ٹیم انڈیا کےسابق کپتان نے کہا: ہمیں گل کی بلے بازی کی بات کرنی چاہئے جنہوں نے دباؤ میں بھی سنچری بنائی تھی
EPAPER
Updated: May 24, 2023, 12:26 PM IST | Chennai
ٹیم انڈیا کےسابق کپتان نے کہا: ہمیں گل کی بلے بازی کی بات کرنی چاہئے جنہوں نے دباؤ میں بھی سنچری بنائی تھی
آئی پی ایل۲۰۲۳ء کے آخری لیگ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف۱۹۸؍ رن کا تعاقب کرتے ہوئے گجرات ٹائٹنس کے نوجوان اوپنر شبھمن گل نے شاندار سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو ۶؍وکٹ سے میچ جیتنے میں مدد کی۔ گل نے غیر معمولی کرکٹ کھیل کر میچ کا رنگ ہی بدل دیا۔ پنجاب میں پیدا ہونے والے کرکٹر کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئےٹیم انڈیا کے سابق کپتان سنیل گاوسکر نے ان کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوہلی سے بہتر بیٹنگ کرنے کیلئے کچھ صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے اور گل میں یہ صلاحیت موجودہے۔ گاوسکر نے کہاکہ ’’ہمیں گل کی بلے بازی کے بارے میں بات کرنی چاہئے کیونکہ انہوں نے دباؤ میں سنچری بنائی۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں ٹی ۲۰؍ کے لئے سلیکشن کے بارے میں فکر مند ہونا چاہئے کیونکہ جہاں تک ورلڈ کپ کا تعلق ہے تو اگلا ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ایک سال سے زیادہ دور ہے۔ اس لئے مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں اس کے بارے میں زیادہ فکر مند ہونا چاہئے کیونکہ گل نے اتوار کو جو کچھ کیا وہ زبردست تھا۔ وراٹ کوہلی نے جو کچھ کیا اس سے بہتر بلے بازی کرنے کے قابل ہونا کچھ خاص ہے اور انہوں نے یہی کیا۔‘‘
گاوسکر کا خیال ہے کہ کوہلی ایک جارحانہ طرزکا کرکٹ کھیلنے کی کوشش کر رہے تھے جو شاندار تھا۔ گاوسکر نے یہ بھی کہا کہ انتظامیہ کو گل کی طرف دیکھنا شروع کر دینا چاہئے کیونکہ وہ ہندوستانی کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’’کوہلی کی پہلی اننگز ناقابل یقین تھی، بالکل شاندار تھی جبکہ شبھمن گل کی اننگز پاور ہٹنگ تھی۔ ان کی بیٹنگ خوبصورت تھی۔ ہٹ مارتے ہوئے ان کا پیرغلط نہیں ہوا۔ یہ صرف شاندار بلے بازی تھی۔ مجھے لگتا ہے کہ اس بات کی فکر کرنے کے بجائے کہ کوہلی ٹیم میں جگہ کے مستحق ہیں یا نہیں، ہمیں گل کے بارے میں مزید بات کرنی چاہئے۔ میرے خیال میں اب مستقبل کی طرف دیکھنے کا وقت آگیا ہے اور وہ مستقبل کے کپتان بھی ہوسکتے ہیں۔شبھمن نے آئی پی ایل۲۰۲۳ء میں اب تک۶۸۰؍ رن بنائے ہیں اور اس وقت آئی پی ایل اورنج کیپ کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔