ٹیم انڈیاکے بولرس نے انگلش ٹیم کو پہلی اننگز میں ۴۶۵؍رن پر روک دیا۔ بمراہ نے۵؍ وکٹ لئے۔ پرسدھ کو ۳؍ اور سراج کو ۲؍ وکٹ ملے۔
EPAPER
Updated: June 23, 2025, 1:11 PM IST | Agency | Leeds
ٹیم انڈیاکے بولرس نے انگلش ٹیم کو پہلی اننگز میں ۴۶۵؍رن پر روک دیا۔ بمراہ نے۵؍ وکٹ لئے۔ پرسدھ کو ۳؍ اور سراج کو ۲؍ وکٹ ملے۔
تینڈولکر اینڈرسن ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں ۶؍ رن کی برتری حاصل کر لی ہے۔ اتوار کوہندوستانی گیند بازوں نے انگلش ٹیم کوپہلی اننگز میں ۴۶۵؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ خیال رہے کہ ہندوستان نے پہلی اننگز میں ۴۷۱؍ رن بنائے تھے۔ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کردیا تھا اور اتوار کو تیسرے اوور میں بغیر نقصان کے ۱۶؍ رن بنالئے تھے۔کاپی پرنٹ میں جانے تک کے ایل راہل ۱۱؍ اور یشسوی جیسوال ۴؍رن بناکر کریز پر موجود تھے۔
لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے ۳؍وکٹ پر ۲۰۹؍رن کے اسکور سے کھیلنا شروع کیا۔ اولی پوپ ۱۰۶؍رن ، ہیری بروک۹۹؍رن اور بین ڈکٹ ۶۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جیمی اسمتھ نے۴۰؍رن اور کرس ووکس نے۳۸؍ رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ پرسدھ کرشنا نے۳؍ اور محمد سراج نے۲؍ وکٹ حاصل کئے۔
اس سے قبل لنچ تک پرسدھ کرشنا اور محمد سراج نے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن اتوار کو ۳۲۷؍رن کے اسکور پر انگلینڈ کے ۲؍ اہم وکٹ حاصل کئے تھے۔ دلچسپ مقابلے میں گیندبازوں اور بلے بازوں کے درمیان جدوجہد جاری رہی۔ انگلینڈ نے سنیچر کے ۳؍ وکٹ پر۲۰۹؍رن سے کھیل شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں انگلینڈ کا پہلا وکٹ اولی پوپ کی شکل میں گرا ، جنہیں کرشنا نے وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ اولی پوپ نے۱۳۷؍ گیندوں پر۱۴؍ چوکوں کی مدد سے ۱۰۶؍رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان بین اسٹوکس نے ہیری بروک کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ محمد سراج نے ہیری بروک ۲۰؍ رن کو پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر کے انگلینڈ کو پانچواں جھٹکا دیا۔ ہندوستانی گیندبازوں نے پہلے سیشن میں گو کہ دو وکٹ حاصل کئے، لیکن انگلینڈ کے بلے بازوں نے میچ پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا ہے۔
جو روٹ کا کارنامہ
انگلش بلے باز جوروٹ نے ۳۶۶؍ بین الاقوامی میچوں کی۴۷۹؍ اننگز میں ۴۹ء۳۰؍ کے اوسط سے۵۴؍ سنچریوں اور۱۱۲؍ نصف سنچریوں کے ساتھ۲۶۲؍ کے بہترین اسکور کے ساتھ۲۱۰۵۳؍ رن بنائے ہیں۔ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے سمیت تمام فارمیٹس میں انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے جے سوریا کو پیچھے چھوڑدیا۔ جے سوریا نے ۶۵۱؍ اننگز میں۲۱۰۳۲؍ رن بنائے ہیں۔ ان کا بہترین اسکور۳۴۰؍رن ہے۔