Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا ورلڈکپ: ارجنٹائنا نے میچ ، کیپ ورڈے نے دل جیتا

Updated: July 04, 2026, 12:27 PM IST | Mexico City

ارجنٹائنا نے فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار حصہ لینے والی کیپ ورڈے کی ٹیم کی سخت مزاحمت کے بعد ہفتے کے روز کھیلے گئے راؤنڈ آف۳۲؍ کے ایک ڈرامائی مقابلے میں اضافی وقت کے دوران۲۔ ۳؍ سے کامیابی حاصل کی۔

Deroy Duarte. Photo: INN
ڈیروئے ڈوارٹے۔ تصویر: آئی این این

ارجنٹائنا نے فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار حصہ لینے والی کیپ ورڈے کی ٹیم کی سخت مزاحمت کے بعد ہفتے کے روز کھیلے گئے راؤنڈ آف۳۲؍ کے ایک ڈرامائی مقابلے میں اضافی وقت کے دوران۲۔ ۳؍ سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل کے دفاع کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے اور راؤنڈ آف ۱۶؍ میں مصر کے ساتھ اپنا مقابلہ طے کر لیا ہے۔ 
دفاعی چیمپئن کو نڈر بلیو شارکس (کیپ ورڈے) نے آخری حد تک دباؤ میں رکھا، جنہوں نے دو بار خسارے میں رہنے کے بعد شاندار واپسی کی اور ٹورنامنٹ کے اس انتہائی سنسنی خیز میچ میں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر مقابلہ لے جانے کے بالکل قریب پہنچ گئے تھے۔ میچ کے آغاز میں ارجنٹائنا کے غلبے کے بعد لیونل میسی نے ۲۹؍ویں منٹ میں بہترین فنشنگ کے ذریعے ارجنٹائنا کو برتری دلا دی۔ تاہم کیپ ورڈے نے دباؤ لینے سے انکار کر دیا اور ۵۹؍ویں منٹ میں ڈیروئے ڈوارٹے کے ذریعے گول کر کے اسکور برابر کر دیا، جنہوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے بنائے گئے چند مواقع میں سے ایک کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ 
مقررہ وقت کے دوران دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کر سکی جس کے بعد میچ اضافی وقت میں داخل ہو گیا۔ اضافی وقت کے آغاز کے فوراً بعد ارجنٹینا نے ۹۲؍ویں منٹ میں اس وقت دوبارہ برتری حاصل کر لی جب لیسانڈرو مارٹینز نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر بظاہر دفاعی چیمپئن کو میچ پر دوبارہ کنٹرول دلا دیا۔ 
کیپ ورڈے نے ۱۰۳؍ویں منٹ میں ایک اور حیران کن واپسی کی۔ سڈنی لوپس کابرال نے بائیں جانب سے گیند حاصل کی، اندر کی طرف کٹ کیا اور ایمیلیانو مارٹینز کو چھکاتیں ہوئے ٹاپ کارنر میں ایک شاندار کرلنگ شاٹ مار کر اسکور ۲۔ ۲؍گول سے برابر کر دیا جس نے ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو حیرت زدہ کر دیا۔ 
جب میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ کی طرف بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا تھا، ارجنٹینا نے بالاآخر ۱۱۱؍ویں منٹ میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ بائیں جانب سے میسی کے کارنر پر کرسٹین رومیرو نے بہترین ہیڈر لگایا جو ڈیفینڈر ڈینی بورجیس سے ٹکرا کر گول کیپر وزینہ کو چکمہ دیتے ہوئے نیٹ میں چلا گیا اور یہ اون گول میچ کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا۔

یہ بھی پڑھئے: مصر نے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر نئی تاریخ رقم کی

کیپ ورڈے نے میچ کے آخری لمحات میں ایک آخری بھرپور حملہ کیا لیکن مارٹینز نے شاندار بچاؤ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائن کو بحران سے نکال لیا، جس میں کابرال کی فری کک کو روکنا اور متبادل کھلاڑی گلسن بینچیمول کے بالکل قریب سے لگائے گئے شاٹ کو ناکام بنانا شامل تھا۔ 
آخری سیٹی بجنے پر ارجنٹائنا کے کھلاڑیوں نے سکون کا سانس لیا کیونکہ انہیں اپنے ورلڈ کپ کے سفر میں اب تک کے سب سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کیپ ورڈے کی ٹیم دفاعی چیمپئن کے خلاف شاندار اور نڈر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد سر اٹھا کر ٹورنامنٹ سے رخصت ہوئی۔ پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی اس ٹیم نے پورے میچ میں ارجنٹائنا کی جارحیت کا برابر جواب دیا اور دو بار میچ میں واپسی کی، اور کابرال کا شاندار برابری کا گول ٹورنامنٹ کے بہترین گولز میں سے ایک کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ 
دوسری طرف ارجنٹائنا ۲۰۲۲ءمیں جیتے گئے اپنے ٹائٹل کے دفاع کی راہ پر گامزن ہے، حالانکہ ہفتے کے اس ڈرامائی مقابلے نے یہ یاد دلا دیا ہے کہ آگے چیلنجز مزید مشکل ہو سکتے ہیں۔ لیونل اسکالونی کی ٹیم اب راؤنڈ آف ۱۶؍ میں مصر کا سامنا کرے گی، جبکہ کیپ ورڈے کی ٹیم حالیہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک کمزور ٹیم کے طور پر یادگار ترین مہم جوئی کے لیے داد سمیٹ کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK