Inquilab Logo

گاوسکر کو ۷۱؍ویں سالگرہ کے موقع پردنیائے کرکٹ نے مبارکباددی

Updated: July 11, 2020, 3:08 AM IST | New Delhi

آئی سی سی اور بی سی سی آئی کے ساتھ سچن تینڈولکر نے بھی گاوسکر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

Sunil Gavaskar. Photo: Midday
سنیل گاوسکر۔ تصویر: مڈڈے

کرکٹ کے بہترین اوپنر اور ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گاوسکر جمعہ کو۷۱؍ برس کے ہوگئے اور آئی سی سی ، بی سی سی آئی اور لیجنڈ سچن تینڈولکر نے ان کی سالگرہ پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ لٹل ماسٹر کے نام سے معروف گوسکر کی سالگرہ کے موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹویٹر پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’’ٹیسٹ میں ۱۰؍ہزار رن بنانے والے پہلے بلے باز ، ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ۳؍ بار سنچری بنانے والے پہلے بلے باز،۲۰۰۵ء تک ٹیسٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز ، ٹیسٹ میں ۱۰۰؍کیچ لینے والے پہلے ہندوستانی فیلڈرلیجنڈری کرکٹر سنیل گاوسکر کو سالگرہ مبارک ۔ ‘‘ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ٹویٹر پر ان کی ایک تصویرشیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ٹیسٹ کرکٹ میں ۱۰؍ہزار رن بنانے والے پہلے بلے باز۔ ڈیبیو ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ ۷۷۴ ؍رن بنانے والے کرکٹر، سابق ہندوستانی کپتان اور لیجنڈری بلے باز سنیل گاوسکر کو سالگرہ مبارک۔ ‘‘ ورلڈ ریکارڈ ہولڈر سچن تینڈولکر نے گاوسکر کی سالگرہ کے موقع پر ان کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ’’میں نے اپنے منبع تحریک گاوسکر سے۱۹۸۷ء میں ملاقات کی۔ تب میری عمر۱۳؍ سال تھی اور میں یقین نہیں کرسکتا تھا کہ میں اس شخص سے مل رہا ہوں جس کو دیکھ کر میں بڑا ہوا ہوں اور تقلید کرنا چاہتا ہوں ۔ وہ دن کیا تھے؟ آپ کی ۷۱؍ویں سالگرہ جناب آپ کو نیک خواہشات آپ صحتمند اور سلامت رہیں ۔‘‘ سابق کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے لکھا کہ تجربہ کار سنیل گاوسکر سر کو سالگرہ کی بہت مبارکباد۔ مجھے گزشتہ کئی برسوں سے ترغیب دینے کے لئے آپ کا شکریہ اور گزشتہ کچھ سال آپ کے ساتھ کمنٹری باکس میں وقت گزارنے کا ایک خوشگوار تجربہ رہا ہے۔ آنے والا سال اچھا ثابت ہو اور آپ اس میں خوش رہیں ۔ 
 ورلڈ کپ۱۹۸۳ء کی فاتح ٹیم کے ایک رکن مدن لال نے لکھا کہ’’ دنیا کے بہترین اوپنر کو سالگرہ مبارک ہو۔ سنی بھائی ، آپ اپنی زندگی میں خوش رہیں اور آپ کی صحت کے لئے نیک خواہشات ، آپ کا دن اچھا رہے۔ ‘‘ سابق کرکٹر محمد کیف نے لکھا کہ سنی بھائی ، سالگرہ مبارک ہو۔میں آپ کی ہیلمٹ کے بغیر بیٹنگ کی کہانیاں سن کر بڑا ہوا ہوں ۔ اب یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں آپ کو ذاتی طور پر جانتا ہوں اور میں خود ہی اس شخص سے یہ کہانیاں سن رہا ہوں ۔ ویسٹ انڈیز ہمیشہ ان کے ہوم گراؤنڈ کی طرح رہا ہے۔
ہرش وردھن کی گاوسکر کو مبارکباد
صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے جمعہ کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم اوپنر سنیل گاوسکر کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔ گاوسکر جمعہ کو ۷۱؍ سال کے ہو گئے ۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے ٹویٹ کیا کہ’’ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز پدم بھوشن سے سرفراز سنیل گاوسکر کو سالگرہ مبارک۔ میں آپ کیلئے صحت ، لمبی اور خوشگوار زندگی کی دعا کرتا ہوں ۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ گاوسکر کرکٹ کے سب سے کامیاب اوپنر کی فہرست میں شامل ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK