Inquilab Logo

گجرات کا مقصد ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنا

Updated: May 15, 2022, 8:52 AM IST | Mumbai

آج ہاردک پانڈیا کی ٹیم کا سپرکنگز سے مقابلہ۔چنئی کی ٹیم وقار بچانے کیلئے میدان پر اترے گی

Hardik Pandya`s team competes against Super Kings
ہاردک پانڈیا کی ٹیم کا سپرکنگز سے مقابلہ

گجرات ٹائٹنس اتوار کو یہاں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)میں چنئی سپر کنگز کے خلاف جیت کے ساتھ ٹاپ پوزیشن  مضبوط کرنے کی کوشش کرے گی۔خیال رہے کہ گجرات ٹائٹنس نے پہلے ہی پلے آف میں جگہ  پکی کرلی ہے۔ ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں گجرات نے توقع سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ۲؍ میچ باقی رہ کر پلے آف میں جگہ یقینی بنائی۔
 ٹائٹنس۱۲؍میچوں میں۱۸؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور اتوار کو جیت تقریباً ٹاپ ۲؍ میں جگہ یقینی بنائے گی جس کا مطلب ہے کہ ٹیم کو فائنل میں جگہ بنانے کا اضافی موقع ملے گا۔ ۱۰؍ ٹیموں پر مشتمل ٹیبل پر ۹؍ویں نمبر پر موجود دفاعی چمپئن سپرکنگز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے اور باقی ۲؍ میچوں میں ساکھ بچانے کی نیت سے کھیلے گی۔
 ٹائٹنس نے لکھنؤ سپرجائنٹس کے خلاف اپنے پچھلے میچ میں۶۲؍ رن کی جیت کے ساتھ پلے آف میں جگہ بنائی تھی جبکہ سپرکنگز کو اپنے پچھلے میچ میں ممبئی انڈینس کے خلاف ۵؍وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نوجوان اوپنر شبھمن  گل، کپتان ہاردک، ڈیوڈ ملر، ردھیمان ساہا اور راہل تیوتیا نے سیزن کے دوران ٹائٹنس کیلئے اچھی بلے بازی کی ہے اور وہ سپرکنگز کے خلاف رفتار کو جاری رکھنا چاہیں گے۔
 ٹائٹنس کی اپنے پہلے سیزن میں شاندار کارکردگی کا بڑا سبب اس کی مشکل حالات میں واپسی کی صلاحیت ہے۔ تاہم  پچھلے چند میچوں میں ٹائٹنس کے بلے باز توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے ہیں اور ہاردک کو اپنے بلے بازوں سے مستقل مزاجی کی امید رہے گی۔ پچھلے میچ میں، صرف گِل (ناٹ آؤٹ ۶۳؍رن) کریز پر بلے بازی میں کامیاب رہے اور پوری اننگز میں ناٹ آؤٹ رہے کیونکہ ٹائٹنس نے ۴؍ وکٹوں پر۱۴۴؍ رن کا مسابقتی اسکور بنایا اور پھر آسانی کے ساتھ اس کا دفاع کیا۔
 ٹائٹنس کی ٹیم مینجمنٹ کو بھی امید ہے کہ ہاردک، ملر اور تیوتیا کے بلے سے دوبارہ رن بنیں گے۔ اگرچہ ٹائٹنس کا مضبوط پہلو اِن کا گیندبازی  حملہ ہے جس میں محمد سمیع، لوکی فرگیوسن اور راشد خان جیسے عالمی معیار کے گیند باز شامل ہیں۔ سمیع ۱۶؍وکٹوں کے ساتھ ٹیم کے سب سے کامیاب گیندباز ہیں جبکہ فرگیوسن اپنی طوفانی گیندبازی  سے کسی بھی بیٹنگ آرڈر کو پریشان کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
 راشد نے بھی سست آغازکے بعد دوبارہ رفتار حاصل کرلی ہے اور گزشتہ میچ میں۴؍ وکٹ لئے تھے۔ یش دیال نے بھی وکٹ  لئے تھے اس کے باوجود ان کا اکانومی ریٹ تشویشناک ہے جبکہ آر سائی کشور نے اپنے پہلے ہی میچ میں راشد کے ساتھ اچھا کھیلتے ہوئے ۲؍ وکٹ لئے۔ موجودہ سیزن سپرکنگز کیلئے ایک ڈراؤنے خواب کی طرح رہا ہے اور شروع سے ہی کچھ بھی ان کے حق میں نہیں جارہا ہے۔مہندر سنگھ دھونی کی جگہ رویندر جڈیجا کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا ہےاور یہ آل راؤنڈر کپتان کے کردار میں کبھی بھی آرام دہ نظر نہیں آیا، جس کی وجہ سے اس تجربہ کار وکٹ کیپر کو دوبارہ ٹیم کی کمان سنبھالنی پڑی۔ دراڑ کی قیاس آرائیاں بھی منظر عام پر آئیں۔  جڈیجا پسلی کی چوٹ کی وجہ سے آخری میچ سے پہلے ہی  آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔
 ڈیون کان وے نے محدود مواقع ملنے کے باوجود سپرکنگز کیلئے بلے سے غیر معمولی طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ شیوم دوبے اور ریتوراج گائیکواڑ بھی اچھی اننگز کھیلنے کے خواہاں ہوں گے۔ دیپک چاہر اور ایڈم ملنے کی غیر موجودگی میں سپرکنگز کے گیند باز بھی توقع کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں۔ مکیش چودھری اور سمرنجیت سنگھ نے متاثر کیاہے لیکن معیاری نئے گیند بازوں کی کمی کے علاوہ معین علی اور مہیش ٹیکشنا بھی اسپن کے شعبے میں توقع کے مطابق کارکردگی  پیش کرنے میں ناکام رہے۔

IPL 2022 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK