Inquilab Logo Happiest Places to Work

گِل نے انگریزگیندبازوں کو تگنی کا ناچ نچایا

Updated: July 06, 2025, 11:09 AM IST | London

ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں مـضبوط برتری حاصل کرلی۔ کپتان گل نے ایک بار پھر شاندار بلےبازی کرتے ہوئے سیکڑہ بنایا۔

Shubhman Gul. Photo: INN.
شبھمن گل۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل کا بلہ اس وقت انگلینڈ میں آگ اگل رہا ہے۔ سنیچر کو ایجبسٹن ٹیسٹ کے چوتھے دن انہو ں نے سنچری بنائی اور ٹیم کو مضبوط سبقت کی جانب گامزن کردیا۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک کپتان شبھمن گل نے ناٹ آؤٹ ۱۳۰؍ رن بنا لئے تھے۔ ان کے ساتھ کریز پر رویندر جڈیجا ۵۷؍ رن بناکر کھیل رہے تھے۔ ہندوستان نے ۷۶؍ اوور میں ۴؍ وکٹ پر ۳۶۷؍ رن بنالئے تھے اور اس نے انگلینڈ پر ۵۴۷؍ رن کی برتری حاصل کرلی تھی۔ 
اس سے قبل کے ایل راہل (۵۵؍رن ) اور رشبھ پنت ۶۵؍رن کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سنیچر کو لنچ تک ۳؍ وکٹ پر ۱۷۷؍ رن بنا لئے اور اسکی مجموعی برتری ۳۵۷؍ رن ہو گئی ہے۔ ہندوستان نے جمعہ کے ایک وکٹ پر ۶۴؍رن سے آگے کھیل شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں ہندوستان کو دوسرا دھچکا اس وقت لگا جب کرون نائر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں بریڈن کارس نے وکٹ کیپر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور۹۶؍رن تھا۔ جوش ٹنگ نے لنچ سے پہلے کے ایل راہل کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو دوسرا دھچکا دیا۔ کے ایل راہل نے۸۴؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں کی مدد سے ۵۵؍ رن کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ لنچ تک ہندوستان نے ۳؍ وکٹ پر ۱۷۷؍ رن بنا لیے ہیں اور اس کی مجموعی برتری۳۵۷؍ رن ہو گئی ہے۔ پہلے سیشن میں ہندوستان نے ۲؍ وکٹ گنوائیں اور مجموعی طور پر۱۱۱؍ رن بنائے۔ ہندوستان کے پاس اب ۳۵۷؍رن کی برتری ہے۔ پہلے گھنٹے میں گیند بازوں کو کافی مدد مل رہی تھی اور کرون نائر کارس کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد راہل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ ٹنگ کی اندر آتی گیند پر چکمہ کھا گئے تاہم گل دوسرے سرے پر ڈٹ کر مقابلہ کر رہے تھے اور پنت نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ پنت کو دو لائف لائن ضرور ملیں لیکن انہوں نے۳۵؍ گیندوں پر تیز رفتاری سے ۵؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۴۱؍ رن بنا لیے ہیں۔ 
حیدرآباد میں محمد سراج کی دھوم 
انگلینڈکے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں جب محمد سراج نے اپنی گیندبازی سے انگلش بیٹنگ لائن کو تہس نہس کیا تو صرف وکٹ ہی نہیں گرے بلکہ حیدرآباد میں ان کے مداحوں کے دلوں میں بجلی سی دوڑ گئی مداحوں میں کافی خوشی دیکھی گئی۔ ۶؍ وکٹ لے کر ڈی ایس پی سراج نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا کہ چارمینار کے سائے میں پیدا ہونے والا یہ نوجوان اب عالمی کرکٹ کے فلک پر ایک درخشاں ستارہ بن چکا ہے۔ جیسے ہی سراج نے اپنا چھٹا وکٹ لیا، سوشل میڈیا پر’’حیدرآباد کا شیر‘‘ ٹرینڈ کرنے لگا۔ ٹولی چوکی سے لے کر چادرگھاٹ تک اور مہدی پٹنم سے شاہ علی بنڈہ تک، ہر گلی، ہر نکڑ پر سراج کے چرچے ہونے لگے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK