Inquilab Logo

نواسی؍برس میں جرمنی کی سب سے شرمناک شکست

Updated: November 19, 2020, 10:59 AM IST | Agency | Madrid

یوئیفانیشنز لیگ کے میچ میں اسپین کی فٹبال ٹیم نےصفر۔۶؍ سے روند دیا۔ٹوریس کی شاندار ہیٹ ٹرک ۔اسپین سیمی فائنل میں داخل

Germany Most Embarrassing Defeat In 89 Years.Picture :INN
نواسی؍برس میں جرمنی کی سب سے شرمناک شکست۔ تصویر:آئی این این

 یوئیفا نیشنز لیگ کے میچ میں جرمنی کو اپنی فٹبال تاریخ کے ۸۹؍برس میں سب سے شرمناک شکست کا سامنامنگل کی رات اسپین کے ہاتھوں کرنا پڑا۔ سابق عالمی چمپئن نے ۴؍مرتبہ کے عالمی چمپئن جرمنی کو صفر۔۶؍ سے روند دیا اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں قدم رکھا۔ اسپینی ٹیم کی جانب سے فیران ٹوریس نے بہترین فٹبال کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔
 منگل کی رات ہونےوالے میچ میں اسپین نے یورپ کے فٹبال پاور ہاؤس کہے جانے والے جرمنی کو صفر۔۶؍ سے شکست دے دی۔ نیشنز لیگ کے ٹورنامنٹ کے آخری ۴؍میں پہنچنے کیلئے جرمنی کو صرف ایک ڈرا کی ضرورت تھی لیکن اس کے کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کے سبب اسے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ۱۹۳۱ء میں جرمنی کو آسٹریا کے ہاتھوں صفر۔۶؍ کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کے بعد جرمنی کو منگل کی رات اسپین کے ہاتھوں ہزیمت ہوئی۔  میچ میں اسپین کی نوجوان ٹیم کھیل رہی تھی اور اس میں نئے چہروں کی شمولیت زیادہ تھی۔ میچ میں پہلا گول اسپین کے الوارو موراتا نے کیا۔ انہوں نے ۱۷؍ویں منٹ میں فیبیان کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا۔ میچ کے ۳۳؍ویں منٹ میں فیران ٹوریس نے ڈینیل اولمو کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ ۳۸؍ویں منٹ میں روڈری نے فیبیان کی مدد سے ٹیم کا تیسر گول کیا اور حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو بے بس کردیا۔میچ کا فرسٹ ہاف صفر۔۳؍ کے اسکور پر ختم ہوا ۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی اسپین کے کھلاڑیوں نے اپنے جارحانہ تیور متواتر دکھائے اور جرمن دفاع کو کمزور ثابت کردیا۔ ۵۵؍ویں منٹ میں فیران ٹوریس نے جوزے گیا کی مدد سے ٹیم کاچوتھا اور اپنا دوسرا گول کیا۔ ۷۱؍ویں منٹ میں فیران ٹوریس نے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کا اسکور صفر۔۵؍کردیا۔ ٹوریس کی ہیٹ ٹرک میں ان کی مدد  ایک بارپھر فیبیان نے کی۔ ۸۹؍ویں منٹ میں مائیکل اویازبل نے جرمنی کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک دی اور اسپین کا اسکور صفر۔۶؍کردیا۔ آخری گول کرنے میں ان کی مدد جوزے گیا نے کی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اسپین کا سوئزر لینڈ کے ساتھ میچ ایک ایک سے ڈرا ہوا تھا جس سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملاتھا اور اس میچ میں اسپین نے پورا غصہ نکال دیا۔میچ کے بعد جرمنی کے کھلاڑی ٹونی کروس نے کہا ’’اسپین نے ہماری ٹیم کو نیست و نابود کردیا۔ ہماری ٹیم گیند کے ساتھ کچھ خاص نہیں کرپائی۔ ‘‘  جرمنی کے کوچ جوآخم لو نے کہا’’ہمارے لئے یہ سیاہ دن تھا۔ جرمن کھلاڑی میدان پر کچھ کرنے کے قابل نہیں تھے اور انہوں نے اسپین کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے۔ ‘‘اس شکست کے بعد جرمنی  کے سبھی کھلاڑی حیران تھے کیونکہ انہیں تاریخ کی سب سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔اس میچ میں جرمنی کے ورلڈ کپ فاتح گول کیپر مینوئل نیور بھی ناکام رہے اور انہوں نے اپنے کریئر کا بدترین مظاہرہ اسپین کے سامنے کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK