ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھ من گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پیر کے روز پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد پلیئنگ الیون سے تیز گیند باز محمد سراج کو باہر رکھنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے ایک مشکل فیصلہ قرار دیا۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 9:04 PM IST | Wellington
ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھ من گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پیر کے روز پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد پلیئنگ الیون سے تیز گیند باز محمد سراج کو باہر رکھنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے ایک مشکل فیصلہ قرار دیا۔
ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھ من گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف پیر کے روز پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد پلیئنگ الیون سے تیز گیند باز محمد سراج کو باہر رکھنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے ایک مشکل فیصلہ قرار دیا۔ تاہم گل نے کہا کہ ٹیم نے موجودہ حالات کے مطابق بہترین بولنگ اٹیک کا انتخاب کیا اور کھلاڑیوں کی فارم کی بنیاد پر سلیکشن کرنے کی ضرورت کی حمایت کی۔
گل نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا’’سراج ایک بہترین کھلاڑی اور شاندار گیند باز ہیں، جنہوں نے ہندستان کے لیے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان سب سے بڑھ کر، وہ میرے بہت اچھے دوست ہیں۔ ہم نے ایک ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا؛ ہندوستان کے لیے کھیلنے سے پہلے ہی ہم بہت اچھے دوست رہے ہیں۔ انہیں باہر رکھنا میرے لیے بھی ایک بہت مشکل فیصلہ تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:موہت ملک ’’وجر‘‘ میں ٹائیگر شروف کے مقابل ویلن بنیں گے
گل نے مزید کہا’’کبھی کبھی آپ کو یہ دیکھنا پڑتا ہے کہ کون سے گیند باز فارم میں ہیں اور کون سب سے اچھی گیند بازی کر رہا ہے۔ میں نے اس بارے میں ان سے بات کی تھی اور میچ سے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ وہ اس بار ٹیم میں نہیں ہوں گے۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ اس سے متفق تھے یا نہیں، لیکن وہ اس کے پیچھے کی وجہ سمجھ گئے تھے کہ ہم نے ان کی جگہ کسی اور کو کیوں منتخب کیا۔ وہ ایسے کھلاڑیوں میں سے ہیں جو ہمیشہ واپسی کرنا چاہتے ہیں اور ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔‘‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ہندوستان اگلے میچ کے لیے اپنے ٹیم کمبی نیشن میں کوئی تبدیلی کرے گا، تو گل نے اشارہ دیا کہ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان کم ہے، تاہم پچ کیسی ہو گی، یہ ایک اہم بات ہو گی۔ انہوں نے کہا’’سچ کہوں تو، شاید نہیں۔ ہم دیکھیں گے کہ پچ کیسی ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ ٹیم تقریباً وہی رہے گی۔ مجھے لگا کہ سبھی نے ٹھیک ٹھاک کارکردگی دکھائی۔ ہمارے تمام گیند بازوں نے اچھا کام کیا۔ مجھے نہیں لگتا کہ بلے بازی میں کچھ اور بہتر کیا جا سکتا تھا۔ ٹیم تقریباً ویسی ہی رہے گی، لیکن ہم وہاں جا کر دیکھیں گے کہ پچ کیسی ہے۔ یہ پچ ویسی نہیں رہی جیسی ہم نے امید کی تھی، اس لیے وہاں پہنچنے کے بعد ہی ہم آگے کا فیصلہ لیں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:الکاراز نے زیوریوکو شکست دے کر اپنا پہلا اے ٹی پی فائنلز خطاب جیتا
گل نے میچ کے بعد کہا’’فیلڈنگ میں ہمارا دن ٹھیک ٹھاک رہا۔ مجھے لگتا ہے کہ غیر ملکی سرزمین پر کھیلتے ہوئے ہماری کارکردگی کافی متاثر کن رہی اور ہم نے انہیں ہر شعبے میں چیلنج دیا۔ پہلی اننگز میں گیند کے ساتھ ہم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پھر بلے کے ساتھ صرف دو سنچریاں بنیں، لیکن ہم نے ۷۰۰؍ سے زیادہ رنز بنائے۔ امید ہے کرائسٹ چرچ کی پچ پر گیند بازوں کو تھوڑی اور مدد ملے گی۔ اگر وکٹ میں تھوڑی اور مدد ہوتی تو شاید ہم کھیلنا جاری رکھتے، لیکن آگے کم وقت (شارٹ ٹرن اراؤنڈ) بھی ہے۔ نہیں لگتا کہ ۵۔۱۰؍ اوورز مزید کھیلنے سے کوئی خاص فائدہ ہوتا۔‘‘
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا’’جس طرح کچھ کھلاڑیوں نے ذمہ داری سنبھالی، اس سے میں بہت متاثر ہوں۔ خاص طور پر اس وقت جب ہم مشکل حالات میں تھے۔ اس سے ٹیم کا اصل جذبہ نظر آیا، کیونکہ مختلف کھلاڑیوں نے آگے بڑھ کر کارکردگی دکھائی، خاص طور پر پہلی اننگ میں۔ توقع نہیں تھی کہ پچ اتنی سپاٹ ہو گی، یہ بیسن کی روایتی وکٹ نہیں تھی۔ کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ چاہے ہم جتنی بھی دیر فیلڈنگ کرتے رہے، وہ باؤنڈری لائن کے پاس پوری پھرتی سے دوڑتے رہے۔