آر بی آئی کی ایم پی سی کے رکن ناگیش نے کہا:ملک کی معیشت ترقی کررہی ہے۔
EPAPER
Updated: July 28, 2025, 1:55 PM IST | Agency | New Delhi
آر بی آئی کی ایم پی سی کے رکن ناگیش نے کہا:ملک کی معیشت ترقی کررہی ہے۔
ہندوستانی معیشت تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے اور اسے موجودہ مالی سال میں۵ء۶؍ فیصد سے زیادہ کی شرح نمو حاصل کرنے میں کوئی بڑا چیلنج نظر نہیں آتا ہے۔ یہ بیان ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے رکن ناگیش کمار کا ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو پی ٹی آئی ویڈیو کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔
ناگیش کمار نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں ہندوستانی معیشت دنیا کے لیے ایک `روشن جگہ بن گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کی ایک تہائی سے زائد معیشتوں کو قرض کے بحران کا سامنا ہے جب کہ ترقی یافتہ ممالک مہنگائی میں اضافے اور شرح نمو میں کمی سے پریشان ہیں۔
کمار نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی زیادہ تر گھریلو استعمال اور سرمایہ کاری پر مبنی ہے جب کہ برآمدات یا تجارت کا حصہ نسبتاً کم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کی معیشت مضبوط ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان کی جی ڈی پی ترقی رواں مالی سال اور اگلے سال بھی۵ء۶؍ فیصد سے اوپر رہے گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ آنے والے برسوں میں یہ رفتار مزید تیز ہو کر۷؍ فیصد سے۵ء۷؍ فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
مہنگائی کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے کمار نے کہا کہ خردہ افراط زر کی شرح (سی پی آئی) فی الحال تقریباً ۲؍ فیصد ہے جو کہ آر بی آئی اور ایم پی سی کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے تاہم، شرح سود میں مزید کمی کے امکان پر انہوں نے کہا کہ صرف ایک ماہ کی کم سی پی آئی کو دیکھ کر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔ آر بی آئی کو دوسرے میکرو اکنامک اشارے کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔جون میں مہنگائی کی شرح۲ء۱؍ فیصد پر آ گئی ہے جبکہ آر بی آئی کا ہدف۴؍ فیصد ہے۔ ایسے میں توقع ہے کہ اگلی مانیٹری پالیسی اجلاس میں شرحوں میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔ اگلا جائزہ اگست میں ہونا ہے۔