنچری اسکور کی۔ راہل نے۱۱۴؍ گیندوں پر۱۰۸؍ رن میں ۷؍چوکے اور۲؍چھکے لگائے۔ کپتان وراٹ نے۷۹؍گیندوں پر۶۶؍رن میں ۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ پنت نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے  صرف۴۰؍ گیندوں پر ۷۷؍ رن  میں۳؍ چوکے اور۷؍ چھکے لگائے۔ پنت کے آؤٹ ہونے کے بعد آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے صرف۱۶؍ گیندوں پر ۳۵؍ رن میں ایک چوکا اور ۴؍ چھکے لگائے۔
 گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے ہاردک کے بڑے بھائی کرونال پانڈیا نے اس میچ میں ۹؍ گیندوں پر۱۲؍ رن بنائے  جبکہ سلامی بلے باز اور  نائب کپتان روہت شرما نے۲۵؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں کی مدد سے۲۵؍ رن بنائے ۔ آخری میچ میں صرف ۲؍ رن سے اپنی سنچری سے محروم رہنے والے سلامی بلے باز  شکھر دھون اس بار ۱۷؍گیندوں میں ۴؍ رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ہندوستان نے دوسرے میچ میں لگاتار۳۰۰؍ رن  کا ہندسہ پارکیا اور دوسرے میچ میں آخری۱۰؍ اوورس میں۱۲۳؍ رن کی بدولت گزشتہ میچ کے ۳۱۷؍ رن کو کافی پیچھے چھوڑ دیا۔
 انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی  کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ کا یہ فیصلہ اس وقت صحیح نظرآرہا تھا جب تک شکھر چوتھے اوور کی ۵؍ویں گیند پر راس ٹوپلے کا شکار بن گئے جبکہ جارحانہ انداز میں کھیل رہے روہت ۹؍ویں اوور میں سیم کیرن کی چوتھی گیند پر عادل رشید کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ ۲؍ وکٹ گرجانے کے بعد کپتان وراٹ کوہلی میدان میں اترے اور انہوں نے راہل کےساتھ تیسرے وکٹ کے لئے۱۲۱؍ رن کی اہم شراکت کی۔ 
 راہل اور وراٹ نے مسلسل دوسری نصف سنچری مکمل کی۔ اسپنر عادل رشید کی گیند پر وراٹ نے کٹ کرنے کی کوشش کی لیکن وکٹ کیپر جوس بٹلر کو آسان کیچ دے بیٹھے۔ وراٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد راہل نے پنت کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے۱۱۳؍ رن جوڑ کر ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچادیا ۔
 پنت نے جارحانہ  انداز میں کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری صرف۲۸؍گیندوں میں۳؍ چوکوں اور۴؍ چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔ پنت کے  نصف سنچری مکمل کرنے کے فوراً بعد ہی راہل نے اپنی ۵؍ویں ون ڈے سنچری ۱۰۸؍گیندوں میں مکمل کی تاہم راہل اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔راہل ٹیم کے۲۷۱؍ رن کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ راہل کا وکٹ ٹام کیرن نے حاصل کیا۔ راہل کے آؤٹ ہونے کے بعد پنت نے ہاردک کے ساتھ ہندوستان کو ۴۷؍ ویں اوور میں۳۰۰؍رن کے پار پہنچادیا لیکن پھر وہ ٹام کیرن کے اسی اوور میں آؤٹ ہو گئے ۔ پنت کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاردک نے مورچہ سنبھالا اور اپنے بھائی کرونال کے ساتھ ہندوستان کی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ہاردک چھٹے بلے بازکی شکل میں ٹیم کے۳۳۴؍رن  کے اسکور پر راس ٹوپلے کا شکار بنے۔ ہندوستان کی اننگز ۳۳۶؍ رن  پرختم ہوگئی۔ انگلینڈ کی طرف سے  ٹوپلے نے ۲ ؍اور ٹام کیرن نے۲؍ جبکہ سیم کیرن   اور عادل رشید نے   ایک  ایک وکٹ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK