Inquilab Logo

چوتھے ٹیسٹ میں تیز گیندباز ایشانت شرما ٹیم سے باہر ہوسکتے ہیں

Updated: August 31, 2021, 11:36 AM IST | Agency | London

وراٹ کوہلی نے اگلے ٹیسٹ میں تیز گیندبازی حملے میں تبدیلی کا اشارہ دیا۔ اشون کو موقع ملنے کا امکان

Ishant Sharma. Picture:INN
ایشانت شرما۔ تصویر: آئی این این

لیڈس ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیم انڈیا اوول میں سیریز میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ تیسرے ٹیسٹ کے بعد کپتان وراٹ کوہلی نے فاسٹ بولنگ اٹیک میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا۔ ایشانت شرما  جو ہیڈنگلے میں اپنے فارم میں  نظر نہیں آئے ، چوتھے ٹیسٹ میں باہر ہو سکتے ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے اس  تیز گیندباز کی کارکردگی تیسرے ٹیسٹ میں مایوس کن رہی اور انہوں نے اپنے۲۲؍ اوورس میں بغیر کوئی وکٹ لئے ۹۲؍ رن  دیئے۔ ایشانت کو زیادہ تعداد میں نو بالز کرتے ہوئے دیکھا گیا اور ان کی لائن اور لینتھ بھی  اچھی نہیں تھی۔ چوتھے ٹیسٹ میں روی چندرن اشون کو اس سیریز میں اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اشون ایشانت کی جگہ لے سکتے ہیں۔ تاہم  رویندر جڈیجا کی فٹنیس پر اب بھی رازداری  ہے ، جنہیں تیسرے ٹیسٹ کے بعد اسکین کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا۔ اگر جڈیجا فٹ نہیں ہیں تو اشون ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔ تاہم یہ دیکھنا بھی دلچسپ ہوگا کہ کپتان کوہلی دو اسپنرس کے ساتھ چوتھے ٹیسٹ میں اترتے  ہیں یا نہیں۔ اشون نے کاؤنٹی کرکٹ میں سرے کے لیے اس گراؤنڈ پر میچ کھیلا ہے۔ اگر جڈیجا فٹ نہیں ہیں اور کپتان وراٹ کوہلی نے ایشانت کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو پھر شاردول ٹھاکر یا امیش یادو کو موقع مل سکتا ہے۔ شاردول کے امکانات زیادہ ہیں کیونکہ ان کی کارکردگی ٹرینٹ برج پر اچھی تھی اور وہ بیٹنگ کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں  ۔ لیڈس ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کا بیٹنگ آرڈر تاش کے  پتوں کی طرح  بکھر گیاتھا جس کی وجہ سے ٹیم کو اننگز اور۷۶؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK