Inquilab Logo

یوروکپ ۲۰۲۰ء:آج ویمبلی میں انگلینڈ کا سب سے بڑا مقابلہ

Updated: July 07, 2021, 2:12 PM IST | Agency | London

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں آج ڈنمارک اور انگلینڈ آمنے سامنے۔ انگلینڈ، ڈینش ٹیم کو روند کرفائنل میں داخل ہونے کیلئے پوری کوشش کرے گا۔ڈنمارک کیلئے جذباتی میچ

England squad busy preparing before the match.Picture:INN
میچ سے قبل انگلینڈ کا اسکواڈ تیاری میں مصروف ۔تصویر :آئی این این

 انگلینڈ کے سامنے  بدھ کی دیر رات سب سے  بڑا  چیلنج ہوگا اور وہ اپنے  سب سے بڑے مقابلے میں لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں ڈنمارک کی ٹیم کا مقابلہ کرے گا۔ انگلینڈ اور ڈنمارک یوروکپ کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ دونوں ٹیمیں  ۲۰؍ برس سے زائدعرصے کے بعد یورو چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں کھیلنے والی ہیں۔دونوں ایک دوسرے پر سبقت لے جاتے ہوئے اتوار کو ہونےوالے فائنل میں قدم رکھنا چاہیں گے۔  اب بدھ کی رات ہی کوفیصلہ ہوگا کہ  انگلینڈ اپنے گھریلو میدان  اور اچھے کھلاڑیوں کے ساتھ کامیابی حاصل کرتاہے یا پھر ڈنمارک کی ٹیم جوش اور جذبات کی بنیاد پر فائنل میں قدم رکھتی ہے۔ انگلینڈ نے یورو کپ کے ٹورنامنٹ میں سست رفتاری سے آغاز کیا تھا لیکن بعد میں یہ ٹیم خطرناک ثابت ہوئی۔ وہ اب خود کو بہتر مقام پر تصور کررہی ہے ۔ انگلینڈ نے ۱۹۹۶ء کے یوروپین چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں آخری بار مقابلہ کیا تھا اور اس کے بعد وہ بدھ کی دیر رات ڈنمارک کے خلاف کھیلے گی۔  انگلینڈ نے راؤنڈ ۱۶؍ کے میچ میں جرمنی کو صفر۔۲؍سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد کوارٹر فائنل میں اس نے یوکرین کی ٹیم کو صفر۔۴؍ سے روند کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ کوارٹر فائنل میں جس انداز میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے اس کی وجہ سے وہ سیمی فائنل میںفیوریٹ ٹیم کی قرار دیا جارہی ہے۔ ۱۹۶۶ء کے ورلڈ کپ میں کامیابی کے بعد انگلینڈ کیلئے بڑے ٹورنامنٹ جیتنے کے دروازے بند ہوگئے تھے۔ ۱۹۶۶ء کی کامیابی کے بعد انگلینڈ نے ۴؍مرتبہ بڑے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں قدم رکھا تھا اور ہربار وہ ناکام  رہا ۔  ڈنمارک نے اپنے یوروکپ کا آغاز بہت برے انداز میں کیا تھا۔ اس کے اسٹار کھلاڑی کرسٹین ایرکسن کو فن لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں دل کا دورہ پڑا تھا۔ اس کے بعد سے ڈنمارک کے کھلاڑی جذباتی ہوکر ہر میچ کھیلتے رہے۔ وہ ہر میچ کے آغاز میںایرکسن کو یاد کرتے ہیں ۔ اسپتال میں ایرکسن کی جان بچ گئی تو یوروکپ میں ان کی ٹیم بھی ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہوگئی۔ ڈنمارک نے ناک آؤٹ مرحلے میں ویلس اور چیک جمہوریہ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔  اس سے قبل انگلینڈ نے ڈنمارک کے ساتھ ۲؍میچ کھیلے ہیں ۔ یوروکپ ۱۹۹۲ءکے میچ میں ان دونوں کا مقابلہ بغیر گول کے ڈرا ہوا تھا اور ۲۰۰۲ء کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے ڈنمارک کو صفر۔۳؍ سے شکست دی تھی۔ ان دونوں کے درمیان حالیہ مقابلہ یوئیفا نیشنز لیگ میں ہوا تھا جس میں ڈنمارک کو فائدہ ہوا تھا۔ کوپین ہیگن میں ان دونوں کا مقابلہ بغیر گول کے ڈرا ہوا تھا اور ویمبلی میں ڈنمارک نے انگلینڈ کو صفر۔ ایک سے ہرا دیا تھا۔اب یہ دونوں یوروکپ ۲۰۲۰ء کے سیمی فائنل میں کھیلنے والے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK