• Tue, 17 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ، بھیواڑی میں ۸؍ ہلاک، فرید آباد میں ۴۲؍ زخمی

Updated: February 17, 2026, 12:28 PM IST | Agency | Jaipur

۱۰؍ کی حالت نازک، بلاسٹ اس قدر شدید تھا کہ ۵۰؍ میٹر اونچی لپٹیں اٹھیں، آگ سڑک تک پہنچی، کئی گاڑیاں بھی جل گئیں۔

After A Fire Broke Out Due To Short Circuit In Faridabad, Drums Filled With Chemicals Started Exploding One After The Other, After Which The Situation Can Be Seen In The Picture.Photo:INN
فرید آباد میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے بعد یکے بعد دیگرے کیمیکل سے بھرے ڈرم پھٹنے لگے جس کے بعد صورتحال کو تصویر میں دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر:آئی این این

پیر کو پہلے راجستھان کےبھیواڑی میں پھر شام کو ہریانہ کے فرید آباد میں کیمیکل فیکٹری میں ہونےوالے دھماکوں  نے تباہی مچادی۔  بھیواڑی انڈسٹریل ایریا میں  دھماکہ کے بعد کیمیکل فیکٹری میں لگنے والی خوفناک آگ ۸؍مزدور زندہ جل گئے جبکہ کچھ کے پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔ جس وقت سانحہ ہوا اس وقت  وہاں تقریباً ۲۵؍ مزدور موجود تھے۔اُدھر ہریانہ کےفرید آباد میں  سہ پہر سوا چار بجے  ایک کیمیکل فیکٹری میں  مشین میں شارٹ سرکٹ  سے آگ لگ گئی اور اس کے نتیجے میں  وہاں رکھے کئی کیمیکل ڈرموں میں خوفناک دھماکے ہوئے۔ دھماکوں کے بعد آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ شعلے تقریباً ۵۰؍ میٹر تک بلند ہوئے۔ فوری طورپر اس حادثہ میں ۴۲؍ افراد کے متاثر ہونے کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سشمیتا سے پہلے ’میں ہوں نا‘ میں دوسری اداکارہ کو موقع دیا جانے والا تھا

ان میں سے ۱۰؍ کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ آگ کی زد میں آنےوالوں میں  ۵؍ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔  آگ کی شدت اس قدر تھی کہ فیکٹری کے باہر کھڑی گاڑیاں بھی جھلس گئیں۔پولیس کے مطابق کمپنی میں میٹل شیٹ کٹنگ کا کام ہوتا ہے۔ شام کے وقت جب کارکن مشین پر کام کر رہے تھے تو اچانک شارٹ سرکٹ ہوا اور قریب رکھے کیمیکل سے بھرے  ڈرم میں آگ لگ گئی۔اس کے بعدیکے بعد دیگرے کئی ڈرم دھماکوں سے پھٹتے چلے گئے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم نے تقریباً ۲؍گھنٹے میں آگ پر قابو پایا۔ اس دوران آس پاس کے علاقے کو خالی کرا لیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:فرانسیسی صدر میکرون سے ملنے کا منتظر ہوں:مودی

آگ پر قابو پانے کیلئے  فائر بریگیڈ کی پہلے ۲؍اور پھر ۱۰؍ گاڑیاں بلائی گئیں مگر آگ بہت بڑھ چکی تھی اور باہر تک پھیل گئی تھی۔ ۲؍پولیس اہلکار اور ۳؍ فائر بریگیڈ اہلکار بھی جھلس گئے۔ اس کے بعد مزید ۱۰؍ گاڑیاں منگوائی گئیں اور بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع ہوا۔ آگ بڑھتی جا رہی تھی کیونکہ وہاں رکھے کیمیکل ڈرم مسلسل دھماکوں کے ساتھ پھٹ رہے تھے۔ کئی فیکٹری ملازم ان کی زد میں آ کر جھلس گئے۔ فیکٹری کے باہر رکھے ڈرم بھی آگ کی زد میں آ کر پھٹنے لگے۔ چلتی گاڑیوں اور سڑک پر کھڑی گاڑیوں کو بھی آگ نے اپنی زد میں لے لیا۔ اس سے بھگدڑ مچ گئی اور پولیس نے احتیاطاً پورا علاقہ خالی کرا لیا۔حادثہ کی سنگینی دیکھتے ہوئے پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں بڑھا دی گئی ہیں جبکہ سول اسپتال  کے ساتھ ہی ساتھ قریبی اسپتالوں کو اطلاع دے کر بیڈ خالی کرالئے گئے  ہیں۔جس وقت یہ خبر لکھی جارہی ہے،زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جارہاہے۔  اس کی وجہ سے دونوں ہی ریاستوں میں غم و غصے کا ماحول ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK