• Sun, 14 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جرمنی کے فٹ بال کلب کے سی ای او کا وِچار پورگاؤں’منی برازیل ‘ کا دورہ،کھلاڑیوں کے جذبہ کی تعریف کی

Updated: November 26, 2025, 10:33 AM IST | Agency | Shahdol

یہ پہلا موقع ہےکہ کسی بین الاقوامی کوچ نے ایک ہندوستانی ریاست کے گاؤں کا دورہ کیا ہے،جرمن کلب انگولسٹڈ کے سی ای او ڈائٹماربیئرز ڈورفر نے گاؤں کے کھلاڑیوںکوغیر معمولی صلاحیتوں کا حامل قراردیا۔

German football club CEO Dietmar Biersdorfer (center) with the players and coach of Wacharpur. Photo: INN
جرمن فٹ بال کلب کے سی ای اوڈائٹماربیئرز ڈورفر(درمیان میں) وچار پورکے کھلاڑیوں اور کوچ کے ساتھ۔ تصویر:آئی این این
مدھیہ پردیش کے شہڈول ضلع کا وِچار پور گاؤں، جسے وزیر اعظم نریندر مودی نے وہاں فٹ بال کے تئیں جوش وجذبے کو دیکھتے ہوئے ’منی برازیل ‘ کا نام دیا تھا،  اس وقت ایک  تاریخی لمحہ کا گواہ بنا جرمنی کے  انگولسٹڈ فٹ بال کلب کے سی ای او ڈائٹمار بیئرزڈورفر اور ٹیکنیکل کوچ مینوئل شیفر نے اس گاؤں کا دورہ کیا ۔ ڈورفر نے یہاں کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی ۔
اپنے خصوصی دورہ میں ڈائٹمار بیئرزڈورفر نے وِچارپور  کے نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور عالمی معیار کی رہنمائی فراہم کی ۔ واضح رہےکہ وزیر اعظم مودی نے دو بار شہڈول ضلع کے وچار پور ’ منی برازیل‘ کے بارے میں بات کی ہے۔ پہلی بار، انہوں نے  اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات ‘ میں اس گاؤں  کا تذکرہ کیا تھا اور دوسری بار انہوں نے امریکی پوڈ کاسٹ ’لیکس پرائڈ‘ میں وِچار پور کا ذکر کیا تھا ۔ جب جرمن فٹ بال کھلاڑی اور کوچ ڈائٹمار بیئرزڈورفرنے یہ پوڈ کاسٹ سنا تو انہوں نے ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا اور اس گاؤں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کیں۔ اس کے بعد وِچار پور کے پانچ فٹ بال کھلاڑیوں اور ایک کوچ  نےجرمنی کا دورہ کیا  جہاں انہوں نے فٹ بال کی باریکیاں سیکھنے میں ایک ہفتہ گزارا۔
اس ملاقات میں بیئرز ڈور وِچار پور کے لڑکوں سے متاثر ہوئے اور انہوں نے اس گاؤں  کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ پہلا موقع  ہے جب کسی بین الاقوامی کوچ نے کسی ہندوستانی ریاست کے ایک قبائلی اکثریتی ضلع  کے ایک چھوٹے سے گاؤں کا دورہ کیا ہے جسے’ منی برازیل‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ جرمنی کے ایف سی انگولسٹڈ کلب  نے۴؍ سے۱۲؍ اکتوبر تک جرمنی میں مقامی کھلاڑیوں اور کوچز کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس تربیت کے لیے وچار پور سے پانچ کھلاڑیوں اور ایک خاتون کوچ کا انتخاب کیا گیا  ہے۔ کوچ لکشمی سہیس، کھلاڑی ثانیہ کونڈے، سوہانی کول، پریتم کمار، وریندر بیگا، اور منیش گھسیا نے جرمنی میں فٹ بال کی عالمی معیار کی تربیت حاصل کرکے گاؤں کی شان میں اضافہ کیا ہے۔ گاؤں والوں اور کھلاڑیوں میں جوش و خروش کا ماحول ہے۔
وچار پور میںکھلاڑیوں سے ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبیئرزڈورفر نے کہا ’’ یہاں کے لوگ چار نسلوں سے بغیر کسی خواہش کے فٹ بال کھیل رہے ہیں۔ یہ ایک نایاب نظارہ ہے۔ فٹ بال کے لیے ان کی بے لوث محبت قابل ستائش اور متاثر کن ہے۔ اس چھوٹے سے میدان پر کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سیکھنے کی غیر معمولی صلاحیت ہے۔ مشکل حالات میں بھی ان کی بہترین کارکردگی قابل ستائش ہے۔ بنیادی انفراسٹرکچر تو تیار ہو جائے گا لیکن مرحلہ وار انہیںجو کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے ، وہ سب سے اہم ہے۔‘‘ بتا دیں کہ جرمن فٹ بال کوچ ڈائٹمار بیئرس ڈورفر نے پیر کو منی برازیل، وچار پور میں صحافیوں سے بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ’’ وِچار پور کے پانچ کھلاڑی اور ایک کوچ ٹریننگ کے لیے جرمنی گئے تھے۔  وہیں میں نے  ان سے کہا تھا کہ وہ وچار پور آئیں گے۔ کھلاڑیوں کی سیکھنے کی لگن، ان کی آسانی اور سادگی انہیں یہاں کھینچ لائی۔ یہاں تک کہ تین سال کے بچے بھی یہاں فٹ بال کھیلتے ہیں۔ یہ جذبہ قابل تعریف ہے۔ یہاں کے کوچ اس چھوٹے سے میدان پر کھلاڑیوں کو اتنی اچھی تربیت دے رہے ہیں۔ کھلاڑیوں میں سیکھنے کی غیر معمولی صلاحیت بھی ہے۔ ٹریننگ کے لیے جرمنی جانے والے کھلاڑی پہلے سے بھی بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں اور اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بھی ٹریننگ دے رہے ہیں۔ کھلاڑی مشکل حالات میں بھی سیکھ رہے ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’منی برازیل‘ کے کھلاڑیوں کی لگن اور جذبہ انہیں ایک دن ایک الگ پہچان ضرور دے گا۔ فٹ بال کے فلاسفر کوشک مولک  نےجو کوچ ڈائٹمار بیئرسڈورف کے ساتھ شہڈول میں تھے ، کہا کہ’’ فٹ بال کے لیے ایسا جذبہ دور دراز کے علاقے میں کبھی نہیں دیکھا گیا۔ یہ واقعی ایک بہت ہی خوش کن تجربہ ہے۔ پورا گاؤں فٹ بال سے جڑا ہوا ہے۔ ان کی کوئی دوسری خواہش نہیں ہے۔ ہم نے وچار پور میں جو کچھ دیکھا ہے اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ انفراسٹرکچر کسی بھی وقت بنایا جا سکتا ہے لیکن تیار ذہنی  انفراسٹرکچر کی مثال بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK