Inquilab Logo

فرانس اور بلجیم شاندار فتح کےساتھ فیفا ورلڈ کپ کیلئےکوالیفائی، ڈچ ٹیم کا میچ ڈرا

Updated: November 15, 2021, 2:17 PM IST | Agency | Paris

فرانس نے قزاخستان کی ٹیم کو صفر ۔۸؍گول سے روند دیا۔ ایمباپے کے ۴؍ اور کریم بینزیما کے ۲؍گول۔ بلجیم نے ایسٹونیا کو ۱۔۳؍ سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

کائلیان ایمباپے کے ۴؍ اور کریم بینزیما کے۲؍گول کی بدولت دفاعی چمپئن فرانس اگلے سال ہونےوالے فٹبال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی ہوگیاہے۔ فرانس کے ساتھ ہی بلجیم نے بھی فیفا ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیاہے۔ دوسری طرف ڈچ ٹیم کا میچ ڈرا ہوگیا جس کی وجہ سے اسے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ 
 فرانس اپنے گھریلو میدان اسٹیڈ دی فرانس سے دور کھیل رہا تھا۔فرانس نے ورلڈ کپ کوالیفائر کا میچ قزاخستان سے جیت لیا۔ فرانس نے حریف ٹیم کو صفر۔۸؍ گول سے روند دیا۔ اس میچ میں کائلیان ایمباپے نے ۴؍گول کئے اور ایک گول کرنے میں مدد کی ۔ ان کے علاوہ ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کے اسٹار کریم  بینزیما نے بھی ۲؍گول کئے ۔میچ کے آغاز میں ہی ایمباپے نے ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ انہوںنے چھٹے، ۱۲؍ویں اور ۳۲؍ویں منٹ میں۳؍گول کئے۔ میچ کے دوسرے ہاف میں کریم بینزیما نے ۲؍گول کئے۔ انہوںنے ۵۵؍ ویں اور ۵۹؍ویں منٹ میں ۲؍گول کئے۔ فرانس کی جانب سے چھٹاگول اے ریبیٹ نے کیا۔ اس کےبعد انٹوئین گریزمین نے پنالٹی پر ایک گول کر کے اسکور صفر۔۷؍کردیا۔ ۸۷؍ویں منٹ میں ایمباپے نے ٹیم کا ۸؍واں اور اپنا چوتھا گول کرکے اسکور صفر۔۸؍ کردیا۔     
 کائلیان ایمباپے ۱۹۵۸ء کے ورلڈ کپ میں جسٹ فونٹین کے ۴؍گول کرنے کے بعد دوسرے کھلاڑی بنے جنہوں نےایک میچ میں ۴؍گول کئے۔ میچ کے بعد ایمباپے نے کہاکہ ہمارے لئے ریکارڈ اہمیت نہیں رکھتا بلکہ ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی ہونا اہمیت کا حامل ہے۔ ہمارے اسکواڈ میں ایسے بہت سے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کی ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ اپنے ملک کیلئے ورلڈ کپ کھیلنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔  میچ کے بعد کریم بینزیما نے کہاکہ ایمباپے اور میرے درمیان بہت اچھی شراکت ہے اور ہم ایک دوسرے کے کھیل کو سمجھتے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں ۲۰۱۴ء کے بعد دوسرا ورلڈ کپ کھیلوں گا۔ گروپ ڈی  میں فرانس کے ۷؍میچو ںمیں ۱۵؍پوائنٹس ہیں اور وہ ٹاپ پوزیشن پرہے۔ اس کے بعد فن لینڈ ہے جس کے ۷؍میچو ںمیں ۱۱؍پوائنٹس ہیں۔  ورلڈ کپ کوالیفائر کے ایک اور میچ میںبلجیم نے ایسٹونیا کو ایک۔۳؍ سے شکست دےدی۔ بلجیم کی جانب سے کرسچین بینٹیک نے ۱۱؍ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ اس کے بعد میچ کے ۵۳؍ویں منٹ میں وائی کراسکو نے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ میچ کے ۷۴؍ ویں منٹ  میں ٹی ہیزارڈ نے ایک گول کرکے ٹیم کا تیسرا گول کیا۔ ایسٹونیا کی جانب سے ای سورگا نے واحد گول کیا۔ میچ کے آخر میں اسکور ۱۔۳؍ رہا۔ ورلڈ کپ کوالیفائر کے گروپ ای میں بلجیم ۷؍میچو ںمیں ۱۹؍پوائنٹس کے ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اس نے ورلڈ کپ کوالیفائی کرلیاہے۔ دوسرے نمبرپر ویلس ہے جس کے اتنے ہی میچو ںمیں ۱۴؍پوائنٹس ہیں۔   ورلڈ کپ کوالیفائر کے ایک اور میچ میں نیدرلینڈس اور مونٹینیگرو کا میچ ۲۔۲؍گول سے ڈرا ہوا۔ ڈچ ٹیم کیلئے میمفس ڈی پے کے پہلے اور دوسرے ہاف میں ایک ایک گول کرکے ٹیم کو صفر۔۲؍ کی برتری دلائی۔ میچ کےآخری لمحات میں مونٹینیگرو کی جانب سے آئی ووکوٹچ اور این واجنووچ نے ایک ایک گول کرکے ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔ گروپ جی سے نیدرلینڈس کو ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے انتظار کرنا پڑے گا۔ اس کے ۹؍میچوں میں ۲۰؍پوائنٹس ہیں اور دوسرے نمبرپر موجود ترکی کے اتنے ہی میچو ںمیں ۱۸؍پوائنٹس ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK